Blog
Books
Search Hadith

فاتحہ پڑھنے کے وجوب کا بیان

۔ (۱۵۷۲) عَنْ عُبَادَۃَ بْنِ الصَّامِتِ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ قَالَ: صَلّٰی بِنَا رَسُوْلُ اللّٰہِ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم صَلَاۃَ الْغَدَاۃِ فَثَقُلَتْ عَلَیْہِ الْقِرَائَ ۃُ، فَلَمَّا انْصَرَفَ قَالَ: ((إِنِّیْ لَأَرَاکُمْ تَقْرَئُ وْنَ وَرَائَ إِمَامِکُمْ؟)) قُلْنَا: نَعَمْ وَاللّٰہِیَارَسُوْلَ اللّٰہِ! إِنَّا لَنَفْعَلُ ھٰذَا۔ قَالَ: ((فَـلَا تَفْعَلُوْا إِلاَّ بِأُمِّ الْقُرْآنِ فَإِنَّہُ لَا صَلَاۃَ لِمَنْ لَّمْ یَقْرَأْ بِہَا۔)) (مسند احمد: ۲۳۰۷۰)

سیّدناعبادہ بن صامت ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے ہمیں نماز فجر پڑھائی، آپ پر قراء ت بوجھل ہو گئی، اس لیے آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فارغ ہو کر پوچھا: میرا خیال ہے کہ تم اپنے امام کے پیچھے قراء ت کرتے ہو؟ ہم نے کہا: جی ہاں! اللہ کی قسم! اے اللہ کے رسول! بلا شک و شبہ ہم ایسا کرتے ہیں۔ آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا: ایسے نہ کیا کرو (یعنی میرے پیچھے نہ پڑھا کرو) سوائے سورۂ فاتحہ کے، کیونکہ جس نے اس کی تلاوت نہ کی، اس کی کوئی نماز نہیں۔
Haidth Number: 1572
Report
Create Picture for Post

Reference

Status

Authentic

صحیح

Status Reference

Not Available

Takhreej

(۱۵۷۲) تخریـج:… صحیح لغیرہ، قد صرح محمد بن اسحاق بسماعہ من مکحول فی: ۲۲۷۴۵ من مسند احمد، أخرجہ ابوداود: ۸۲۳، والترمذی: ۳۱۱، وابن خزیمۃ: ۱۵۸۱، وابن حبان: ۱۷۹۲، والدار قطنی: ۱/ ۳۱۹، والبیھقی فی القراء ۃ خلف الامام : ۱۰۹، ۱۱۱ (انظر: ۲۲۶۷۱، ۲۲۶۹۴)۔

Wazahat

فوائد:… سورۂ مزمل کی اس آیت {فَاقْرَئُ وْا مَا تَیَسَّرَ مِنَ الْقُرْآنِ} کے بارے میں قاسم بن قطلوبغا حنفی اور ملاجیون حنفی لکھتے ہیں: یوجب بعمومہ القراء ۃ علی المقتدی۔ یعنی: یہ آیت ِ کریمہ اپنے عموم کے ساتھ مقتدی پر قراء ت واجب کرتی ہے۔ (خلاصۃ الأذکار از قاسم حنفی: ۱۹۷، نور الانوار: ۱۹۳) مختلف عام دلائل کی روشنی میں مقتدی کو فاتحہ شریف پڑھنے سے روکنے والوں کو اس حدیث پر غور کرنا چاہیے کہ آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم تو نماز فجر کے بعد یہ حدیث بیان کر رہے ہیں کہ امام کے پیچھے واقعی قراء ت نہ کیا کرو، سوائے سورۂ فاتحہ کے۔ یہ حدیث تمام خاص اور عام دلائل کے لیے اور ان میں جمع و تطبیق دینے کے لیے فیصلہ کن دلیل کی حیثیت رکھتی ہے۔ کئی مسائل میں بالاتفاق قرآن مجید کی آیات کو احادیث کی روشنی میں خاص کیا گیا، کیا اس بات پر غور نہیںکیا جاتا کہ قرآن نے خواتین و حضرات کو دن میں پانچ نمازیں پڑھنے اور رمضان کے روزے رکھنے کا حکم دیا ہے، لیکن احادیث مبارکہ نے حیض والی عورت کو حیض کی مقدار کے مطابق اور نفاس والی عورت کو زیادہ سے زیادہ چالیس دنوں تک نماز اور روزے سے مستثنی قرار دیا ہے، اورپھر نماز کی قضا کا بھی کوئی مطالبہ نہیں کیا، اس قانون کی دیگر کئی مثالیں موجود ہیں۔ کیا اس مقام پر ان احادیث کی روشنی میں درج ذیل آیت ِ مبارکہ کی تخصیص نہیں کی جا سکتی؟ {وَاِذَا قُرِئَ الْقُرْآنُ فَاسْتَمِعُوْا لَہٗوَاَنْصِتُوْالَعَلَّکُمْتُرْحَمُوْنَ} یعنی: اور جب قرآن پڑھا جائے تو اسے غور سے سنا کرو اور چپ رہا کرو تاکہ تم پر رحم کیا جائے۔ اور اگر مقتدی امام کے سکتوں میں فاتحہ شریف کی آیات پڑھ لے تو پھر تو سرے سے تخصیص کی ضرورت بھی نہیں پڑھتی۔ بہرحال ہمارے خیال پر بھی توجہ دھری جائے کہ جس ہستی پر یہ آیت نازل ہوئی تھی، اسی نے نماز فجر کے بعد یہ اعلان کیا کہ امام کے پیچھے فاتحہ شریف کی تلاوت کرنا ہو گی۔ اب ہم اس آیت سے استدلال کر کے مقتدی کو مطلق طور پر قراء ت سے کیوں روکیں۔ کیااحناف اس بات پر غور نہیں کرتے کہ جب وہ جہری نمازوں میں اس وقت مسجد میں پہنچتے ہیں، جب امام قراء ت کر رہا ہوتا ہے، تووہ نیت کے الفاظ بھی کہتے ہیں، پھر اللہ اکبر بھی کہتے ہیں، پھر بعض کو سبحانک اللھم… پڑھتے ہوئے بھی سنا جاتا ہے۔ تو کیا اس وقت وہ اس آیت کی مخالفت نہیں کرتے، حالانکہ نیت کے الفاظ کہنا تو بدعت بھی ہیں؟ اگر وہ یہ جواب دیں کہ تکبیر کہنا اور سبحانک اللھم… پڑھنا تو حدیث سے ثابت ہے، تو ہم کہیں گے کہ کئی احادیث سے مقتدی کے لیے فاتحہ شریف کی تلاوت بھی ثابت ہوتی ہے، اس لیے اس کی بھی تخصیص ہونی چاہیے۔ تنبیہ:… اگر مقتدی اس وقت پہنچے جب امام جہراً قراء ت کر رہا ہو تو اسے سبحانک اللھم… یا دوسری کوئی دعائے استفتاح نہیں پڑھنی چاہیے، کیونکہ تلاوتِ قرآن کے وقت صرف فاتحہ شریف پڑھنے کی اجازت دی گئی ہے۔ تکبیر تحریمہ کہنا فرض ہے۔