عائشہ ؓ بیان کرتی ہیں ، جب رسول اللہ ﷺ بیمار ہوئے تو بلال ؓ آپ کو نماز کی اطلاع کرنے آئے ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ ابوبکر ؓ کو حکم دو کہ وہ لوگوں کو نماز پڑھائیں ، چنانچہ ابوبکر ؓ نے ان ایام میں نماز پڑھائی ، پھر نبی ﷺ نے کچھ افاقہ محسوس کیا تو آپ کو دو آدمیوں کے سہارے لایا گیا اس حال میں آپ کے پاؤں زمین پر لگ رہے تھے ، حتیٰ کہ آپ مسجد میں داخل ہوئے ، جب ابوبکر ؓ نے آپ کی آمد محسوس کی تو وہ پیچھے ہٹنے لگے ، لیکن رسول اللہ ﷺ نے انہیں اشارہ فرمایا کہ پیچھے نہ ہٹیں ، آپ تشریف لائے اور ابوبکر ؓ کی بائیں جانب بیٹھ گئے ، ابوبکر ؓ کھڑے ہو کر نماز پڑھا رہے تھے جبکہ رسول اللہ ﷺ بیٹھ کر ، ابوبکر ؓ رسول اللہ ﷺ کی نماز کی اقتدا کر رہے تھے جبکہ لوگ ابوبکر ؓ کی نماز کی اقتدا کر رہے تھے ۔ بخاری ، مسلم ، ان دونوں کی ایک روایت میں ہے ، ابوبکر ؓ لوگوں کو تکبیر سناتے تھے ۔ متفق علیہ ۔