Blog
Books
Search Hadith

تکبر اور بڑائی سے ترہیب کا بیان

۔ (۹۷۲۸)۔ عَنْ اَبِیْ ھُرَیْرَۃُ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ ‌، عَنِ النَّبِیِّ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم قَالَ: ((بَیْنَمَا رَجُلٌ شَابٌّ یَمْشِیْ فِیْ حُلَّۃٍیَتَبَخْتَرُ فِیْھَا مُسْبِلًا اِزَارَہُ اِذْ بَلَعَتْہُ الْاَرْضُ، فَھُوَ یَتَجَلْجَلُ فِیْھَا اِلٰییَوْمِ الْقِیَامَۃِ۔)) (مسند احمد: ۱۰۳۸۸)

۔ سیدنا ابو ہریرہ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا: ایک دفعہ کی بات ہے کہ ایک نوجوان ایک پوشاک پہنے ہوئے اترا کر چل رہا تھا اور اس نے اپنا تہبند ٹخنوں سے نیچے تک لٹکا رکھا تھا، اتنے میں زمین اس کو نگل گئی اور وہ روزِقیامت تک اس میں دھنستا چلا جائے گا۔
Haidth Number: 9728
Report
Create Picture for Post

Reference

Status

Authentic

صحیح

Status Reference

Not Available

Takhreej

(۹۷۲۸) تخریج: حدیث صحیح (انظر: ۱۰۳۸۳)

Wazahat

فوائد:… تکبر اور بڑائی، ان کے مفہوم کا ادراک کرنا خواص اور عوام دونوں کے لیے پیچیدہ ہو گیا ہے، ہم ذیل میں مختلف احادیث کی روشنی میں کچھ اقتباسات پیش کریں گے، قارئین سے گزارش ہے کہ وہ اس حقیقت کا ادراک کرنے کی کوشش کریں کہ وہ تکبر کون سا ہے، جس کی مذمت کی گئی ہے اور وہ حسن و جمال کون سا ہے، جو اللہ تعالیٰ کو پسند ہے: بحث کے شروع میں قارئین سے گزارش ہے کہ وہ درج ذیل امور پر غور کریں اور اپنا جائزہ لیں اور سید الاولین والآخرین ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم کی سنتوں کو بھی مد نظر رکھیں۔ ۱۔ اکثر مرد حضرات اپنی شلوار اور پینٹ کو ٹخنوں سے اوپر رکھنے میں عار سمجھتے ہیں، کیوں؟ جبکہ مرد کے لیے ٹخنوں کو شلوار اور تہبند میں چھپانا حرام ہے۔ ۲۔ کئی لوگ داڑھی بڑھانے کو … … سمجھتے ہیں اور شیو کو حسن کی علامت سمجھتے ہیں، جبکہ اس بات پر امت متفق ہے کہ داڑھی مونڈنا حرام ہے۔ ۳۔ بعض لوگ کم مرتبہ افراد اور فقراء و مساکین کو ملنے اور ان کے ساتھ بیٹھنے میں عار سمجھتے ہیں،یا کم از کم یہ بات تو یقینی ہے کہ کم مرتبہ لوگوں کو اچھے انداز میں نہیں ملا جاتا۔ ۴۔ بعض لوگ رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم کی بعض سنتوں پر عمل کرنے میں عار سمجھتے ہیں، مثلا کھانے کے آداب میں برتن کو صاف کرنا، گری ہوئی چیز کو اٹھا کر کھا لینا، جبکہ سنت ِ مطہرہ پر عمل کرنا سب سے بڑا ناز ہے۔ ۵۔ بعض لوگ دوسرے افراد کے سامنے کوئی ادنی قسم کا کام کرنے میں عار محسوس کرتے ہیں، مثلا پانی بھرنا، آٹا اٹھانا، صفائی کرنا، وغیرہ۔ ۶۔ اگر عام افراد کے سامنے بعض لوگوں کی واضح نافرمانی کی وجہ سے ان کو تبلیغ کر دی جائے تو وہ سمجھتے ہیں کہ ان کی شان متاثر ہوئی ہے اور ان کے سٹیٹس کا خیال نہیں رکھا گیا۔ ۷۔ بعض سرمایہ دار سادہ لباس پہننے میں عار محسوس کرتے ہیں۔ ان گزارشات پر غور کرنے کے بعد درج ذیل اقتباس کا مطالعہ کریں۔ حدیث نمبر (۱۰۳۸۵)اور اس کے فوائد کو غور سے پڑھیں اور سوچیں کہ قارون عذابِ الٰہی میں گرفتار کیوں ہوا۔ قاسم بن محمدl سے روایت ہے،وہ کہتے ہیں: عبداللہ بن حنظلہ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ کا خیال ہے کہ عبداللہ بن سلام ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ ایندھن کے کام آنے والی لکڑیوں کا گٹھا اٹھائے بازار سے گزرے،کسی نے (ان پر اعتراض کرتے ہوئے ان کو) کہا: کیا اللہ تعالیٰ نے آپ کو اس سے بے پرواہ نہیں کیا؟ انہوں نے کہا: کیوں نہیں، لیکن میرا ارادہ ہے کہ اس کے ذریعے (اپنے نفس) سے تکبر کو دور کروں، کیونکہ میں نے رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم کو فرماتے سنا: ((لَایَدْخُلُ الْجَنَّۃَ مَنْ کَانَ فِی قَلْبِہِ مِثْقَالُ حَبَّۃٍ مِنْ خَرْدَلٍ مِنْ کِبْرٍ۔)) … ایسا شخص جنت میں داخل نہیں ہوگا جس کے دل میں رائی کے دانے کے برابر بھی تکبر ہوا۔ (حاکم: ۳/۴۱۶، صحیحہ: ۳۲۵۷) کسی شخص کا مال و دولت، دولت و ثروت، حسن و جمال، جاہ و منصب، حکومت و سلطنت، غلبہ و اقتدار، علم و فضل، حسب و نسب، سرداری و سربراہییا احترام و اکرام کی بنا پر اپنے آپ کو دوسروں سے برتر اور دوسروں کو اپنے سے کم تر سمجھنا اور حق بات ماننے سے ہٹ دھری کا ارتکاب کرنا اور ان دنیوی صفات کی بنا پر بعض سنتوں پر عمل نہ کرنا تکبر کہلاتا ہے۔ سیدنا ابوہریرہ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا: ((قَالَ اللّٰہُ عَزَّوَجَلَّ: اَلْکِبْرَیَائُ رِدَائِیْ وَالْعِزَّۃُ إزَارِیْ فَمَنْ نَازَعَنِیْ وَاحِدًا مِنْھُمَا أُلْقِیْہِ فِی النَّارِ۔)) … اللہ تعالیٰ نے فرمایا: تکبر(اور بڑائی) میری چادر ہے اور عزت (اورغلبہ) میراازار ہے، جس نے ان دونوں (اوصاف) میں سے کوئی ایک مجھ سے کھینچنا چاہا، میں اُس کوآگ میں پھینک دوں گا۔ (صحیح مسلم) غلبہ و اقتدار، تکبر و بڑائی اور عظمت و کبریائی جیسی صفات صرف اللہ تعالیٰ کی ہیں۔ جس فرد کو جو قوت یا عظمت یا مقام و مرتبہ حاصل ہے، وہ اللہ تعالیٰ کی عطا ہے۔ اس لئے ایسے آدمی کو چاہئے کہ بطورِ شکر الٰہی اللہ تعالیٰ کی اطاعت کرے اور اپنی عظمت و کبریائی کے ڈنکے بجانا چھوڑ دے اور شریعت سے اعراض کرنا ترک کر دے۔ ورنہ اس کا انجام آتش ِ دوزخ ہو گا۔ اس حدیث میں ان لوگوں کے لیے سخت تنبیہ ہے جو اپنی قوت و طاقت، حسب ونسب، عہدہ و منصب اور مال و منال پر نازاں رہتے ہیں اور لوگوں کے سامنے متکبرانہ انداز اختیار کرتے ہیں۔ سیدنا عبد اللہ بن مسعود ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا: ((اِنَّ اللّٰہَ جَمِیْلٌیُحِبُّ الْجَمَالَ، اَلْکِبْرُ بَطَرُ الْحَقِّ وَ غَمْطُ النَّاسِ۔)) … (اچھے کپڑے زیب تن کرنا اور اچھے جوتے پہننا تو قابل تعریف چیز ہے کیونکہ) اللہ تعالیٰ خود بھی خوبصورت ہے اور حسن و جمال کو پسند بھی کرتا ہے، تکبر تو یہ ہے کہ حق بات کو ٹھکرا دیا جائے اور لوگوں کو حقیر سمجھا جائے۔ (مسلم) اس حدیث میں بیان کئے گئے تکبر کے مفہوم کو سیدنا سلمہ بن اکوع ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ کی روایت سے سمجھنا قدرے آسان ہو جاتا ہے، وہ بیان کرتے ہیں کہ ایک آدمی نے رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم کے پاس اپنے بائیں ہاتھ سے کھانا کھایا۔ آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے اسے فرمایا: ((کُلْ بِیَمِیْنِکَ۔)) یعنی: دائیں ہاتھ سے کھاؤ۔ اس نے کہا: اس کی میرے اندر طاقت نہیں ہے۔ آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا: (اگر تجھے طاقت نہیں تو) تجھے اس کی استطاعت نہ ہونے پائے۔ دراصل اس کو صرف تکبر نے آپ کی بات ماننے سے روکا تھا۔ راوی کا بیان ہے کہ اس کے بعد وہ آدمی اپنے دائیں ہاتھ کو اپنے منہ کی طرف نہیں اٹھا سکا۔ (مسلم) یہ ہے تکبر اور اس کا وبال کہ پوری زندگی کے لئے دائیں ہاتھ سے کھانا پینا نصیب نہ ہوا۔ ہمیں چاہئے کہ ہم اپنی صلاحیتوں اور قابلیتوں کو اللہ تعالیٰ کی طرف منسوب کریں اور ان کے تقاضے پورے کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لائیں اور عاجزی و فروتنی کے جذبات سے سرشار ہو کر اللہ کے بندوں اور اس کی مخلوق کا احترام کریں۔ سیدنا عبد اللہ بن سلام ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ نے غرور، گھمنڈ اور شیخی کے جذبات کو مسخ کرنے کے لئے بہترین کلیہ استعمال کیا ہے، بلکہ سیدنا ابوہریرہ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا: ((مَا اسْتَکْبَرَ مَنْ أکَلَ مَعَہُ خَادِمُہُ وَرَکِبَ الْحِمَارَ بِالأسْوَاقِ، وَاعْتَقَلَ الشَّاۃَ فَحَلَبَھَا۔)) … وہ شخص متکبر نہیں ہے،جس کے ساتھ اُس کے خادم نے کھانا کھایااور وہ بازاروں میں گدھے پر سوارہوا اوربکری کی ٹانگ کو رسی باندھ کر اس کا دودھ دوہا۔ ( الصحیحۃ: ۲۲۱۸، أخرجہ البخاری فی الأدب المفرد :۵۵۰، والدیلمی:۴/۳۳) اس حدیث کا مطلب یہ ہو ا کہ جو آدمی ایسے کام کرنے سے عار محسوس کرتا ہے، اسے اپنے ضمیر میں تکبر کا خطرہ محسوس کرنا چاہئے۔ سیدنا معاذ بن انس جہنی ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا: ((مَنْ تَرَکَ اَنْ یَّلْبَسَ صَالِحَ الثِّیَابِ وَھُوَ یَقْدِرُ عَلَیْہِ تَوَاضُعًا لِلّٰہِ تَبَارَکَ وَتَعَالیٰ، دَعَاہُ اللّٰہُ تَبَارَکَ وَتَعَالیٰ عَلیٰ رُؤُوْسِ الْخَلَائِقِ حَتّٰییُخَیِّرَہُ اللّٰہُ تَعَالیٰ فِی حُلَلِ الْاِیْمَانِ اَیَّتَھُنَّ شَائَ۔)) … جس نے اللہ تعالیٰ کے لیے تواضع کرتے ہوئے اچھا لباس نہیں پہنا، حالانکہ وہ اس کی قدرت رکھتا تھا، تو اللہ تعالیٰ اس کوبھی ساری مخلوقات کے سامنے بلائے گا اور اسے یہ اختیار دے گا کہ وہ ایمان کی جو پوشاک پسند کرتا ہے، وہ پہن لے۔ (مسند احمد: ۱۵۷۰۴) اس حدیث ِ مبارکہ کا مفہوم سمجھنے کے لیے اللہ تعالیٰ کے ساتھ حقیقی اور گہرے تعلق کی ضرورت ہے۔ نبی کریم ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے خود کنگھی کی بھی ہے اور بالوں کو اچھی طرح سنوارنے کا حکم بھی دیا ہے، لیکنیہ بھی حکم دے دیا کہ کوئی آدمی ہر روز کنگھی نہ کرے، یہی معاملہ لباس کا ہے۔ مقصودِ شریعتیہ ہے کہ مسلمان نہ تو ایسا ہو کہ ہفتوں تک نہانے اوربالوں کو سنوارنے کا اہتمام نہ کرے اور بالآخر اپنی حیثیت کو نہ سمجھنے والا قابل نفرت شخص بن جائے اور نہ ایسا ہو کہ ہر روز اور ہروقت اپنی ظاہری ٹیپ ٹاپ پر توجہ مرکوز رکھے، کیونکہ ہر وقت کی خوشحالی، آسودگی اور خوش عیشی بھی انسان کے مزاج میں فساد پیدا کر دیتی ہے اور وہ غرور و تکبر میںمبتلا ہو جاتا ہے اور کم صفائی رکھنے والے یا سادہ زندگی گزارنے والوں سے نفرت کرنے لگتا ہے یا کم از کم یہ ہوتا ہے کہ سادگی کی اہمیت اور فوائد کا اندازہ نہیں ہو سکتا۔ سیدنا ابن عمر ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا: ((مَنْ لَبِسَ ثَوْبَ شُہْرَۃٍ فِی الدُّنْیَا اَلْبَسَہُ اللّٰہُ ثَوْبَ مَذَلَّۃٍیَوْمَ الْقِیَامَۃِ۔))… جس نے دنیا میں شہرت کا لباس پہنا تو اللہ تعالیٰ اسے روز قیامت ذلت کا لباس پہنائیںگے۔(ابوداود: ۴۰۲۹،۴۰۳۰، ابن ماجہ: ۳۶۰۷) شہرت والے لباس سے مراد یہ ہے کہ آدمی کییہ خواہش ہو کہ اس کا لباس رنگ، ڈیزائن اور کڑھائی وغیرہ کے اعتبار سے امتیازی ہو تاکہ لوگ اس کی طرف دیکھیں، پھر وہ عجب اور خود پسندی میں مبتلا ہو جائے۔ ایسے شخص کا انجام دیکھیں کہ وہ اس لباس کے ذریعے شہرت چاہتا تھا اور اللہ تعالیٰ روزِ قیامت اس کو ایسا لباس پہنائے گا جس سے اس کی ذلت لازم آئے گی۔ اللہ تعالیٰ کے ہاں معزز وہ ہے، جو زیادہ تقوی اور پرہیز گاری والا ہے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: {یٰٓاَیُّہَا النَّاسُ اِنَّا خَلَقْنٰکُمْ مِّنْ ذَکَرٍ وَّاُنْثٰی وَجَعَلْنٰکُمْ شُعُوْبًا وَّقَبَائِلَ لِتَعَارَفُوْا اِنَّ اَکْرَمَکُمْ عِنْدَ اللّٰہِ اَتْقٰیکُمْ اِنَّ اللّٰہَ عَلِیْمٌ خَبِیْرٌ۔} … اے لوگو! بے شک ہم نے تمھیں ایک نر اور ایک مادہ سے پیدا کیا اور ہم نے تمھیں قومیں اور قبیلے بنا دیا، تاکہ تم ایک دوسرے کو پہچانو، بے شک تم میں سب سے عزت والا اللہ کے نزدیک وہ ہے جو تم میں سب سے زیادہ تقویٰ والا ہے، بے شک اللہ سب کچھ جاننے والا، پوری خبر رکھنے والا ہے ۔ (سورۂ حجرات: ۱۳)