ابوجحیفہ ؓ بیان کرتے ہیں ، میں نے رسول اللہ ﷺ کو مکہ میں دیکھا ، جبکہ آپ وادی بطحاء میں چمڑے کے ایک سرخ خیمے میں تھے ، اور میں نے بلال ؓ کو دیکھا کہ وہ رسول اللہ ﷺ کے وضو کا پانی لیے کھڑے ہیں ، اور میں نے لوگوں کو دیکھا کہ وہ وضو کے اس پانی کو حاصل کرنے کے لیے ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی کوشش کر رہے ہیں ، چنانچہ جسے تو اس میں سے کچھ مل جاتا ہے اسے اپنے جسم پر مل لیتا ہے ، اور جسے اس میں سے کچھ نہ ملتا تو وہ اپنے ساتھی کے ہاتھ کی نمی حاصل کر لیتا ، پھر میں نے بلال ؓ کو دیکھا کہ انہوں نے چھوٹا نیزہ لے کر گاڑ دیا ، پھر رسول اللہ ﷺ سرخ جوڑا زیب تن کیے ہوئے تیزی سے تشریف لائے ، آپ نے چھوٹے نیزے کی طرف رخ کر کے لوگوں کو دو رکعتیں پڑھائیں اور میں نے لوگوں اور چوپاؤں کو آپ کے آگے سے گزرتے ہوئے دیکھا ۔ متفق علیہ ۔