ابن عباس ؓ سے روایت ہے کہ خالد بن ولید ؓ نے انہیں بتایا کہ وہ رسول اللہ ﷺ کی معیت میں میمونہ ؓ کے پاس گئے اور وہ خالد بن ولید کی اور ابن عباس کی خالہ ہیں ، انہوں نے ان کے ہاں بھنا ہوا سانڈا پایا ، میمونہ ؓ نے رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں وہ پیش کیا تو رسول اللہ ﷺ نے سانڈے سے اپنا ہاتھ پیچھے ہٹا لیا تو خالد ؓ نے عرض کیا ، اللہ کے رسول ! کیا سانڈا حرام ہے ؟ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ نہیں ، لیکن یہ میری قوم کے علاقے میں پایا نہیں جاتا اس لیے میں طبعی طور پر اسے ناپسند کرتا ہوں ۔‘‘ خالد ؓ بیان کرتے ہیں ، میں نے اسے اپنے قریب کر لیا اور کھا لیا جبکہ رسول اللہ ﷺ میری طرف دیکھ رہے تھے ۔ متفق علیہ ۔