۔ سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ سیدنا عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ ریشم کا جوڑا لے کر نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پاس آئے اور کہا: اے اللہ کے رسول! اگر آپ یہ جوڑا خرید لیں اور جب لوگوں کے وفد آپ کے پاس آئیں گے تو آپ یہ زیب ِ تن کیا کریں۔آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: یہ تو وہی پہن سکتا ہے، جس کے لئے آخرت میں کوئی حصہ نہ ہو۔ پھر نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پاس ریشم کے تین جوڑے لائے گئے، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ان میں سے ایک جوڑا سیدنا عمر رضی اللہ عنہ کو، ایک جوڑا سیدنا علی رضی اللہ عنہ کو اور ایک جوڑا سیدنا اسامہ بن زید رضی اللہ عنہ کو بھیجا، سیدنا عمر رضی اللہ عنہ تو وہ حلہ لے کر نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پاس آ گئے اور کہا: اے اللہ کے رسول! آپ نے یہ جوڑا میرے پاس بھیج دیا ہے، جبکہ اس سے پہلے آپ اس کے بارے میں ناپسندید گی کااظہارکر چکے ہیں؟آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: میں نے ریشم کا یہ جوڑا تمہاری طرف اس لیے بھیجا ہے کہ اسے فروخت کرلو یا پھر اس کے دوپٹے بنا کر اپنی عورتوں کے درمیان تقسیم کر دو۔ لیکن سیدنا اسامہ رضی اللہ عنہ تو وہ جوڑا زیب تن کر کے آ گئے، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ان سے فرمایا: میں نے یہ تمہارے پاس اس لئے تو نہیں بھیجا تھا کہ تم اس کو پہن لو، میں نے اس لئے بھیجا تھا کہ اسے فروخت کر لو۔ راوی کہتے ہیں: میں یہ نہیں جانتا کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے سیدنا اسامہ رضی اللہ عنہ سے یہ فرمایا تھا یا نہیں کہ اس کے دوپٹے بنا لو۔
Musnad Ahmad, Hadith(8034)