جابر بن سمرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ تمہاری نمازوں کے اوقات کے مطابق ہی نمازیں پڑھا کرتے تھے ، لیکن آپ نماز عشاء تمہاری نماز سے کچھ تاخیر سے پڑھا کرتے تھے ، اور آپ نماز ہلکی پڑھایا کرتے تھے ۔ رواہ مسلم ۔
ابو سعید ؓ بیان کرتے ہیں ، ہم نے رسول اللہ ﷺ کے ساتھ نماز عشاء پڑھنے کا ارادہ کیا ، تو آپ ﷺ تقریباً نصف شب گزر جانے کے بعد تشریف لائے تو فرمایا :’’ اپنی جگہ پر بیٹھے رہو ۔‘‘ چنانچہ ہم اپنی جگہ پر بیٹھ گئے ، پھر آپ ﷺ نے فرمایا :’’ بے شک لوگ نماز پڑھ کر سو چکے ، اور جب کہ تم اس وقت تک نماز ہی میں رہو گے جب تک تم نماز کے انتظار میں رہو گے اور اگر ضعیف کے ضعف ، بیمار کی بیماری کا اندیشہ نہ ہوتا تو میں اس نماز کو نصف شب تک مؤخر کرتا ۔‘‘ صحیح ، رواہ ابوداؤد و النسائی ۔
ام سلمہ ؓ بیان کرتی ہیں ، نماز ظہر جلد پڑھنے میں رسول اللہ ﷺ تم سے زیادہ سخت تھے اور نماز عصر جلدی پڑھنے میں تم ان سے زیادہ سخت ہو ۔‘‘ صحیح ، رواہ احمد و الترمذی ۔
انس ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ کا یہ معمول تھا کہ گرمی ہوتی تو آپ نماز (ظہر) دیر سے پڑھتے اور جب سردی ہوتی تو جلدی فرماتے تھے ۔ صحیح ، رواہ النسائی ۔
عبادہ بن صامت ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے مجھے فرمایا :’’ میرے بعد تمہارے کچھ ایسے امراء ہوں گے کہ چند چیزیں انہیں وقت پر نماز پڑھنے سے غافل کر دیں گی حتیٰ کہ اس کا وقت گزر جائے گا چنانچہ (جب یہ صورت حال ہو تو) تم نمازیں وقت پر ادا کرنا ۔‘‘ کسی شخص نے عرض کیا : اللہ کے رسول ! کیا میں ان کے ساتھ بھی پڑھ لوں ؟ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ ہاں ۔‘‘ صحیح ، رواہ ابوداؤد ۔
قبیصہ بن وقاص ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ میرے بعد تمہارے کچھ ایسے حکمران ہوں گے جو نمازیں دیر سے پڑھیں گے ، چنانچہ وہ تمہارے لیے باعث ثواب اور ان کے لیے موجب گناہ ہونگی ، پس جب تک وہ قبلہ رخ نمازیں پڑھتے رہیں تو تم ان کے ساتھ نماز پڑھو ۔‘‘ ضعیف ۔
عبیداللہ بن عدی بن خیار ؓ سے روایت ہے کہ وہ عثمان ؓ کے پاس گئے جبکہ وہ محصور تھے ، تو انہوں نے کہا : آپ امیر المومنین ہیں اور آپ پریشانی میں مبتلا ہیں ، جبکہ فتنے کا سرغنہ ہمیں نماز پڑھاتا ہے ، اور ہم اسے گناہ سمجھتے ہیں ، انہوں (عثمان ؓ) نے فرمایا : نماز مسلمانوں کا بہترین عمل ہے ، جب لوگ اچھا کام کریں ، تو تم بھی ان کے ساتھ مل کر اچھا کرو ، اور جب وہ برا کریں تو تم ان کی برائی سے دور رہو ۔ رواہ البخاری ۔