ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ سات خوش نصیب ایسے ہیں جنہیں اللہ اپنا سایہ نصیب فرمائے گا جس روز اس کے سائے کے سوا کوئی سایہ نہیں ہو گا : عادل حکمران ، وہ نوجوان جو اللہ کی عبادت میں پروان چڑھا ، وہ آدمی جس کا دل مسجد کے ساتھ معلق ہے ، جب مسجد سے نکلتا ہے (تو وہ مسجد سے لاتعلق نہیں رہتا) حتیٰ کہ وہ وہاں لوٹ جاتا ہے ، وہ دو آدمی جو اللہ کی رضا کی خاطر باہم محبت کرتے ہیں ، اسی بنیاد پر اکٹھے ہوتے ہیں ، اور اگر جدا ہوتے ہیں تو بھی اس محبت پر قائم رہتے ہیں ، وہ آدمی جس نے تنہائی میں اللہ کو یاد کیا تو اس کی آنکھیں اشکبار ہو گئیں ، وہ آدمی جسے حسب و جمال والی دوشیزہ نے (برائی کی) دعوت دی تو اس نے کہا : میں اللہ سے ڈرتا ہوں ! اور وہ آدمی جس نے جو صدقہ کیا ، اس نے اسے اس قدر مخفی رکھا حتیٰ کہ اس کا بایاں ہاتھ نہیں جانتا کہ اس کے دائیں ہاتھ نے کیا خرچ کیا ہے ۔‘‘ متفق علیہ ۔