Blog
Books
Search Hadith

قربانی کا بیان

43 Hadiths Found
ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ایک آدمی کو قربانی کا اونٹ ہانکتے ہوئے دیکھا تو آپ ﷺ نے فرمایا :’’ اس پر سوار ہو جا ۔‘‘ اس نے عرض کیا : یہ تو قربانی کا اونٹ ہے ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ اس پر سوار ہو جا ۔‘‘ اس نے عرض کیا : یہ تو قربانی کا اونٹ ہے ، آپ ﷺ نے دوسری یا تیسری مرتبہ فرمایا :’’ تجھ پر افسوس ہو ! اس پر سوارہو جا ۔‘‘ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 2633
ابوزبیر بیان کرتے ہیں ، میں نے جابر بن عبداللہ ؓ سے سنا ، ان سے قربانی کے اونٹ پر سواری کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا : میں نے نبی ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا :’’ جب تو اس پر سواری کرنے پر مجبور ہو جائے تو پھر سواری ملنے تک بھلے طریقے سے اس پر سواری کر ۔‘‘ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 2634
ابن عباس ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے ایک آدمی کے ساتھ قربانی کے سولہ اونٹ بھیجے اور اسے ان پر امیر مقرر کیا ، تو اس نے عرض کیا ، اللہ کے رسول ! اگر ان میں سے کوئی چلنے سے عاجز آ جائے تو پھر میں کیا کروں ؟ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ اسے نحر کر دینا اور اس (کےقلادے) کے جوتے اس کے خون میں رنگ کر اس کے پہلو پر نشان لگا دینا اور اس میں سے تم اور تمہارے ساتھی نہ کھائیں ۔‘‘ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 2635
جابر ؓ بیان کرتے ہیں ، ہم نے حدیبیہ کے سال رسول اللہ ﷺ کے ساتھ اونٹ اور گائے کو سات سات آدمیوں کی طرف سے (بطور قربانی) نحر کیا ۔ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 2636
ابن عمر ؓ سے روایت ہے کہ وہ ایک آدمی کے پاس آئے جو اپنے قربانی کے اونٹ کو بٹھا کر نحرکر رہا تھا ، تو انہوں نے اسے فرمایا :’’ محمد ﷺ کی سنت کے مطابق اسے کھڑا کرو اور اس کی ٹانگ کو باندھو (پھر نحر کرو) ۔ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 2637
علی ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے مجھے حکم فرمایا کہ میں آپ ﷺ کے قربانی کے اونٹوں کی نگرانی کروں اور ان کی لگاموں ، چمڑوں اور پالانوں کو صدقہ کر دوں اور قصاب کو اس میں سے کچھ نہ دوں ، فرمایا :’’ ہم اسے اپنے پاس سے دیں گے ۔‘‘ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 2638
جابر ؓ بیان کرتے ہیں ، ہم اپنے قربانی کے اونٹوں کا گوشت تین دن سے زائد نہیں کھایا کرتے تھے ، پھر رسول اللہ ﷺ نے ہمیں رخصت دی تو فرمایا :’’ کھاؤ اور زادِراہ کے طور پر ساتھ بھی لے جاؤ ۔‘‘ پس ہم نے کھایا اور زادِراہ کے طورپر ساتھ بھی لائے ۔ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 2639
ابن عباس ؓ روایت کرتے ہیں کہ نبی ﷺ نے حدیبیہ کے سال قربانی کے جانور بھیجے ، رسول اللہ ﷺ کے قربانی کے جانوروں میں ابوجہل کا اونٹ بھی تھا جس کی ناک میں چاندی کا اورایک دوسری روایت میں ہے کہ سونے کا ایک کڑا تھا ، آپ ﷺ اس سے مشرکین کو غصہ دلانا چاہتے تھے ۔ اسنادہ حسن ، رواہ ابوداؤد ۔

Haidth Number: 2640
ناجیہ خزاعی ؓ بیان کرتے ہیں ، میں نے عرض کیا : اللہ کے رسول ! قربانی کے اونٹوں میں سے کوئی چلنے سے عاجز آ جائے تو کیا کروں ؟ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ اسے نحر کر دینا پھر اس (کے قلادے) کے جوتے اس کے خون میں ڈبو دینا (اور اس کے پہلو پر نشان لگا دینا) پھر اسے لوگوں کے لیے چھوڑدینا تاکہ وہ اسے کھا لیں ۔‘‘ اسنادہ صحیح ، رواہ مالک و الترمذی و ابن ماجہ ۔

Haidth Number: 2641
ابوداؤد اور دارمی نے اسے ناجیہ اسلمی سے روایت کیا ہے ۔ اسنادہ صحیح ، رواہ ابوداؤد و الدارمی ۔

Haidth Number: 2642
عبداللہ بن قرط ؓ نبی ﷺ سے روایت کرتے ہیں ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ اللہ کے نزدیک سب سے عظیم دن قربانی کا دن ہے ، پھر (منیٰ میں) قرار پکڑنے (گیارہ ذوالحجہ) کا دن ہے ۔‘‘ ثور ؒ نے فرمایا : اس سے قربانی کا دوسرا دن مراد ہے ۔ راوی بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ کے پاس پانچ یا چھ قربانی کے اونٹ پیش کیے گئے ، وہ آپ ﷺ کے قریب ہونے لگے کہ آپ کس سے ابتدا فرمائیں گے ۔ راوی بیان کرتے ہیں : جب وہ پہلوں کے بل گر پڑیں تو آپ نے کوئی ہلکی سی بات کی جسے میں سمجھ نہ سکا ، تو میں نے (اپنے پاس والے شخص سے) کہا : آپ نے کیا فرمایا ہے ؟ اس نے کہا : آپ ﷺ نے فرمایا ہے :’’ جو شخص چاہے اس سے گوشت کاٹ کر لے جائے ۔‘‘ ابوداؤد ۔ عبداللہ بن عباس ؓ اور جابر ؓ سے مروی حدیث باب الاضحیۃ میں ذکر کی گئی ہے ۔ اسنادہ صحیح ، رواہ ابوداؤد ۔

Haidth Number: 2643
سلمہ بن اکوع ؓ بیان کرتے ہیں ، نبی ﷺ نے فرمایا :’’ تم میں سے جس نے قربانی کی ہے ۔ تیسرے دن کے بعد (یعنی چوتھے روز) اس کے گھر میں قربانی کا گوشت نہیں ہونا چاہیے ۔‘‘ جب آئندہ سال آیا تو صحابہ نے عرض کیا : اللہ کے رسول ! جس طرح ہم نے پچھلے سال کیا تھا کیا اس سال بھی ہم ویسے ہی کریں ؟ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ کھاؤ ، کھلاؤ اور ذخیرہ بھی کرو ، کیونکہ گزشتہ سال لوگ قحط سالی کی وجہ سے تکلیف میں تھے ، اس لیے میں نے ارادہ کیا کہ تم ان کی اعانت کرو ۔‘‘ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 2644
نُبیشہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا : ہم نے تمہیں منع کیا تھا کہ قربانی کا گوشت تین دن سے زائد نہیں کھانا تاکہ تمہیں کشائش اور خوشحالی مل جائے ، اب اللہ تعالیٰ نے تمہیں خوشحالی عطا کر دی ہے تو کھاؤ ، ذخیرہ کرو اور (صدقہ کر کے) اجر پاؤ ۔ اور سن لو ! یہ ایام کھانے پینے اور اللہ تعالیٰ کا ذکر کرنے کے ہیں ۔‘‘ صحیح ، رواہ ابوداؤ ۔

Haidth Number: 2645