حذیفہ ؓ سے روایت ہے کہ انہوں نے نبی ﷺ کو تہجد پڑھتے ہوئے دیکھا ،آپ نے تین بار اللہ اکبر کہا اور پھر دعا پڑھی ، پھر آپ نے رکوع کیا تو آپ کا رکوع قیام کی طرح (طویل) تھا ، آپ اپنے رکوع میں یہ دعا کیا کرتے تھے :’’ پاک ہے میرا رب عظمت والا ۔‘‘ پھر آپ نے رکوع سے اپنا سر اٹھایا تو آپ کا قیام رکوع کی طرح تھا ، آپ وہاں یہ دعا کرتے تھے :’’ میرے رب کے لیے ہر قسم کی حمد ہے ۔‘‘ پھر آپ نے سجدہ کیا ، آپ کے سجود بھی آپ کے قیام کے برابر تھے ، آپ ﷺ اپنے سجود میں یہ دعا کیا کرتے تھے ، ’’ پاک ہے میرا رب بہت بلند ۔‘‘ پھر آپ نے سجود سے سر اٹھایا ، آپ اپنے سجدوں کے درمیان اپنے سجود کے برابر ہی بیٹھتے تھے ، اور یہ دعا کیا کرتے تھے :’’ میرے رب ! مجھے بخش دے ۔‘‘ آپ ﷺ نے چار رکعتیں پڑھیں اور آپ نے ان میں سورۃ البقرہ ، آل عمران ، النسا ، المائدہ یا الانعام تلاوت فرمائیں ۔ شعبہ کو المائدہ یا الانعام میں شک ہوا ہے ۔ صحیح ، رواہ ابوداؤد و ابن ماجہ و النسائی ۔