Blog
Books
Search Hadith

تمام ان چیزوں کا بیان جس سے مساجد کو محفوظ رکھا جائے

۔ (۱۳۵۸) عَنْ عَمْرِو بْنِ شُعَیْبٍ عَنْ أَبِیْہِ عَنْ جَدِّہِ قَالَ نَھٰی رَسُوْلُ اللّٰہِ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم عَنِ الشِّرَائِ وَالْبَیْعِ فِی الْمَسْجِدِ، وَأَنْ تُنْشَدَ فِیْہِ الْأَ شْعَارُ، وَأَنْ تُنْشَدَ فِیْہِ الضَّالَّۃُ وَعَنِ الْحِلَقِ یَوْمَ الْجُمْعَۃِ قَبْلَ الصَّلاۃِ۔ (مسند احمد: ۶۶۷۶)

عمرو بن شعیب اپنے باپ سے اور وہ اس کے دادا (سیّدنا عبداللہ بن عمرو بن عاص ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ ) سے بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے مسجد میں خرید و فروخت کرنے، اشعار پڑھنے اور گم شدہ چیز کا اعلان کرنے اور جمعہ کے دن نماز سے پہلے حلقے بنا کر بیٹھنے سے منع کیا ہے۔
Haidth Number: 1358
Report
Create Picture for Post

Reference

Status

Authentic

صحیح

Status Reference

Not Available

Takhreej

(۱۳۵۸) تخر یـج: …اسنادہ حسن۔ أخرجہ بتمامہ ابوداود: ۱۰۷۹، وابن خزیمۃ: ۱۳۰۴ورواہ الترمذی: ۳۲۲ دون انشاد الضالۃ، وأخرج النھی عن البیع والتحلق فی المسجد النسائی: ۲/ ۴۷، وأخرج النھی عن البیع وتناشد الاشعار ابن ماجہ: ۷۴۹ (انظر: ۶۶۷۶)

Wazahat

فوائد:… سیّدنا ابوہریرہ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا: ((اِذَا رَاَیْتُمْ مَنْ یَبِیْعُ أَوْ یَبْتَاعُ فِیْ الْمَسْجِدِ، فَقُوْلُوْا: لَا أَرْبَحَ اللّٰہُ تِجَارَتَکَ۔)) یعنی: جب تم کسی کو مسجد میں خرید و فروخت کرتے ہوئے دیکھو تو کہو: اللہ تعالیٰ تیری تجارت کو نفع بخش نہ بنائے۔ (ترمذی: ۱۳۲۱) ضَالَّۃ کا اطلاق اس گم شدہ چیز پر ہوتا ہے جو جاندار ہو، ایسی غیر جاندار چیز کو ضَائِع اور لَقِیْط کہتے ہیں۔ چونکہ علت اور وجہ ایک ہے، اس لیے مسجد میں ہر قسم کی گم شدہ چیز کا اعلان نہیں کرنا چاہیے۔ شعر بحیثیت ِ شعر قابل مذمت نہیںہے، بلکہ یوں کہنا چاہیے کہ کوئی کلام نثر یا شعر ہونے کی وجہ سے قابل تعریفیا قابل مذمت نہیں ہوتی، بلکہ اس کے اچھا یا برا ہونے کا دارومدار اس میں بیان کئے گئے مفہوم پر ہے۔ عبداللہ بن عمرو ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا: ((الشِّعْرُ بِمَنْزَلَۃِ الْکَلَامِ، حَسَنُہُ کَحَسَنِ الْکَلَامِ، وَقَبِیْحُہُ کَقَبِیْحِ الْکَلَامِ۔)) یعنی: اشعار، عام (نثر) کلام کی طرح ہیں،یعنی اچھے اشعار، اچھے کلام کی طرح ہیں اور برے اشعار، برے کلام کی طرح۔ (دارقطنی: ۴۹۰، الادب المفرد للبخاری: ۱۲۵، الصحیحہ: ۴۴۷) سیّدنا ابی بن کعب ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا: ((إِنَّ مِنَ الشِّعْرِ حِکْمَۃً۔)) یعنی: بعض اشعار، حکمت و دانائی پر مشتمل ہوتے ہیں۔ (بخاری، صحیحہ: ۲۸۵۱) نبی کریم ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم سے اشعار پڑھنا، سننا اور آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم کے سامنے صحابہ کا اشعار پڑھنا بھی ثابت ہے۔ سیّدنا ابوہریرہ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ سے مروی ہے کہ سیّدنا حسان ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ مسجد میں شعر پڑھ رہے تھے، وہاں سے سیّدنا عمر ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ گزرے اور ان کی طرف گھورنا شروع کر دیا، لیکن آگے سے سیّدنا حسان نے کہا: ((قَدْ کُنْتُ اُنْشِدُ، وَفِیْہِ مَنْ ھُوَ خَیْرٌ مِّنْکَ۔)) یعنی: (اے عمر!) میں تو اس وقت بھی اس میں اشعار پڑھتا تھا، جب اس میں تجھ سے بہتر ہستی (محمد ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم ) موجود ہوتی تھی۔ (صحیح مسلم: ۲۴۸۵) خلاصۂ کلام یہ ہے کہ اچھے مضمون پر مشتمل اشعار کے پڑھنے میں کوئی حرج نہیں ہے، بہرحال شعروں کی کثرت کا اہتمام نہیں کرنا چاہیے، جیسا کہ نبی کریم ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم کی حیات ِ مبارکہ کا اصول تھا۔ نماز جمعہ سے قبل ہر قسم کا حلقہ ممنوع ہے، وہ عام دنیوی گفتگو پر مشتمل ہو یا علمی درس و تدریس پر، اس سے صفیں بھی غیر مرتب ہو جائیں گے اور نماز اور ذکر میں مصروف رہنے والے لوگوں کو بھی تشویش ہو گی۔ اس کی بجائے خطبۂ جمعہ سے پہلے والی عبادات یعنی نماز اور اذکار مسنونہ وغیرہ میں مشغول رہنا چاہیے، مسنون خطبے سے پہلے لوگوں کو کسی حلقے کا پابند نہ کیا جائے اور جب خطبہ شروع ہو تو خاموشی کے ساتھ اسی پر توجہ دھری جائے۔