Blog
Books
Search Hadith

بطورِ تعظیم کھڑے ہونے کا بیان

بَاب الْقيام

12 Hadiths Found
ابوسعید خدری ؓ بیان کرتے ہیں ، جب بنو قریظہ ، سعد ؓ کا فیصلہ قبول کرنے پر راضی ہوئے تو رسول اللہ ﷺ نے کسی کو ان کی طرف بھیجا ، اور وہ آپ کے قریب ہی تھے ، چنانچہ وہ ایک گدھے پر سوار ہو کر آئے ، اور جب وہ مسجد کے قریب پہنچے تو رسول اللہ ﷺ نے انصار سے فرمایا :’’ اپنے سردار کی طرف کھڑے ہو جاؤ ۔‘‘ متفق علیہ ۔ اور یہ حدیث مکمل طور پر باب حکم الاسراء میں گزر چکی ہے ۔

Haidth Number: 4695
ابن عمر ؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا :’’ کوئی آدمی کسی آدمی کو اس کی جگہ سے اٹھا کر وہاں مت بیٹھے ، بلکہ وسعت و کشادگی پیدا کرو ۔‘‘ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 4696
ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جو شخص اپنی جگہ سے اٹھے اور وہ پھر وہیں واپس آ جائے تو اس جگہ کا وہی زیادہ حق دار ہے ۔‘‘ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 4697
انس ؓ بیان کرتے ہیں ، صحابہ کرام ؓ کو رسول اللہ ﷺ سے بڑھ کر کوئی شخص زیادہ محبوب نہیں تھا ، اس کے باوجود جب وہ آپ کو دیکھتے تو وہ کھڑے نہیں ہوتے تھے ، کیونکہ وہ جانتے تھے کہ آپ ﷺ اسے ناپسند کرتے ہیں ۔ اور انہوں نے فرمایا : یہ حدیث حسن صحیح ہے ۔ صحیح ، رواہ الترمذی ۔

Haidth Number: 4698
معاویہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جس شخص کو یہ پسند ہو کہ لوگ اس کے سامنے کھڑے رہیں تو وہ اپنا ٹھکانا جہنم میں بنا لے ۔‘‘ حسن ، رواہ الترمذی و ابوداؤد ۔

Haidth Number: 4699
ابوامامہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ لاٹھی کا سہارا لے کر باہر تشریف لائے تو ہم آپ کی خاطر کھڑے ہو گئے ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ تم ایسے نہ کھڑے ہوا کرو جیسے عجمی لوگ ایک دوسرے کی تعظیم میں کھڑے ہوتے ہیں ۔‘‘ اسنادہ ضعیف ، رواہ ابوداؤد ۔

Haidth Number: 4700
سعید بن ابوالحسن ؒ بیان کرتے ہیں ، ابوبکرہ ؓ گواہی کے سلسلہ میں ہمارے پاس آئے تو ایک آدمی ان کی خاطر اپنی جگہ سے اٹھ کھرا ہوا ، انہوں نے وہاں بیٹھنے سے انکار کر دیا اور فرمایا کہ نبی ﷺ نے اس سے منع فرمایا ہے ، اور نبی ﷺ نے اس سے بھی منع فرمایا ہے کہ کوئی شخص ایسے آدمی کے کپڑے سے اپنا ہاتھ صاف کرے جو اس نے اسے نہیں پہنایا ۔ اسنادہ ضعیف ، رواہ ابوداؤد ۔

Haidth Number: 4701
ابودرداء ؓ بیان کرتے ہیں ، جب رسول اللہ ﷺ بیٹھ جاتے تو ہم آپ کے اردگرد بیٹھ جاتے تھے ، پھر آپ کھڑے ہوتے اور آپ کا واپس آنے کا ارادہ ہوتا تو آپ اپنا جوتا اتار کر یا اپنی کوئی چیز وہاں رکھ جاتے جس سے صحابہ سمجھ جاتے (کہ آپ ﷺ واپس آئیں گے) اور وہ وہیں بیٹھے رہتے ۔ اسنادہ ضعیف ، رواہ ابوداؤد ۔

Haidth Number: 4702
عبداللہ بن عمرو ؓ ، رسول اللہ ﷺ سے روایت کرتے ہیں ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ کسی آدمی کے لیے جائز نہیں کہ وہ دو آدمیوں کے درمیان ، ان کی اجازت کے بغیر علیحدگی پیدا کرے (اور خود ان دونوں کے درمیان بیٹھ جائے) ۔‘‘ اسنادہ حسن ، رواہ الترمذی و ابوداؤد ۔

Haidth Number: 4703
عمرو بن شعیب اپنے والد سے اور وہ اپنے دادا سے روایت کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ تم دو آدمیوں کے درمیان ان کی اجازت کے بغیر مت بیٹھو ۔‘‘ اسنادہ حسن ، رواہ ابوداؤد ۔

Haidth Number: 4704
ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ ہمارے ساتھ مسجد میں تشریف رکھتے اور ہمارے ساتھ گفتگو فرمایا کرتے تھے ، اور جب آپ کھڑے ہوتے تو ہم دیر تک کھڑے رہتے حتی کہ ہم آپ کو دیکھتے کہ آپ اپنی کسی زوجہ محترمہ کے گھر داخل ہو جاتے ۔ اسنادہ ضعیف ، رواہ البیھقی فی شعب الایمان ۔

Haidth Number: 4705
واثلہ بن خطاب ؓ بیان کرتے ہیں ، ایک آدمی رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا ، جبکہ آپ مسجد میں تشریف فرما تھے ، رسول اللہ ﷺ اس کی خاطر اپنی جگہ سے ہٹ گئے تو آدمی نے عرض کیا ، اللہ کے رسول ! جگہ تو کافی ہے ، نبی ﷺ نے فرمایا :’’ بے شک مسلمان کا حق ہے کہ جب اس کا بھائی اسے دیکھے تو وہ اس کے لیے (اپنی جگہ سے کچھ) ہٹ جائے ۔‘‘ امام بیہقی نے دونوں احادیث شعب الایمان میں ذکر کی ہیں ۔ اسنادہ ضعیف ، رواہ البیھقی فی شعب الایمان ۔

Haidth Number: 4706