Blog
Books
Search Hadith

مساجد اور نماز پڑھنے کے مقامات کا بیان

65 Hadiths Found
عبداللہ بن عمرو بن عاص ؓ بیان کرتے ہیں ، جب رسول اللہ ﷺ مسجد میں داخل ہوتے تو یہ دعا کیا کرتے :’’ میں شیطان مردود سے اللہ عظیم ، اس کی ذات کریم اور اس کی قدیم بادشاہت و قدرت کے ذریعے پناہ چاہتا ہوں ۔‘‘ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ پس جب کوئی شخص یہ دعا پڑھتا ہے تو شیطان کہتا ہے ، یہ اب سارا دن مجھ سے محفوظ رہے گا ۔‘‘ صحیح ، ابوداؤد ۔

Haidth Number: 749
عطا بن یسار ؒ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ اے اللہ ! میری قبر کو بت نہ بنانا کہ اس کی پوجا کی جائے ، اللہ ان لوگوں پر سخت ناراض ہو جنہوں نے انبیا علیہم السلام کی قبروں کو سجدہ گاہ بنا لیا ۔‘‘ امام مالک نے اسے مرسل روایت کیا ۔ صحیح ، رواہ مالک ۔

Haidth Number: 750
معاذ بن جبل ؓ بیان کرتے ہیں ، نبی ﷺ باغات میں (نفل) نماز پڑھنا پسند فرمایا کرتے تھے ۔‘‘ امام ترمذی نے فرمایا : یہ حدیث غریب ہے ، ہم اسے صرف حسن بن ابی جعفر کے واسطہ سے جانتے ہیں ، جبکہ یحیی بن سعید وغیرہ نے اسے ضعیف قرار دیا ہے ۔ ضعیف ۔

Haidth Number: 751
انس بن مالک ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ آدمی کی اپنے گھر میں پڑھی ہوئی نماز (ثواب کے لحاظ سے) ایک نماز ہے ، اس کی اس مسجد میں نماز ، جس میں مختلف قبیلے نماز پڑھتے ہیں ، پچیس نمازوں کی طرح ہے ، اور جس مسجد میں جمعہ ہوتا ہو ، اس میں اس کی نماز پانچ سو نمازوں کی طرح ہے ، مسجد اقصیٰ میں اس کی نماز پچاس ہزار نمازوں کی طرح ہے ، اس کی میری مسجد میں پڑھی گئی نماز پچاس ہزار نمازوں کی طرح ہے اور مسجد حرام میں اس کی نماز ایک لاکھ نمازوں کی طرح ہے ۔‘‘ ضعیف ۔

Haidth Number: 752
ابوذر ؓ بیان کرتے ہیں ، میں نے عرض کیا ، اللہ کے رسول ! روئے زمین پر سب سے پہلے کون سی مسجد تعمیر کی گئی ؟ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ مسجد حرام ۔‘‘ راوی کہتے ہیں ، میں نے عرض کیا ، پھر کون سی مسجد ؟ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ مسجد اقصیٰ ۔‘‘ میں نے عرض کیا : ان دونوں کی تعمیر کے درمیان کتنا وقفہ ہے ؟ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ چالیس سال ، پھر ساری زمین تیرے لیے مسجد ہے ، جہاں نماز کا وقت ہو جائے نماز پڑھ لو ۔‘‘ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 753