عبداللہ بن مسعود ؓ بیان کرتے ہیں ، جب ہم نبی ﷺ کے ساتھ نماز پڑھتے تو ہم کہتے : اللہ پر اس کے بندوں کی طرف سے سلام ہو ، جبرائیل ؑ اور میکائیل ؑ پر سلام ہو ، فلاں پر سلام ہو ، جب نبی ﷺ نماز سے فارغ ہوئے تو آپ نے اپنا رخ انور ہماری طرف کر کے فرمایا :’’ تم ایسے نہ کہو : اللہ پر سلام ہو ، کیونکہ اللہ تو خود سلام ہے ، جب تم میں سے کوئی (تشہد کے لیے) نماز میں بیٹھے تو وہ یوں کہے :’’ (میری ساری) قولی ، بدنی ، اور مالی عبادات صرف اللہ کے لیے خاص ہیں ، اے نبی آپ پر اللہ کی رحمت ، سلامتی اور برکتیں ہوں اور ہم پر اور اللہ کے دوسرے نیک بندوں پر بھی سلامتی ہو ، کیونکہ جب وہ ایسے کہے گا تو یہ دعا زمین و آسمان کے ہر بندہ صالح کو پہنچ جائے گی ، میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود برحق نہیں اور میں گواہی دیتا ہوں کہ محمد (ﷺ) اس کے بندے اور اس کے رسول ہیں ، پھر وہ اپنی پسندیدہ دعا کرے ۔‘‘ متفق علیہ ۔