Blog
Books
Search Hadith

اس زہر آلود بکری کا واقعہ جو یہود نے رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم کی خدمت میں کھانے کے لیے بھیجی تھی اور اس موقع پر آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم کے معجزہ کا ظہور

۔ (۱۰۸۱۹)۔ عَنْ أَبِی ہُرَیْرَۃَ قَالَ: لَمَّا فُتِحَتْ خَیْبَرُ أُہْدِیَتْ لِرَسُولِ اللّٰہِ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم شَاۃٌ فِیہَا سُمٌّ، فَقَالَ رَسُولُ اللّٰہِ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم ((اجْمَعُوا لِی مَنْ کَانَ ہَاہُنَا مِنَ الْیَہُودِ۔)) فَجَمَعُوا لَہُ، فَقَالَ لَہُمْ رَسُولُ اللّٰہِ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم ((إِنِّی سَائِلُکُمْ عَنْ شَیْئٍ، فَہَلْ أَنْتُمْ صَادِقِیَّ عَنْہُ؟)) قَالُوا: نَعَمْ، یَا أَبَا الْقَاسِمِ!، فَقَالَ لَہُمْ رَسُولُ اللّٰہِ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم ((مَنْ أَبُوکُمْ؟)) قَالُوا: أَبُونَا فُلَانٌ، قَالَ رَسُولُ اللّٰہِ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم ((کَذَبْتُمْ، أَبُوکُمْ فُلَانٌ۔)) قَالُوا: صَدَقْتَ وَبَرَرْتَ، قَالَ لَہُمْ: ((ہَلْ أَنْتُمْ صَادِقِیَّ عَنْ شَیْئٍ سَأَلْتُکُمْ عَنْہُ؟)) قَالُوا: نَعَمْ، یَا أَبَا الْقَاسِمِ، وَإِنْ کَذَبْنَاکَ عَرَفْتَ کَذِبَنَا کَمَا عَرَفْتَہُ فِی أَبِینَا، فَقَالَ رَسُولُ اللّٰہِ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم ((مَنْ أَہْلُ النَّارِ؟)) قَالُوا: نَکُونُ فِیہَایَسِیرًا ثُمَّ تَخْلُفُونَنَا فِیہَا، فَقَالَ لَہُمْ رَسُولُ اللّٰہِ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم ((لَا نَخْلُفُکُمْ فِیہَا أَبَدًا۔)) ثُمَّ قَالَ لَہُمْ: ((ہَلْ أَنْتُمْ صَادِقِیَّ عَنْ شَیْئٍ سَأَلْتُکُمْ عَنْہُ؟)) فَقَالُوا: نَعَمْ، یَا أَبَا الْقَاسِمِ!، فَقَالَ: ((ہَلْ جَعَلْتُمْ فِی ہٰذِہِ الشَّاۃِ سُمًّا؟)) قَالُوا: نَعَمْ، قَالَ: ((فَمَا حَمَلَکُمْ عَلٰی ذٰلِکَ؟)) قَالُوْا: أَرَدْنَا إِنْ کُنْتَ کَاذِبًا نَسْتَرِیحُ مِنْکَ، وَإِنْ کُنْتَ نَبِیًّا لَمْ تَضُرَّکَ۔ (مسند احمد: ۹۸۲۶)

سیدنا ابوہریرہ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ سے مروی ہے کہ جب خیبر فتح ہوا تو رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم کی خدمت میں یہودیوں کی طرف سے ایک زہر آلود بکری بھیجی گئی،رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا: یہاں جتنے یہودی ہیں، سب کو اکٹھا کرو ۔ پس ان کو جمع کیا گیا، پھر رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے ان سے فرمایا: میں تم لوگوں سے ایک چیز کے متعلق پوچھنے والا ہوں، کیا تم اس کے متعلق میرے ساتھ صحیح صحیح بات کرو گے؟ انہوں نے کہا: جی ہاں اے ابو القاسم! رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے ان سے فرمایا: تمہارا باپ کون ہے؟ انہوں نے جواب دیا کہ ہمارا باپ فلاں ہے۔ آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا: تم غلط کہہ رہے ہو، تمہارا باپ تو فلاں ہے۔ آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم کی بات سن کر وہ بولے کہ آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے بالکل درست فرمایا ہے۔ آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے ان سے پھر فرمایا: میں تم سے ایک چیز کے متعلق پوچھتا ہوں، کیاتم مجھے سچ سچ بتلاؤ گے؟ انہوں نے کہا: جی ہاں اے ابو القاسم! اور اگر ہم نے آپ سے غلط بیانی کی تو آپ کو اس کا علم ہو ہی جائے گا، جیسا کہ آپ ہمارے والد کے متعلق بیان میں جان چکے ہیں۔ رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے پوچھا: اہلِ نار کون ہیں؟ وہ بولے کہ ہم اس میں کچھ عرصہ رہیں گے، ہمارے بعد آپ لوگ اس میں جائیں گے، رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا: تمہارے بعد ہم اس میں کبھی بھی نہیں جائیں گے۔ پھر آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے ان سے فرمایا: میں تم سے ایک چیز کے متعلق دریافت کرتا ہوں، کیا تم مجھ سے سچ بولو گے؟ انہوں نے کہا: جی ہاں اے ابو القاسم! آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا: کیا تم نے اس بکری میں زہر ڈالا ہے؟ انھوں نے کہا:جی ہاں، ڈالا ہے، آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا: تمہیں اس کا م پر کس چیز نے آمادہ کیا؟ انھوں نے کہا: ہم نے سوچا کہ آپ اگر جھوٹے ہیں تو ہمیں آپ سے راحت مل جائے گی اور اگر آپ سچے نبی ہیں تو یہ آپ کو کوئی ضرر نہیں پہنچا سکے گی۔
Haidth Number: 10819
Report
Create Picture for Post

Reference

Status

Authentic

صحیح

Status Reference

Not Available

Takhreej

(۱۰۸۱۹) تخریج: أخرجہ البخاری: ۳۱۶۹، ۴۲۴۹ (انظر: ۹۸۲۷)

Wazahat

فوائد:… یہ سلام بن مکشم کی بیوی زینب بن حارث یہودی خاتون تھی، جس نے بکری میںزہر ملایا تھا، اس نے پہلے پوچھا تھا کہ بکری کا کون سا عضو آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم کو زیادہ پسند ہے، جب اس کو بتایا گیا کہ آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم دستی بہت پسند کرتے ہیں، تواس نے اس حصے میں زیادہ زہر لگایا، آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے اس سے ایک ٹکڑا لے کر چبایا، لیکن اس کو حلق سے نہیں اتارا، سیدنا مبشر بن برائ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ نے اس کا کچھ حصہ کھا لیا تھا، اس لیے وہ فوت ہو گئے تھے۔ سنن بیہقی کی روایت میں ہے کہ آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے اپنے صحابہ سے فرمایا: نہ کھاؤ، یہ زہریلی بکری ہے۔