جابر ؓ بیان کرتے ہیں ، معاذ بن جبل ؓ نبی ﷺ کے ساتھ نماز (عشاء) پڑھا کرتے تھے ، پھر جا کر اپنی قوم کی امامت کراتے تھے ، ایک رات انہوں نے نبی ﷺ کے ساتھ نماز عشاء پڑھی ، پھر اپنی قوم کے پاس گئے اور انہیں نماز پڑھائی تو انہوں نے سورۂ بقرہ شروع کر دی ، ایک آدمی نے الگ ہو کر سلام پھیر دیا ، پھر اکیلے ہی نماز پڑھ کر چلا گیا تو صحابہ نے اسے کہا : اے فلاں ! کیا تو منافق ہو گیا ہے ؟ اس نے کہا : نہیں ، اللہ کی قسم ! میں رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں حاضر ہو کر آپ سے شکایت کروں گا ، چنانچہ وہ رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا تو اس نے عرض کیا ، اللہ کے رسول ! ہم اونٹوں پر پانی لا کر کھیتوں اور باغات کو سیراب کرنے والے لوگ ہیں ، دن بھر کام کاج کرتے ہیں ، اور یہ معاذ ہیں کہ انہوں نے آپ کے ساتھ نماز عشاء ادا کی ، پھر اپنی قوم کے پاس آئے تو انہوں نے سورۂ بقرہ شروع کر دی ، پس (یہ سن کر) رسول اللہ ﷺ معاذ کی طرف متوجہ ہوئے اور فرمایا :’’ معاذ ! کیا تم لوگوں کو فتنہ میں مبتلا کرنا چاہتے ہو ؟ تم (والشمس وضحھا ،،،،) ، (واللیل اذا یغشیٰ ،،،،) اور (سبح اسم ربک الاعلیٰ ،،،،) پڑھا کرو ۔‘‘ متفق علیہ ۔