معاذ ؓ بیان کرتے ہیں ، میں نبی ﷺ کے پیچھے گدھے پر سوار تھا ، میرے اور آپ کے درمیان صرف پالان کی ایک لکڑی تھی ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ معاذ ! کیا تم جانتے ہو کہ اللہ کا اپنے بندوں پر کیا حق ہے ؟‘‘ میں نے عرض کیا : اللہ اور اس کے رسول بہتر جانتے ہیں ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ اللہ کا بندوں پر یہ حق ہے کہ وہ اس کی عبادت کریں اور اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ بنائیں اور بندوں کا اللہ پر یہ حق ہے کہ وہ اس شخص کو عذاب نہ دے جو اس کے ساتھ کسی قسم کا شرک نہ کرتا ہو ۔‘‘ میں نے عرض کیا ، اللہ کے رسول ! کیا میں لوگوں کو اس کی بشارت نہ دے دوں ؟ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ انہیں بشارت نہ دو ورنہ وہ (اس بات پر) توکل کر لیں گے ۔‘‘ متفق علیہ ، رواہ البخاری (۲۸۵۶) و مسلم