ابن عباس ؓ بیان کرتے ہیں ، میں نے اپنی خالہ میمونہ ؓ کے ہاں ایک رات بسر کی ، جبکہ نبی ﷺ ان کے ہاں تھے ، رسول اللہ ﷺ نے اپنے اہل خانہ کے ساتھ کچھ دیر بات چیت کی اور پھر سو گئے ، جب آخری تہائی رات یا کچھ رات باقی رہ گئی تو آپ اٹھ کر بیٹھ گئے ، اور آسمان کی طرف نظر اٹھا کر یہ آیت تلاوت فرمائی :’’ بے شک زمین و آسمان کی تخلیق میں اور شب و روز کے آنے جانے میں عقل مندوں کے لیے نشانیاں ہیں ۔‘‘ حتیٰ کہ آپ نے سورت مکمل فرمائی ، پھر آپ مشکیزے کی طرف گئے ، پھر اس کا منہ کھول کر ٹب میں پانی لیا اور افراط و تفریط کے بغیر خوب اچھی طرح وضو کیا ، پھر آپ کھڑے ہو کر نماز پڑھنے لگے ، میں بھی کھڑا ہوا اور وضو کر کے آپ کے بائیں جانب کھڑا ہو گیا ، آپ نے مجھے کان سے پکڑ کر گھما کر اپنے دائیں جانب کر لیا ، آپ نے تیرہ رکعت نماز مکمل کی ، پھر آپ لیٹ گئے ، اور سو گئے حتیٰ کہ آپ خراٹے بھرنے لگے ، اور جب آپ سو جاتے تو خراٹے بھرتے ، پھر بلال ؓ نے آپ ﷺ کو نماز کی اطلاع دی ، پس آپ نے اور وضو نہ کیا اور آپ یہ دعا کیا کرتے تھے :’’ اے اللہ ! میرے دل میں ، میری آنکھوں میں ، میرے کانوںمیں ، میرے دائیں ، میرے بائیں ، میرے اوپر ، میرے نیچے ، میرے آگے اور میرے پیچھے اور میرے لیے نور کر دے ۔‘‘ اور ان میں سے بعض نے یہ اضافہ نقل کیا ہے :’’ میری زبان میں نور کر دے ۔‘‘ اور یہ بھی ذکر کیا ہے :’’ میرے پٹھے ، گوشت ، میرا خون ، میرے بال اور میرا بدن نورانی بنا دے ۔‘‘ متفق علیہ ۔
اور صحیحین کی روایت میں ہے :’’ اور میرے نفس میں نور اور بہت ہی نور بخش ۔‘‘ اور ایک دوسری روایت میں جو مسلم میں ہے :’’ اے اللہ ! تو مجھے نور عطا فرما ۔‘‘