Blog
Books
Search Hadith

سجدہ تلاوت کی فضیلت اور اس کے مقامات کی تعداد کا بیان

۔ (۲۰۱۱) عَنْ أَبِیْ الدَّرْدَائ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ ‌ قَالَ سَجَدْتُّ مَعَ النَّبِیِّ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم إِحْدٰی عَشَرَۃَ سَجْدَۃً، مِنْہُنَّ سَجْدَۃُ النَّجْمِ۔ (مسند احمد: ۲۸۰۴۲)

سیدنا ابو الدردا ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم کے ساتھ گیارہ سجدے کئے، ان میںسے ایک سجدہ سورۂ نجم کا تھا۔
Haidth Number: 2011
Report
Create Picture for Post

Reference

Status

Doubtful

ضعیف

Status Reference

Not Available

Takhreej

(۲۰۱۱) تخریج: اسنادہ ضعیف لضعف رشدین بن سعد، ولجھالۃ عمر الدمشقی، ولابھام الراوی عن ام الدردائ۔ أخرجہ ابن ماجہ: ۱۰۵۵ (انظر: ۲۱۶۹۲، ۲۷۴۹۴)

Wazahat

فوائد:… یہ روایت ضعیف ہے، بہرحال سورۂ نجم، سجدۂ تلاوت پر مشتمل ہے، جیسا کہ دوسری روایات سے واضح ہوتا ہے، سجدۂ تلاوت مستحب ہے، اس حکم کی وضاحت اگلے ابواب میں آ رہی ہے اور راجح قول کے مطابق سجدۂ تلاوت کے باوضو یا قبلہ رخ ہونا شرط نہیں ہے، نیزیہ سجدہ اسی وقت کرنا مسنون ہے، جب اس سجدے والی آیت تلاوت کی جائے۔ قرآن مجید کے سجودِ تلاوت کی تعداد کے بارے میں درج ذیل اختلا ف ہے۔ امام ابوحنیفہ: کل چودہ سجدے ہیں، ان کے نزدیک سورۂ حج کا دوسرا سجدہ نہیں ہے۔ امام شافعی: کل چودہ سجدے ہیں، ان کے نزدیک سورۂ ص کا سجدہ، سجدۂ تلاوت نہیں ہے، بلکہ صرف سجدۂ شکر ہے۔ امام مالک: کل گیارہ، ان کے نزدیک مفصلات سورتوں کے سجدے اور سورۂ حج کا دوسرا سجدہ نہیں ہے۔ لیکن حقیقت ِ حال یہ ہے کہ سورۂ ص کا سجدہ، سورۂ حج کا دوسرا سجدہ اور مفصلات سورتوں کے سجدے آنے والے اور دیگر دلائل سے ثابت ہیں، اس طرح قرآن مجید میں کل پندرہ سجدے بنتے ہیں،یہ امام احمدکا قول ہے اور یہی راجح ہے، ہمارے ہاں چھپنے والے قرآن مجید میں سورۂ حج کے دوسرے سجدے پر صرف السجدۃ عند الشافعی لکھ دیا جاتا ہے اور اس کو باقی سجدوں میں شمار نہیں کیا جاتا، جس کی وجہ سے قرآن مجید کے آخری سجدے پر (۱۴) نمبر لکھا جاتا ہے، اس وجہ سے ہمارے ہاں چودہ سجدے مشہور ہو گئے ہیں، حالانکہ راجح قول کے مطابق کل (۱۵) سجدے ہیں اور قرآن مجید کے سجدوں کی نمبرنگ کرنے والوں کو چاہیے تھا کہ تمام سجدوں پر نمبر لگاتے اور قرآن مجید کے آخرمیں مسئلہ کی وضاحت کر دیتے۔ قرآن مجید کی درج ذیل چودہ سورتیں سجودِ تلاوت پر مشتمل ہیں: سورۂ اعراف، سورۂ رعد، سورۂ نحل، سورۂ بنی اسرائیل، سورۂ مریم، سورۂ حج، سورۂ فرقان، سورۂ نمل، سورۂ سجدہ، سورۂ ص، سورۂ حم سجدہ، سورۂ نجم، سورۂ انشقاق، سورۂ علق۔ سورۂ حج میں دو سجدے ہیں، آخری تین سورتیں مفصلات میں سے ہیں۔