اَلسَّھْوُ: (ن) وہ غلطی جو غفلت کی وجہ سے سرزد ہو اس کی دو قسمیں ہیں۔ ایک یہ کہ اس کے اسباب اور مولدات انسان کے اپنے اختیار سے پیدا کردہ نہ ہوں جیسے مجنون آدمی کا کسی انسان کو گالی دینا۔ دوم یہ کہ اس کے مولدات انسان کے خود پیدا کردہ ہوں جیسے کوئی شخص شراب نوشی کرے اور پھر اس سے (نشہ میں) بغیر ارادہ کے کوئی برائی صادر ہو پہلی قسم کی خطا تو عفو کے حکم میں ہے لیکن دوسری قسم کی خطا پر مواخذہ ہوگا۔ اور اس دوسری قسم کے سہو کی اﷲ تعالیٰ نے مذمت فرمائی ہے۔ چنانچہ قرآن پاک میں ہے: (فِیۡ غَمۡرَۃٍ سَاہُوۡنَ ) (۵۱:۱۱) بے خبری میں بھولے ہوئے ہیں۔ (عَنۡ صَلَاتِہِمۡ سَاہُوۡنَ ) (۱۰۷:۵) نماز کی طرف سے غافل رہتے ہیں۔