Blog
Books
Search Hadith

پگڑی اور تساخین پر مسح کرنے کا بیان

۔ (۶۸۱)۔عَنِ الْمُغِیْرَۃِ بْنِ شُعْبَۃَؓ (یَصِفُ وُضُوئَ رَسُولِ اللّٰہِ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم) قَالَ: فَغَسَلَ وَجْہَہُ وَغَسَلَ ذِرَاعَیْہِ وَمَسَحَ بِنَاصِیَتِہِ وَمَسَحَ عَلَی الْعِمَامَۃِ وَعَلَی الْخُفَّیْنِ (الْحَدِیْثُ بِتَمَامِہِ تَقَدَّمَ فِی بَابِ صِفَۃِ الْوُضُوئِ)۔ (مسند أحمد:۱۸۳۴۷)

سیدنا مغیرہ بن شعبہؓ سے مروی ہے، وہ رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم ‌ کا وضو بیان کرتے ہوئے کہتے ہیں: آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم ‌ نے چہرہ دھویا، اپنے بازو دھوئے، پیشانی اور پگڑی پر اور موزوں پر مسح کیا۔ پوری حدیث بَابُ صِفَۃِ الْوُضُوئِ میں گزر چکی ہے۔
Haidth Number: 681
Report
Create Picture for Post

Reference

Status

Authentic

صحیح

Status Reference

Not Available

Takhreej

(۶۸۱) تخریج: أخرجہ البخاری: ۳۸۸، ۲۹۱۸، ومسلم: ۲۷۴(انظر: ۱۸۱۶۵)

Wazahat

فوائد:… درج بالا حدیث میں سر کے مسح کے دو طریقے بیان کیے گئے ہیں، ایک مکمل پگڑی پراور دوسرا سرکے اگلے حصے اور پگڑی پر، پگڑی کے بغیر سر کا مسح کرنا تو واضح ہے۔ امام ابو حنیفہ سمیت بعض ائمہ کی رائے یہ ہے کہ صرف پگڑی پر مسح کرنا جائز نہیں ہے، لیکن درج بالا اور اس موضوع سے متعلقہ دیگر احادیث سے صرف پگڑی پر مسح کرنا روزے روشن کی طرح ثابت ہو رہا ہے۔ موزوں پر مسح کرنے سے متعلقہ احکام یہ ہیں: وضو کر کے موزے پہنے جائیں، عام روایات سے معلوم ہوتا ہے کہ مقیم کو مکمل ایک دن یعنی چوبیس گھنٹے اور مسافر کو تین دنوں تک مسح کرنے کی سہولت دی گئی ہے۔ پیشاب، پائخانہ، نیند اور دوسرے نواقض وضو سے جب وضو ٹوٹ جاتا ہے تو مسح کی مدت پر کوئی فرق نہیں پڑتا اور نہ موزوں کو اتارنا پڑتا ہے، لیکن جب جنابت کا غسل فرض ہو جائے تو موزے اتار کر وضو اور غسل کرنا ضروری ہے۔ مسح کرتے وقت صرف پاؤں کے ظاہری حصے پر ہاتھ پھیر اجائے۔ جرابوں کا بھی یہی حکم ہے۔ موزوں کے مخصوص اور مزید احکام حدیث نمبر (۷۲۵) سے شروع ہوں گے۔ اب ہم جرابوں پر مسح کرنے کے دلائل ذکر کرتے ہیں: (۱)…سیدنا ثوبان ؓ کہتے ہیں: رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم ‌ نے ایک جماعت کو باہر بھیجا، انہیں سفر میں سردی لگی، جب وہ واپس آئے اور نبی کریم ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم ‌ سے سردی کی شکایت کی تو فَأَمَرَھُمْ أَنْ یَمْسَحُوْا عَلٰی الْعَصَائِبِ واَلتَّسَاخِیْنِ، آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم ‌ نے ان کو حکم دیا کہ وہ پگڑیوں اور تَسَاخِیْن پر مسح کر لیا کریں۔ (احمد: ۵/ ۲۷۷، ابوداود: ۱۴۶) تساخین کے معانی ہیں: گرمی پہنچانے والی چیز، وہ چمڑے کا موزہ ہو یا سوتی یا اونی جرابیں۔ امام ابن ارسلانؓ نے کہا: اصل ذالک کُلُّ مَا یُسْخَنُ بِہِ الْقَدَمُ مِنْ خُفٍّ وَجَوْرَبٍ وَنَحْوِھِمَا۔… تساخین ہر اس (۲)…سیدنا بلال ؓ کہتے ہیں: کَانَ رَسُولَ اللّٰہِ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم ‌ یَمْسَحُ عَلٰی الْخُفَّیْنِ وَالْجَوْرَبَیْنِ۔… نبی کریم ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم ‌ موزوں اور جرابوں پر مسح کیا کرتے تھے۔ (معجم کبیر للطبرانی: ۱/ ۳۵۰) اس کی سند یزید بن ابی زیاد کی وجہ سے ضعیف ہے، لیکن اس کے متعدد شواہد موجود ہیں۔ (۳)…سیدنا ابو موسی اشعری ؓ بیان کرتے ہیں: اِنَّ رَسُوْلَ اللّٰہِ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم ‌ تَوَضَّأَ وَمَسَحَ عَلٰی الْجَوْرَبَیْنِ وَالنَّعْلَیْنِ … نبی کریم ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم ‌ نے وضو کیا اور جرابوں اور جوتیوں پر مسح کیا۔ (ابن ماجہ: ۵۶۰، بیہقی: ۱/ ۲۸۵) اس حدیث کی سند میں انقطاع ہے اور عیسی بن سنان ضعیف ہے، لیکن اس کے شواہد موجود ہیں۔ (۴)… سیدنا ابو موسی اشعری ؓ ہی بیان کرتے ہیں: اَتَیْتَ رَسُوْلَ اللّٰہِ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم ‌ بَوَضُوئٍ فَمَسَحَ عَلٰی الْجَوْرَبَیْنِ وَالنَّعْلَیْنِ وَالْعِمَامَۃِ۔… میں آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم ‌ کے پاس وضو کا پانی لے کر آیا، آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم ‌ نے جرابوں اور جوتیوں اور پگڑی پر مسح کیا۔ (معجم اوسط للطبرانی: ۲/ ۶۶) (۵)… سیدنا مغیرہ بن شعبہ ؓ کہتے ہیں: تَوَضَّأَ النَّبِیُّ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم ‌ وَمَسَحَ عَلٰی الْجَوْرَبَیْنِ وَالنَّعْلَیْنِ۔ نبی کریم ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم ‌ نے وضو کیا اور جرابوں اور جوتیوں پر مسح کیا۔ (ترمذی: ۹۹، ابوداود: ۱۵۹) اس کی سند میں سفیان ثور ی مدلس ہے، لیکن دوسرے شواہد کی بنا پر یہ حدیث صحیح ہے۔ البتہ ابن ترکمانی حنفی (متوفی: ۸۴۵ھ) کے نزدیک یہ حدیث صحیح ہے۔ دیکھیں: الجوہر النقی: ۱/ ۲۸۴) کعب بن عبد اللہ کہتے ہیں: میں نے دیکھا کہ سیدنا علی ؓ نے پیشاب کیا، پھر اپنی جرابوں اور جوتیوں پر مسح کیا۔ (الاوسط لابن المنذر: ۱/ ۴۶۲، المحلی لابن حزم: ۲/۸۴) سیدنا عمربن خطاب ؓ نے جوتیوں کے تسموں سمیت جرابوں پر مسح کیا۔ (تھذیب السنن لابن القیم:۱/۲۷۵) امام ابوداود ‌رحمتہ ‌اللہ ‌علیہ ‌ نے کہا: سیدنا علی بن ابی طالب، سیدنا عبد اللہ بن مسعود، سیدنا براء بن عازب سیدنا انس بن مالک، سیدنا ابو امامہ، سیدنا سہل بن سعد اور سیدنا عمرو بن حریث جرابوںپر مسح کرتے تھے، اور سیدنا عمر بن خطاب اور سیدنا عبداللہ بن عباس ؓ سے بھی یہی عمل مروی ہے۔ (ابوداؤد) جرابوں پر مسح کے بارے میں صحابہ کا اجماع و اتفاق ہے، دیکھیں: (المغنی لابن قدامہ: ۱/ ۱۸۱، الاوسط لابن المنذر: ۱/ ۴۶۴، المحلی لابن حزم: ۲/ ۸۷) امام ترمذی ‌رحمتہ ‌اللہ ‌علیہ ‌ کہتے ہیں: میں نے صالح بن محمد ترمذی ‌رحمتہ ‌اللہ ‌علیہ ‌ سے سنا، وہ کہتے تھے کہ میں نے ابو مقاتل سمرقندی سے سنا، وہ کہتے تھے کہ میں امام ابو حنیفہ ‌رحمتہ ‌اللہ ‌علیہ ‌ کے ہاں حاضر ہوا، وہ مرض الموت میں مبتلا تھے، انھوں نے پانی منگوایا اور وضو کیا اور جرابوں پر مسح کیا اور کہا: میں نے آج ایسا کام کیا ہے جو پہلے نہ کرتا تھا، میں نے غیر منعّل جرابوں پر مسح کیا ہے۔ (جامع ترمذی: ۹۹) تفصیل کے لیے دیکھیں: جامع ترمذی از علامہ احمد محمد شاکر: ۱/ ۱۶۷) غیر منعّل جرابوں سے مراد وہ جرابیں ہیں، جن پر جوتا پہنا ہوا نہ ہو۔ فقہ حنفی میں قیاس پر بہت زور دیا جاتا ہے، اس مسئلہ میں قیاس کا یہی تقاضا تھا کہ جرابوں پر مسح کرنے کے جواز کو تسلیم کیا جاتا، کیونکہ موزوں اور جرابوں کی علت ایک ہے۔