Blog
Books
Search Hadith

سورۂ فاتحہ کی تفسیر اور اس کی فضیلت کا بیان

۔ (۸۴۷۳)۔ عَنْ أَ بِی ہُرَیْرَۃَ قَالَ: خَرَجَ رَسُولُ اللّٰہِ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم عَلٰی أُبَیِّ بْنِ کَعْبٍ وَہُوَ یُصَلِّی فَقَالَ: ((یَا أُبَیُّ!)) فَالْتَفَتَ فَلَمْ یُجِبْہُ، ثُمَّ صَلّٰی أُبَیٌّ فَخَفَّفَ، ثُمَّ انْصَرَفَ إِلٰی رَسُولِ اللّٰہِ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم فَقَالَ: السَّلَامُ عَلَیْکَ، أَ یْ رَسُولَ اللّٰہِ! قَالَ: ((وَعَلَیْکَ۔)) قَالَ: ((مَا مَنَعَکَ أَ یْ أُبَیُّ إِذْ دَعَوْتُکَ أَ نْ تُجِیبَنِی؟۔)) قَالَ: أَ یْ رَسُولَ اللّٰہِ! کُنْتُ فِی الصَّلَاۃِ، قَالَ: ((أَ فَلَسْتَ تَجِدُ فِیمَا أَ وْحَی اللّٰہُ إِلَیَّ أَ نْ {اسْتَجِیبُوا لِلّٰہِ وَلِلرَّسُولِ إِذَا دَعَاکُمْ لِمَا یُحْیِیکُمْ} قَالَ: قَالَ: بَلٰی أَ یْ رَسُولَ اللّٰہِ! لَا أَ عُودُ، قَالَ: ((أَ تُحِبُّ أَ نْ أُعَلِّمَکَ سُورَۃً، لَمْ تَنْزِلْ فِی التَّوْرَاۃِ، وَلَا فِی الزَّبُورِ، وَلَا فِی الْإِنْجِیلِ، وَلَا فِی الْفُرْقَانِ مِثْلُہَا؟)) قَالَ: قُلْتُ: نَعَمْ، أَ یْ رَسُولَ اللّٰہِ! فَقَالَ رَسُولُ اللّٰہِ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم : ((إِنِّی لَأَ رْجُو أَ نْ لَا تَخْرُجَ مِنْ ہٰذَا الْبَابِ حَتّٰی تَعْلَمَہَا۔)) قَالَ: فَأَ خَذَ رَسُولُ اللّٰہِ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم بِیَدِییُحَدِّثُنِی وَأَ نَا أَتَبَطَّأُ مَخَافَۃَ أَ نْ یَبْلُغَ قَبْلَ أَ نْ یَقْضِیَ الْحَدِیثَ، فَلَمَّا أَ نْ دَنَوْنَا مِنْ الْبَابِ قُلْتُ: أَیْ رَسُولَ اللّٰہِ! مَا السُّورَۃُ الَّتِی وَعَدْتَنِی؟ قَالَ: ((فَکَیْفَ تَقْرَأُ فِی الصَّلَاۃِ؟)) قَالَ: فَقَرَأْتُ عَلَیْہِ أُمَّ الْقُرْآنِ، قَالَ: قَالَ رَسُوْلُ اللّٰہِ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم : ((وَالَّذِیْ نَفْسِیْ بِیَدِہٖ مَا اَنْزَلَ اللّٰہُ فِی التَّوْرَاۃِ، وَلَا فِی الْاِنْجِیْلِ، وَلَا فِی الزُّبُوْرِ، وَلَا فِی الْفُرْقَانِ مِثْلَہَا، وَاِنَّہَا لَلسَّبْعُ مِنَ الْمَثَانِیْ۔)) زَادَ فِیْ رِوَایَۃٍ بِلَفْظٍ: ((اِنَّہَا السَّبْعُ الْمَثَانِیْ وَالْقُرْآنُ الْعَظِیْمُ الَّذِیْ اُعْطِیْتُ۔)) (مسند احمد: ۹۳۳۴)

۔ سیدنا ابوہریرہ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے سیدنا ابی بن کعب ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ کو بلایا، جبکہ وہ نماز پڑھ رہے تھے، آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے پھر بلایا: اے ابی ! انہوں نے توجہ تو کی، لیکن جواب نہ دے سکے، پھر انھوں نے تخفیف کے ساتھ نماز مکمل کی اور بعد میں نبی کریم ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم کے پاس حاضر ہوئے اور کہا: اے اللہ کے نبی! السلام علیک، آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا: تم پر سلامتی ہو، اے ابی! جب میں نے تمہیں بلایا تو آنے میں کیا رکاوٹ تھی؟ انھوں نے کہا: اے اللہ کے رسول! میں نماز پڑھ رہاتھا، آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا: کیا تم نے یہ وحی نہیں سنی {اسْتَجِیبُوا لِلَّہِ وَلِلرَّسُولِ إِذَا دَعَاکُمْ لِمَا یُحْیِیکُمْ} … اے ایمان لانے والو، اللہ اور اس کے رسول کی پکار پر لبیّک کہو جبکہ رسول تمہیں اس چیز کی طرف بلائے جو تمہیں زندگی بخشنے والی ہے انھوں نے کہا: جی کیوں نہیں، اے اللہ کے رسول! میں آئندہ ایسا نہیں کروں گا۔ آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا: کیا تم پسند کرو گے کہ میں تمہیں وہ سورت سکھائوں کہ اس جیسی سورت نہ تو تورات میں نازل ہوئی ہے، نہ زبور میں، نہ انجیل اور نہ قرآن مجید میں میں نے کہا: اے اللہ کے رسول! ضرورسکھائیں، آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا: میں امید رکھتا ہوں تم اس دروازہ سے باہر نہ جائو گے کہ تم کو وہ سکھلا دوں گا۔ پھر نبی کریم ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے مجھ سے باتیں کرنا شروع کر دیں، میں اس خوف سے آہستہ آستہ چل رہا تھا کہ کہیں ایسا نہ ہو کہ یہ باتیں ختم ہونے سے پہلے آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم دروازے پر پہنچ جائیں، پھر جب ہم دروازے کے قریب ہوئے تومیں نے کہہ دیا کہ اے اللہ کے رسول! وہ کونسی سورت ہے، جس کا آپ نے مجھ سے وعدہ فرمایا ہے؟ آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا: تم نماز میں کیا پڑھتے ہو؟ میں نے جواباً سورۂ فاتحہ کی تلاوت کی، پھر نبی کریم ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا: اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے! اللہ تعالی نے اس جیسی سورت نہ تورات میں نازل میں کی، نہ انجیل میں، نہ زبور میں اور نہ قرآن مجید میں۔یہی وہ سات دہرائی جانے والی آیات ہیں اور یہی قرآن عظیم ہے۔
Haidth Number: 8473
Report
Create Picture for Post

Reference

Status

Authentic

صحیح

Status Reference

Not Available

Takhreej

(۸۴۷۳) تخریج: حدیث صحیح ۔ أخرجہ الترمذی: ۲۸۷۵(انظر: ۹۳۴۵)

Wazahat

فوائد:… سورۂ فاتحہ کی بڑی فضیلت کے ساتھ ساتھ اس حدیث میں نبی کریم ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم کی اطاعت کا ایک تقاضا بیان کیا گیا ہے کہ نماز کی حالت میں آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم کے بلاوے کی آواز آ جائے تو نماز کو ترک کر کے آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم کی نداء پر لبیک کہنا ہے، سبحان اللہ۔دنیا میں سب سے زیادہ تلاوت سورۂ فاتحہ کی کی جاتی ہے، بلکہ ہر آدمی اپنی زندگی میں سب سے زیادہ اور بار بار اس سورت کی تلاوت کرتا ہے، لیکن اللہ تعالی کے کلام کا کیا کمال ہے کہ مجال ہے کوئی بوریت اور اکتاہٹ محسوس ہو۔ اس حدیث کے آخر میں اور اگلی احادیث میں قرآن مجید کی اس آیت کی طرف اشارہ کیا گیا ہے: {وَلَقَدْ اٰتَیْنٰکَ سَبْعًا مِّنَ الْمَثَانِیْ وَالْقُرْاٰنَ الْعَظِیْمَ۔}… اور بلاشبہ یقینا ہم نے تجھے بار بار دھرائی جانے والی سات آیتیں اور بہت عظمت والا قرآن عطا کیا ہے۔ (سورۂ حجر: ۸۷) آیات کے سیاق و سباق کو دیکھا جائے تو اللہ تعالییہ فرمانا چاہتے ہیں: اے نبی!ہم نے جب قرآن مجید اور خاص طور پر سورۂ فاتحہ جیسی لازوال دولت تجھے عنایت فرما رکھی ہے تو تجھے نہیں چاہئے کہ کافروں کے دنیوی مال و متاع اور ٹھاٹھ باٹھ کو للچائی ہوئی نظروں سے دیکھے،یہ تو سب فانی ہے اور صرف ان کی آزمائش کے لئے چند روزہ انہیں عطا ہوا ہے، ساتھ ہی تجھے ان کے ایمان نہ لانے پر صدمے اور افسوس کی بھی چنداں ضرورت نہیں، ہاں تجھے چاہئے کہ نرمی، خوش خلقی، تواضع اور ملنساری کے ساتھ مومنوں سے پیش آتا رہے۔