Blog
Books
Search Hadith

ام المومنین سیدہ عائشہ صدیقہ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہا کی آزاد کردہ لونڈی سیدہ بریرہ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہا کا تذکرہ

۔ (۱۱۹۷۹)۔ عَنْ عَائِشَۃَ قَالَتْ: کَانَ فِی بَرِیرَۃَ ثَلَاثُ قَضِیَّاتٍ، أَرَادَ أَہْلُہَا أَنْ یَبِیعُوہَا وَیَشْتَرِطُوا الْوَلَائَ، فَذَکَرْتُ ذٰلِکَ لِلنَّبِیِّ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم فَقَالَ: ((اشْتَرِیہَا فَأَعْتِقِیہَا فَإِنَّمَا الْوَلَائُ لِمَنْ أَعْتَقَ۔)) قَالَ: وَعُتِقَتْ فَخَیَّرَہَا (وَفِیْ رِوَایَۃٍ: وَکَانَتْ تَحْتَ عَبْدٍ فَلَمَّا اَعْتَقَتْہَا قَالَ لَھَا رَسُوْلُ اللّٰہِ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم : اخْتَارِیْ فَاِنْ شِئْتِ أَنْ تَمْکُثِیْ تَحْتَ ھٰذَا الْعَبْدِ، وَاِنْ شِئْتِ أَنْ تُفَارِقِیْہِ فَاخْتَارَتْ نَفْسَہَا) رَسُولُ اللّٰہِ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم فَاخْتَارَتْ نَفْسَہَا، قَالَتْ: وَکَانَ النَّاسُ یَتَصَدَّقُونَ عَلَیْہَا فَتُہْدِی لَنَا، فَذَکَرْتُ ذٰلِکَ لِلنَّبِیِّ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم فَقَالَ: ((ہُوَ عَلَیْہَا صَدَقَۃٌ وَہُوَ لَکُمْ ہَدِیَّۃٌ فَکُلُوہُ۔)) (مسند احمد: ۲۴۶۹۱)

سیدہ عائشہ صدیقہ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہا سے مروی ہے کہ سیدہ بریرہ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہا کے واقعہ میں تین مسائل ہیں، اس کے اہل خانہ نے ان کو اس شرط پر فروخت کرنا چاہا کہ اس کی ولاء ان کا حق ہو گا، جب میں نے رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم سے اس بات کا ذکر کیا تو آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا: تم اسے خرید کر آزاد کر دو، ولاء کا تعلق اسی کے ساتھ ہوتا ہے، جو آزاد کرے۔ سیدہ عائشہ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہا کہتی ہیں: پس میں نے ان کو آزاد کیا تو وہ ان دنوں ایک غلام (مغیث) کی زوجیت میں تھیں، رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے اس سے فرمایا: تمہیں اختیار ہے، تم چاہو تو اس غلام کی زوجیت میں رہ سکتی ہو اور اگر چاہو تو اس سے مفارقت اختیار کر سکتی ہو۔ انہوں نے اپنے لیے اس سے مفارقت کو پسند کر لیا،تیسرا مسئلہ یہ ہے کہ لوگ سیدہ بریرہ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہا کو صدقات دیا کرتے تھے اور وہ انہی صدقات میں سے کچھ حصہ بطور تحفہ ہمیں دے دیاکرتی تھی، جب میں نے اس بات کا رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم سے ذکر کیا تو آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا: وہ اس کے لیے صدقہ ہوتا ہے اور تمہارے لیے اس کی طرف سے ہدیہ اورتحفہ ہوتا ہے، پس تم یہ کھانا کھا سکتی ہو۔
Haidth Number: 11979
Report
Create Picture for Post

Reference

Status

Authentic

صحیح

Status Reference

Not Available

Takhreej

(۱۱۹۷۹) تخریج: أخرجہ البخاری: ۲۱۵۵، ۲۵۶۵، ۲۷۲۶،ومسلم: ۱۰۷۵(انظر: ۲۴۱۸۷)

Wazahat

فوائد:… سیدہ بریرہ بنت صفوان ‌رضی ‌اللہ ‌عنہا ، ام المومنین سیدہ عائشہ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہا کی آزاد کردہ لونڈی تھیں، دراصل یہ انصار کے لوگوں کی لونڈی تھیں، انہوںنے ان کے ساتھ مکاتبت کا معاہدہ کیا کہ وہ اتنی مقررہ مقدار میں مال ادا کر دیں تو وہ ان کو آزاد کر دیں گے، یہ سیدہ عائشہ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہا کی خدمت میں آئیں اور ان سے مال مکاتبت کے سلسلہ میں تعاون کی درخواست کی ،سیدہ نے کہا: اگر تمہارے مالک چاہیں تو میں تمہاری ساری رقم ادا کرکے تمہیں ان سے خرید کر آزاد کر دوں، اس کے مالک اس پر راضی ہو گئے، لیکن ولاء تعلق انہیں سے رہے گا، سیدہ نے اس بات کا رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم سے ذکر کیا تو آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا: تم اسے خرید کر آزاد کر دو، ولاء کا تعلق اسی کے ساتھ ہوتا ہے،حو آزاد کرتا ہے۔ چنانچہ سیدہ عائشہ صدیقہ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہا نے ان کو خرید کر آزاد کر دیا، ان دنوں سیدہ بریرہ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہا ایک غلام مغیث کی زوجیت میں تھیں۔ ایسی صورت میں آزاد ہونے والی عورت کو شرعی طور پر اختیار ہے کہ وہ چاہے تو غلام شوہر کی زوجیت میں رہے یا وہ چاہے تو اس سے مفارقت کرکے کسی دوسری جگہ نکاح کر ے۔ اس اصول کے تحت رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے ان کو اختیار دیا تو انہوںنے اپنے شوہر سے مفارقت اختیار کی، ان کا خاوند ان سے بہت محبت کرتا تھا، وہ ان کے پیچھے پیچھے چلتا ان کی منت سماجت کیا کرتا تھا کہ وہ اسے چھوڑکر نہ جائے، اس کے آنسو اس کی داڑھی اور رخساروں پر بہہ رہے ہوتے۔ اس نے رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم سے بریرہ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ کے ہاں سفارش بھی کرائی، لیکن سیدہ بریرہ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ نے عرض کیا: اے اللہ کے رسول! کیا آپ مجھے مغیث ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ کے ہاں رہنے کا حکم دیتے ہیں؟ آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا: حکم نہیں بلکہ میں تو محض سفارش کرتا ہوں، سیدہ بریرہ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ نے عرض کیا: اے اللہ کے رسول! میں اب اس کے پاس رہنا نہیں چاہتی۔ وَلائ: وہ رشتہ ہے، جس کے ذریعے آزاد کنندہ، آزاد شدہ کاوارث بنتا ہے۔