رفاعہ بن رافع ؓ بیان کرتے ہیں ، میں نے رسول اللہ ﷺ کے پیچھے نماز پڑھی تو مجھے چھینک آ گئی تو میں نے کہا : ہر قسم کی حمد اللہ کے لیے ہے ، حمد بہت زیادہ ، خالص اور با برکت ، جیسے ہمارے رب کو پسند اور محبوب ہے ، چنانچہ جب رسول اللہ ﷺ نے نماز پڑھ کر ہماری طرف رخ کیا تو فرمایا :’’ نماز میں بولنے والا کون تھا ؟‘‘ کسی نے جواب نہ دیا ، پھر آپ نے دوسری مرتبہ پوچھا : تو پھر کسی نے جواب نہ دیا پھر آپ نے تیسری مرتبہ پوچھا تو رفاعہ نے عرض کیا : اللہ کے رسول ! میں نے بات کی تھی ، تو نبی ﷺ نے فرمایا :’’ اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے ! تیس سے کچھ زیادہ فرشتے سبقت لے جانے کی کوشش کر رہے تھے کہ ان میں سے کون انہیں اوپر لے کر چڑھتا ہے ۔‘‘ اسنادہ حسن ، رواہ الترمذی و ابوداؤد و النسائی ۔