ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ ایک اعرابی رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا تو اس نے عرض کیا : میری بیوی نے ایک سیاہ بچے کو جنم دیا ہے ، میں نے اسے قبول کرنے سے انکار کر دیا ۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ کیا تیرے پاس کچھ اونٹ ہیں ؟‘‘ اس نے عرض کیا : ہاں ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ ان کے رنگ کیسے ہیں ؟‘‘ اس نے عرض کیا : سرخ ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ کیا اِن میں کوئی خاکی رنگ کا بھی ہے ؟‘‘ اس نے عرض کیا : ان میں خاکی رنگ کا بھی ہے ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ تمہارے خیال میں یہ کہاں سے آ گیا ؟‘‘ اس نے عرض کیا : (پرانی) رگ اسے لے آئی ہو گی ۔ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ ممکن ہے یہ بھی رگ ہو جو اسے لے آئی ہو ۔‘‘ اور آپ نے اسے اس بچے سے انکار کی اجازت نہیں دی ۔ متفق علیہ ۔