جابر ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے ہمیں نماز خوف پڑھائی ، ہم نے آپ کے پیچھے دو صفیں بنائیں جبکہ دشمن ہمارے اور قبلہ کے درمیان تھا ، نبی ﷺ نے تکبیر کہی تو ہم سب نے بھی تکبیر کہی ، پھر آپ نے رکوع کیا تو ہم سب نے رکوع کیا ، پھر آپ نے رکوع سے سر اٹھایا تو ہم سب نے بھی رکوع سے سر اٹھایا ، پھر آپ اور آپ کے ساتھ والی صف سجدہ میں چلی گئی ، اور دوسری صف دشمن کے سامنے سینہ سپر رہی ، جب نبی ﷺ سجدے کر چکے تو آپ کے ساتھ والی صف کھڑی ہو گئی تو پچھلی صف سجدہ کے لیے جھکی پھر وہ سجدہ کر کے کھڑے ہو گئے تو پچھلی صف آگے بڑھی اور اگلی صف پیچھے آ گئی ، پھر نبی ﷺ نے رکوع کیا اور ہم سب نے بھی رکوع کیا ، پھر آپ نے رکوع سے سر اٹھایا تو ہم سب نے بھی رکوع سے سر اٹھایا ، پھر آپ کے ساتھ والی صف جو کہ پہلی رکعت میں پیچھے تھی ، سجدے میں چلے گئے اور پچھلی صف دشمن کے سامنے سینہ سپر رہی ۔ جب نبی ﷺ اور آپ کے ساتھ والی صف سجدے کر چکی تو پچھلی صف سجدے میں چلی گئی ، پھر نبی ﷺ نے سلام پھیرا ، اور ہم سب نے بھی سلام پھیرا ۔ رواہ مسلم ۔