معاویہ بن حکم بیان کرتے ہیں ، میں رسول اللہ ﷺ کے ساتھ نماز پڑھ رہا تھا کہ اس دوران لوگوں میں سے کسی آدمی نے چھینک مار دی ، تو میں نے (دوران نماز) کہہ دیا : اللہ تم پر رحم کرے ، لوگ مجھے آنکھوں کے اشارے سے روکنے لگے ، میں نے کہا : میری ماں مجھے گم پائے ، تمہیں کیا ہوا کہ تم مجھے اس طرح دیکھ رہے ہو ؟ انہوں نے اپنی رانوں پر اپنے ہاتھ مارنا شروع کر دیے ، چنانچہ جب میں نے انہیں دیکھا کہ وہ مجھے چپ کرا رہے ہیں تو میں خاموش ہو گیا ، جب رسول اللہ ﷺ نے نماز پڑھ لی ، میرے والدین آپ پر قربان ہوں ، میں نے آپ جیسا بہترین معلم آپ سے پہلے کوئی دیکھا ہے نہ آپ کے بعد ، اللہ کی قسم ! آپ نے مجھے ڈانٹا نہ مارا اور نہ ہی گالی دی ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ یہ جو نماز ہے اس میں لوگوں کا باتیں کرنا درست نہیں ، یہ تو صرف تسبیح و تکبیر اور قراءت قرآن ہے ۔‘‘ یا اس سے ملتے جلتے الفاظ رسول اللہ ﷺ نے فرمائے ۔ میں نے عرض کیا : اللہ کے رسول ! میں نیا نیا مسلمان ہوا ہوں ، اللہ نے ہمیں اسلام کی دولت سے نوازا ہے بے شک ہم میں کچھ ایسے لوگ ہیں جو کاہنوں کے پاس جاتے ہیں ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ تم ان کے پاس نہ جانا ۔‘‘ میں نے عرض کیا ، ہم میں سے کچھ لوگ فال لیتے ہیں ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ یہ وہ چیز ہے جو وہ اپنے سینوں میں پاتے ہیں ، (اس کی کوئی دلیل نہیں) پس یہ چیز انہیں روکنے نہ پائے ۔‘‘ میں نے عرض کیا ، ہم میں سے کچھ لوگ لکیریں کھینچتے ہیں ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ ایک نبی بھی خط کھینچا کرتے تھے ، پس جس کا خط ان کے موافق ہو گا تو وہ درست ہے ۔‘‘ رواہ مسلم ۔
(مؤلف فرماتے ہیں) کہ راوی کا یہ کہنا :’’ لکنی سکت ‘‘ میں نے جملہ صحیح مسلم اور کتاب حمیدی میں اسی طرح دیکھا ہے ، اور جامع الاصول میں اس کے ساتھ کزا کا لفظ تصحیح کے طور پر لایا گیا ہے ۔