ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ بے شک جب اللہ کسی بندے سے محبت کرتا ہے تو وہ جبریل ؑ کو بلا کر فرماتا ہے : بے شک میں فلاں شخص سے محبت کرتا ہوں لہذا تم بھی اس سے محبت کرو ، فرمایا : جبریل ؑ اس سے محبت کرتے ہیں ، پھر وہ آسمان والوں میں منادی کرتے ہیں : بے شک اللہ فلاں شخص سے محبت کرتا ہے لہذا تم اس سے محبت کرو ، آسمان والے اس سے محبت کرتے ہیں ، پھر زمین والوں (کے دلوں) میں اس کی مقبولیت پیدا کر دی جاتی ہے ، اور جب اللہ تعالیٰ کسی بندے سے بغض رکھتا ہے تو وہ جبریل ؑ کو بلا کر فرماتا ہے : بے شک میں فلاں شخص سے بغض رکھتا ہوں لہذا تم بھی اس سے بغض رکھو ، جبریل ؑ اس سے بغض رکھتے ہیں ، پھر وہ آسمان والوں میں اعلان کرتے ہیں کہ اللہ فلاں شخص سے بغض رکھتا ہے لہذا تم بھی اس سے بغض رکھو ، فرمایا : وہ اس سے بغض رکھتے ہیں ، پھر زمین والوں کے دلوں میں اس کے لیے بغض پیدا کر دیا جاتا ہے ۔‘‘ رواہ مسلم ۔