سہل بن سعد ؓ سے روایت ہے کہ ایک عورت رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئی تو اس نے عرض کیا : اللہ کے رسول ! میں نے اپنے آپ کو آپ ﷺ کے لیے ہبہ کیا ، وہ دیر تک کھڑی رہی ، تو ایک آدمی کھڑا ہوا ، اس نے عرض کیا : اللہ کے رسول ! اگر آپ اس میں رغبت نہیں رکھتے تو پھر اس سے میری شادی کر دیں ۔ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ کیا اسے مہر دینے کے لیے تمہارے پاس کچھ ہے ؟‘‘ اس نے عرض کیا : میرے پاس تو صرف میری یہ چادر ہی ہے ؟ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ تلاش کرو خواہ لوہے کی ایک انگوٹھی ہی ہو ۔‘‘ اس نے تلاش کیا لیکن اس نے کچھ نہ پایا تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ کیا تمہیں قرآن کا کچھ حصہ یاد ہے ؟‘‘ اس نے عرض کیا : جی ہاں ، فلاں فلاں سورت ۔ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ میں نے قرآن کے اس حصے کے ذریعے جو تمہیں یاد ہے تمہاری اس سے شادی کر دی ۔‘‘ ایک دوسری روایت میں ہے :’’ جاؤ ! میں نے تمہاری اس سے شادی کر دی ، اسے قرآن (کا وہ حصہ جو تمہیں یاد ہے) سکھا دو ۔‘‘ متفق علیہ ۔