ابن عباس ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے معاذ ؓ کو یمن بھیجا تو فرمایا :’’ تم اہل کتاب کے پاس جا رہے ہو ، انہیں اس گواہی دینے کی طرف دعوت دینا کہ اللہ کے سوا کوئی معبود برحق نہیں اور بے شک محمد (ﷺ) اللہ کے رسول ہیں ، اگر وہ اس میں تمہاری اطاعت کر لیں تو انہیں بتاؤ کہ اللہ نے دن رات میں ان پر پانچ نمازیں فرض کی ہیں ، اگر وہ اس میں بھی تمہاری اطاعت کریں تو انہیں بتانا کہ اللہ نے ان پر صدقہ فرض کیا ہے ، جو ان کے مال داروں سے لے کر ان کے ناداروں کو دیا جائے گا ، اگر وہ تمہاری یہ بات بھی مان لیں تو پھر ان کے اچھے اچھے مال لینے سے اجتناب کرنا ، اور مظلوم کی بددعا سے بچنا کیونکہ اس کے اور اللہ کے درمیان کوئی حجاب نہیں ۔‘‘ متفق علیہ ۔