حذیفہ ؓ بیان کرتے ہیں ، جب ہم نبی ﷺ کے ساتھ کسی کھانے میں شریک ہوتے تو ہم کھانے کے لیے ہاتھ نہیں بڑھاتے تھے جب تک رسول اللہ ﷺ شروع نہیں فرماتے تھے اور آپ اپنا ہاتھ بڑھاتے تھے ، ایک مرتبہ ہم آپ ﷺ کے ساتھ کھانے میں شریک ہوئے تو ایک بچی آئی گویا اسے دھکیلا جا رہا ہے ، اس نے کھانے میں اپنا ہاتھ رکھنا چاہا تو رسول اللہ ﷺ نے اسے ہاتھ سے پکڑ لیا ، پھر ایک دیہاتی آیا وہ بھی اسی طرح تھا جیسے اسے دھکیلا جا رہا ہو آپ نے اسے بھی ہاتھ سے پکڑ لیا ، پھر رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ شیطان اس کھانے پر ، جس پر اللہ کا نام نہ لیا جائے ، دسترس حاصل کر لیتا ہے ، وہ اس بچی کو لے کر آیا تا کہ وہ اس کے ذریعے دسترس حاصل کر سکے ، لیکن میں نے اسے ہاتھ سے پکڑ لیا ، پھر وہ اس دیہاتی کو لایا تا کہ اس کے ذریعے دسترس حاصل کر سکے ، لیکن میں نے اسے بھی ہاتھ سے پکڑ لیا ، اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے ! بے شک اس (شیطان) کا ہاتھ ، اس (بچی) کے ہاتھ کے ساتھ میرے ہاتھ میں ہے ۔‘‘ اور ایک روایت میں یہ الفاظ زائد ہیں : پھر آپ ﷺ نے اللہ کا نام لیا اور کھایا ۔ رواہ مسلم ۔