انس ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ایک مسلمان شخص کی عیادت کی ، وہ پرندے کے بچے کی طرح کمزور ہو چکا تھا ، رسول اللہ ﷺ نے (اس کی یہ حالت دیکھ کر) اسے فرمایا :’’ کیا تم اللہ سے کوئی دعا یا کسی خاص چیز کا سوال کرتے ہو ؟‘‘ اس نے عرض کیا ، جی ہاں ، میں کہا کرتا تھا : اے اللہ ! تو نے جو مجھے آخرت میں سزا دینی ہے وہ تو مجھے دنیا میں دے لے ۔ تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ سبحان اللہ ! تم (دنیا میں) اس کی طاقت رکھتے ہو نہ تم (آخرت میں) اس کی استطاعت رکھتے ہو ، تم نے ایسے کیوں نہ کہا : اے اللہ ! ہمیں دنیا میں بھلائی عطا فرما اور آخرت میں بھلائی عطا فرما ، اور ہمیں جہنم کے عذاب سے بچا ۔‘‘ راوی بیان کرتے ہیں ، اس شخص نے ان کلمات کے ذریعے دعا کی تو اللہ نے اسے شفا عطا کر دی ۔ رواہ مسلم ۔