Blog
Books
Search Hadith

سیدنا علی ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ کے دور میں نمودار ہونے والے ان خوارج کا تذکرہ، جو متقدم الذکر عراقیوں کی اولا د تھے، ان کو حروریّہ بھی کہا جاتا ہے

۔ (۱۲۸۳۰)۔ عَنْ عَبْدِاللّٰہِ بْنِ عُمَرَ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ ‌ قَالَ: لَقَدْ سَمِعْتُ رَسُوْلَ اللّٰہِ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم یَقُوْلُ :((یَخْرُجُ مِنْ اُمَّتِیْ قَوْمٌ یُسِیْئُوْنَ الْاَعْمَالَ یَقْرَؤُوْنَ الْقُرْآنَ لَایُجَاوِزُ حَنَاجِرَھُمْ۔)) قَالَ یَزِیْدُ (اَحَدُ الرُّوَاۃِ): لَا اَعْلَمُہٗاِلَّاقَالَ: ((یَحْقِرُ اَحَدُکُمْ عَمَلَہُ مَعَ عَمَلِہِمْ یَقْتُلُوْنَ اَھْلَ الْاِسْلَامِ فَاِذَا خَرَجُوْا فَاقْتُلُوْھُمْ، ثُمَّ اِذَا خَرَجُوْا فَاقْتُلُوْھُمْ، ثُمَّ اِذَا خَرَجُوْا فَاقْتُلُوْھُمْ، فَطُوْبٰی لِمَنْ قَتَلَہُمْ وَطُوْبٰی لِمَنْ قَتَلُوْہُ، کُلَّمَا طَلَعَ مِنْہُمْ قَرْنٌ قَطَعَہُ اللّٰہُ عَزَّوَجَلَّ۔)) فَرَدَّدَ ذٰلِکَ رَسُوْلُ اللّٰہِ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم عِشْرِیْنَ مَرَّۃً اَوْ اَکْثَرَ وَاَنَا اَسْمَعُ۔ (مسند احمد: ۵۵۶۲)

سیدنا عبداللہ بن عمر ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ سے روایت ہے، وہ کہتے ہیں: میں نے رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم کو یہ فرماتے ہوئے سنا : میری امت میں ایک ایسی بد عمل قوم پیدا ہو گی، کہ وہ قرآن کی تلاوت تو کریں گے، لیکن وہ ان کے حلق سے آگے نہیں جائے گا، (بظاہر ان کے عمل اتنے اچھے ہوں گے کہ) تم اپنے اعمال کو ان کے اعمال کے مقابلے میں کم تر سمجھو گے، وہ اہل اسلام کو قتل کریں گے، جب ایسے لوگ نمودار ہوں تو تم انہیں قتل کر دینا، اس کے بعد پھر جب ان کا ظہور ہوتو ان کو قتل کر دینا، پھر جب وہ ظاہر ہوں تو ان کو مار ڈالنا، ان کو قتل کرنے والے کے لیے بھی بشارت ہے اور ان کے ہاتھوں قتل ہو جانے والے کے لیے بھی خوشخبری ہے، جب ان کی نسل نمودار ہوگی تو اللہ تعالیٰ اسے نیست و نابود کر دے گا۔ رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے اس بات کو بیس یا اس سے بھی زائد مرتبہ دہرایا اور میں سنتا رہا۔
Haidth Number: 12830
Report
Create Picture for Post

Reference

Status

Authentic

صحیح

Status Reference

Not Available

Takhreej

(۱۲۸۳۰) تخریج: حدیث صحیح، أخرجہ ابن ماجہ: ۱۷۴ (انظر: ۵۵۶۲)

Wazahat

فوائد:… محدثین نے خوارج کو درج بالا احادیث کا مصداق قرار دیا ہے۔ خوار ج، لغوي تعریف: خوارج، خارج کی جمع ہے، جوخروج سے مشتق ہے ،ان کایہ نام ان کے خروج کی وجہ سے پڑاہے ، چاہے دین سے نکل جانیکی وجہ سے یا علی ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ کیخلاف خروج کی وجہ سے خواہ مسلمانوں کے خلاف خروج کی وجہ سے۔ اصطلاحي تعریف: امام شہرستانی لکھتے ہیں: ہروہ شخص جواہل السنۃ والجماعۃ کے متفقہ امام کیخلاف خروج کرے اسے خارجی کہاجاتا ہے،یہ خروج صحابہ کرام کے زمانے میں خلفاء راشدین کیخلاف ہو، یا ان کے بعد والے زمانے میں ۔ ان کے مختلف صفاتی نام: محکمہ، مارقہ، نواصب، اہل نہروان، مکفرہ،سبیئہ، شکاکیہ اسلام میں پہلا مذہبی فرقہ جس نے شعائر سے ہٹ کر اپنا الگ گروہ بنایا۔ یہ گروہ جس کی اکثریت بدوی عراقیوں کی تھی۔ جنگ صفین کے موقع پر سب سے پہلے نمودار ہوا۔ یہ لوگ سیدنا علی ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ کی فوج سے اس بنا پر علیحدہ ہوگئے کہ انھوں نے سیدنا امیر معاویہ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ کی ثالثی کی تجویز منظور کر لی تھی۔ خارجیوں کا نعرہ تھا کہ حاکمیت اللہ ہی کے لیے ہے انھوں نے شعث بن راسبی کی سرکردگی میں مقام حروراء میں پڑاؤ ڈالا اور کوفہ ، بصرہ ، مدائن وغیرہ میں اپنے عقائد کی تبلیغ شروع کر دی۔ ان کا عقیدہ تھا کہ دینی معاملات میں انسان کو حاکم بنانا کفر ہے اور جو لوگ ایسے فیصلوں کو تسلیم کرتے ہیں وہ واجب القتل ہیں۔ خارجیوں کے اعتقاد کے مطابق سیدنا علی ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ خلیفہ برحق تھے۔ ان کی بیعت ہر مسلمان پر لازم تھی۔ جن لوگوں نے اس سے انکار کیا وہ اللہ اور رسول اللہ کے دشمن تھے۔ اس لیے امیر معاویہ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ اور ان کے حامی کشتنی اور گردن زدنی ہیں۔ ان کے ساتھ کسی قسم کی صلح کرنا ازروئے قرآن کفر ہے۔ سیدنا علی ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ نے چونکہ ان کے ساتھ مصالحت کرنے اور حکم قرآنی میں ثالث بنانے کا جرم کیا ہے۔ اس لیے ان کی خلافت بھی ناجائز ہوگئی۔ لہذا سیدنا علی ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ اور سیدنا امیر معاویہ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ دونوں کے خلاف جہاد لازم ہے۔ سیدنا علی ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ نے خارجیوں کو جنگ نہروان میں شکست فاش دی۔ لیکن ان کی شورش پھر بھی باقی رہی۔ چنانچہ سیدنا علی ایک خارجی ابن ملجم کے ہاتھوں شہید ہوئے۔ خوارج حد سے زیادہ نیک تھے، لیکن کم عقلی کی وجہ سے اپنے علاوہ کسی کو مسلمان نہ سمجھتے تھے، انتہا پسند تھے، ہر گناہ کو کفر کہتے تھے اور ہر گنہگار کو کافر، نتیجہ یہ نکلا کہ مسلمانوں کو کافر کہہ کر اکثر قتل کرتے تھے اور کافروں کو معذور سمجھ کر چھوڑ دیتے تھے، انتہا پسندی کا نتیجہ ہمیشہ ایسا ہی نکلتا ہے، اس لیے انتہا پسندی، تشدد اور تکلف کی اسلام میں مذمت کی گئی ہے۔ ان لوگوں کے ظاہری حالات بہت اچھے تھے، لیکن ظاہر جتنا اچھا تھا، باطن اتنا ہی برا تھا، مسئلہ تحکیم کے بعد یہ لوگ حروراء مقام پر چلے گئے، سیدنا علی ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ نے سیدنا عبد اللہ ابن عباس ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ کو ان کے پاس بھیجا کہ وہ انہیں سمجھائیں اور انہیں امیر کی اطاعت میں واپس لائیں، سیدنا ابن عباس ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ کے سمجھانے سے بہت سے لوگ ان سے الگ ہو گئے اور امیر کی اطاعت میں واپس آگئے، لیکن ان کے بڑے اور ان کے موافقین اپنی ضد پر اڑے رہے، سیدنا علی ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ بھی ان کے پاس تشریف لائے، مگر ان پر کوئی اثر نہ ہوا، انہوں نے صحابی رسول سیدنا عبد اللہ بن خباب ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ کو شہید کر دیا، پھر سیدنا علی ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ کا ان کے ساتھ معرکہ ہوا، خارجیوں کی قیادت عبد اللہ بن وہب اور ذی الخویصرہ حرقوص بن زید وغیرہ کے ہاتھ میں تھی، اس جنگ کے نتیجے میں اکثر خارجی قتل ہوگئے۔ خوارج سیدنا علی، سیدنا عثمان، سیدنا طلحہ، سیدنا زبیر، سیدنا عائشہ، اور سیدنا عبد اللہ بن عباس کو کافر اور مخلد فی النار قرار دیتے تھے، اس شخص کو بھی کافر کہتے تھے، جو ان کا ہم مسلک ہونے کے باوجود ان کے ساتھ قتال میں شریک نہ ہوتا، مخالفین کے بچوں اور عورتوں کے قتل کے قائل تھے، رجم کے قائل نہیں تھے، مشرکوں کے بچوں کے خلود فی النار کے قائل تھے، اس بات کے بھی قائل تھے کہ اللہ تعالیٰ ایسے شخص کو بھی نبی بنا دیتے ہیں، جس کے بارے میں اللہ تعالیٰ کو یہ علم ہو کہ یہ بعد میں کافر ہوجائے گا، اس بات کے بھی قائل تھے کہ نبی بعثت سے پہلے معاذ اللہ کافر ہوسکتا ہے، خوارج مرتکب کبیرہ کو کافر اور مخلد فی النار قرار دیتے تھے، اس پر وہ کفر ابلیس سے استدلال کرتے تھے کہ وہ سیدنا آدم علیہ السلام کو سجدہ نہ کرکے مرتکب کبیرہ ہوا تھا اس بناء پر اس کو کافر قرار دیدیا گیا معلوم ہوا مرتکب کبیرہ کافر ہوجاتاہے حالانکہ ابلیس محض ارتکاب کبیرہ کی بناء پر کافر نہیں ہوا بلکہ حکم خداوندی کے مقابلے میں اباء واستکبار اس کے کفر کا سبب ہے۔ قابل ذکربات یہ ہے کہ یہ روایتِ حدیث میں ثقہ ترین لوگوں میں سے تھے، ان کی بعض روایتیں صحیح ترین سندوں میں شمارکی جاتی ہیں ، جیساکہ خطیب بغدادی نے امام ابوداؤدکا قول نقل کیاہے کہ بدعت پرستوں میں سے خوارج کی روایتوں سے زیادہ صحیح روایتیں کسی کی نہیں ہوتیں۔ خوارج جان بوجھ جھوٹ بولنے والوں میں سے نہیں تھے، یہاں تک کہاجاتاہے کہ ان کی حدیثیں صحیح ترین ہواکرتی تھیں لیکن یہ جہالت کی وجہ سے اپنی بدعت میں گمراہ ہوگئے ، اوران کی بدعت الحادوزندقیت کی بنیادپرنہیں تھی، بلکہ قرآن کریم کے فہم سے جہالت وگمراہی کی بنیاد پر تھی۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ جھوٹ جوکبیرہ گناہوں میں سے ہے، ان کے نزدیک نہ یہ کہ اس کا مرتکب گنہگار ہے، بلکہ اس کے اوپرکفرکا اطلاق ہوتاہے ۔ معلوم ہواکہ روایتِ حدیث میں اپنی ثقاہت کے باوجود تاویلی اورتخریبی فکروعمل کااثران کی گمراہیت کاسبب بناجس کی پیش گوئی پہلے ہی کی جاچکی تھی ۔ بہرحال علمائے اسلام کا اس حقیقت پر اجماع و اتفاق ہے کہ خوارج باوجود اپنی گمراہی کے مسلمانوں کا ایک فرقہ ہیں، ان کے ساتھ نکاح کرنا، ان کا ذبیحہ کھانا اور ان کی شہادت قبول کرنا جائز ہے، کسی اہل علم نے ان کو کافر نہیں کہا، ہاں یہ باغی ضرور تھے۔