سلمہ بن اکوع ؓ بیان کرتے ہیں ، ہم نے رسول اللہ ﷺ کے ساتھ ہوازن قبیلے سے جہاد کیا ، اس اثنا میں کہ ہم چاشت کے وقت رسول اللہ ﷺ کے ساتھ کھانا کھا رہے تھے ایک آدمی سرخ اونٹ پر آیا تو اس نے اسے بٹھا دیا اور وہ جائزہ لینے لگا ، اس وقت ہم میں ضعف و سستی تھی ، سواریاں کم تھیں جبکہ ہم میں سے بعض پیادہ تھے ، وہ آدمی اچانک ہمارے بیچ میں سے نکلا تیزی سے اپنے اونٹ کے پاس آیا اسے کھڑا کیا اور اونٹ اسے تیزی کے ساتھ لے گیا ، میں بھی تیزی سے روانہ ہوا حتی کہ میں نے اونٹ کی لگام پکڑ لی ، اسے بٹھایا پھر میں نے اپنی تلوار سونت لی ، میں نے اس آدمی کا سر قلم کر دیا اور اونٹ لے آیا ، اس کا سازو سامان اور اس کا اسلحہ بھی اس پر لے آیا ، رسول اللہ ﷺ اور صحابہ نے میرا استقبال کیا ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ اس آدمی کو کس نے قتل کیا ؟ صحابہ نے بتایا : ابن اکوع نے ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ اس کا سارا سازو سامان اس کے لیے ہے ۔‘‘ متفق علیہ ۔