Blog
Books
Search Hadith

فصل: سیدنا عثمان ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ کے خلاف سید نا علی ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ کی بد خواہی کے الزام کی براء ت

۔ (۱۲۲۶۳)۔ عَنْ مُحَمَّدِ بْنِ عَلِیٍّ قَالَ: جَائَ إِلٰی عَلِیٍّ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ نَاسٌ مِنَ النَّاسِ فَشَکَوْا سُعَاۃَ عُثْمَانَ، قَالَ: فَقَالَ لِی أَبِی: اذْہَبْ بِہٰذَا الْکِتَابِ إِلٰی عُثْمَانَ، فَقُلْ لَہُ إِنَّ النَّاسَ قَدْ شَکَوْا سُعَاتَکَ، وَہٰذَا أَمْرُ رَسُولِ اللّٰہِ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ فِی الصَّدَقَۃِ، فَمُرْہُمْ فَلْیَأْخُذُوا بِہِ، قَالَ: فَأَتَیْتُ عُثْمَانَ فَذَکَرْتُ ذٰلِکَ لَہُ، قَالَ: فَلَوْ کَانَ ذَاکِرًا عُثْمَانَ بِشَیْئٍ لَذَکَرَہُ یَوْمَئِذٍیَعْنِی بِسُوئٍ۔ (مسند احمد: ۱۱۹۶)

محمد بن علی سے مروی ہے، وہ کہتے ہیں: کچھ لوگ سیدنا علی ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ کے پاس آئے اور سیدنا عثمان ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ کے عاملوں کی شکایت کی، میرے والد سیدنا علی ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ نے مجھ سے کہا: تم یہ تحریر لے کر سیدنا عثمان ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ کے ہاں جاؤ اور ان سے کہو کہ لوگ آپ کے عاملوں کی شکایتیں کر رہے ہیں، یہ رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم کا صدقات کے بارے میں حکم ہے، انہیں حکم دیجئے کہ وہ اس کے مطابق صدقات وصول کریں، پس میں سیدنا عثمان ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ کے ہاں گیا اور ان سے اس بات کا ذکر کیا، اگر سیدنا علی ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ نے سیدنا عثمان ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ کے بارے میں کچھ برا اظہار خیال کرنا ہوتا تو اسی دن کر دیتے۔
Haidth Number: 12263
Report
Create Picture for Post

Reference

Status

Authentic

صحیح

Status Reference

Not Available

Takhreej

(۱۲۲۶۳) تخریج: اخرجہ البخاری: ۳۱۱۱ (انظر: ۱۱۹۶)

Wazahat

فوائد:… صحیح بخاری کی روایت کے مطابق سیدنا عثمان ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ نے یہ تحریر سیدنا علی ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ کو واپس کر دی تھی۔ حافظ ابن حجر ‌رحمتہ ‌اللہ ‌علیہ ‌ نے کہا: ممکن ہے کہ سیدنا عثمان ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ کو اس تحریر میں مندرج احکام کا علم ہو، اس لیے وہ اس کا مطالعہ کرنے سے مستغنی ہوں، حمیدی نے الجمع میں کہا: بعض راویوں نے ابن عیینہ کا یہ قول نقل کیا ہے: سیدنا علی ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ کے پاس تو اس کے علاوہ کوئی چارۂ کار نہ تھا کہ وہ سیدناعثمان ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ کو منع کریں، لیکن سیدنا عثمان ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ نے ان کی تحریر ان کو واپس کر دی، کیونکہ ان کو ان احکام کا علم تھا،سیدنا علی ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ کے اقدام سے یہ ضرور پتہ چلتا ہے کہ حکام کی خیر خواہی کرنی چاہیے اور اس کے پیروکاروں میں پیدا ہونے والے فساد سے اس کو متنبہ کرنا چاہیے۔ اور یہ بھی احتمال ہے کہ سیدنا عثمان ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ کے نزدیک ان کے عاملین پر کوئی اعتراض ثابت ہی نہ ہوا ہو، یا اگر ثابت ہوا ہو تو تدبیر کا تقاضا یہ ہو کہ حاملیں پر فوراً انکار نہ کیا جائے، یا اس اعتراض کا تعلق مستحبات سے تھا، نہ کہ واجبات سے، اس لیے سیدنا علی ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ نے بھی ان کو معذور سمجھا اور ان کے بارے میں برا اظہارِ خیال نہ کیا۔ علامہ سندھی ‌رحمتہ ‌اللہ ‌علیہ ‌ نے کہا: ممکن ہے کہ یہ تحریر واپس کر دینے کی یہ وجہ ہو کہ سیدنا عثمان ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ نے سمجھا ہو کہ ان کے عاملین ان احکام پر عمل کر رہے ہیں، اس لیے اس کی کوئی ضرورت نہیں ہے، سو انھوں نے اس کو واپس کرنے کا حکم دے دیا اور انھوں نے جان لیا کہ لوگوں کی اس شکایت کا تعلق عمال کے ظلم سے نہیں ہے، بلکہ مال کی محبت اور انفاق کی کراہیت سے ہے، یا ممکن ہے کہ سیدنا عثمان ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ کی رائے یہ ہو کہ واقعی ان عاملین کو معزول کر دینا چاہیے، اب ان کو یہ تحریر فائدہ نہیں دے گا، پس انھوں نے ان کو معزول کرنے کا ارادہ کر لیا، ان کا مقصد یہ نہیں تھا کہ وہ اس تحریر کے احکام پر عمل کرنے سے اعراض کر رہے ہیں، وہ ایسے گمان سے دور تھے۔ واللہ تعالیٰ اعلم۔