Blog
Books
Search Hadith

اجارہ کا بیان

بَاب الْإِجَارَة

10 Hadiths Found
عبداللہ بن مغفل ؓ بیان کرتے ہیں ، ثابت بن ضحاک نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے مزارعت سے منع فرمایا اور مؤاجرت (ٹھیکے) پر کام کرنے کا حکم فرمایا ، اور فرمایا :’’ اس میں کوئی حرج نہیں ۔‘‘ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 2981
ابن عباس ؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے پچھنے لگوائے تو پچھنے لگانے والے کو اس کی اجرت دی اور ناک میں دوائی ڈلوائی ۔ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 2982
ابوہریرہ ؓ ، نبی ﷺ نے سے روایت کرتے ہیں ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ اللہ کے ہر نبی نے بکریاں چرائی ہیں ۔‘‘ آپ کے صحابہ نے عرض کیا : آپ نے بھی ؟ فرمایا :’’ ہاں ! میں بھی چند قراط پر مکہ والوں کی بکریاں چرایا کرتا تھا ۔‘‘ رواہ البخاری ۔

Haidth Number: 2983
ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے : تین قسم کے لوگ ایسے ہیں کہ روزِ قیامت میں خود ان سے جھگڑوں گا : ایک وہ آدمی جو میرا نام لے کر عہد کرے پھر اسے توڑ ڈالے ، وہ شخص جو کسی آزاد آدمی کو بیچ کر اس کی قیمت کھا جائے اور ایک وہ آدمی جو کسی مزدور کو اجرت پر رکھے تو اس سے پورا کام لے لیکن اسے اجرت نہ دے ۔‘‘ رواہ البخاری ۔

Haidth Number: 2984
ابن عباس ؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ کے چند صحابہ کا پانی (کے گھاٹ) کے پاس سے گزر ہوا تو وہاں ایک آدمی تھا جسے بچھو یا سانپ نے ڈس لیا تھا ، اس پانی پر آباد لوگوں میں سے ایک آدمی آیا تو اس نے کہا : کیا تم میں کوئی دم جھاڑ کرنے والا ہے ؟ کیونکہ ہماری آبادی میں ایک آدمی ہے جسے بچھو یا سانپ نے ڈس لیا ہے ، ان (صحابہ کرام) میں سے ایک آدمی گیا اور کچھ بکریوں کے عوض اس پر سورۂ فاتحہ پڑھی اور بکریاں لے کر اپنے ساتھیوں کے پاس آیا تو انہوں نے اسے ناپسند کیا ، اور کہا : کیا تم نے اللہ کی کتاب پر اجرت لے لی ؟ حتی کہ وہ مدینہ پہنچ گئے ، تو انہوں نے عرض کیا : اللہ کے رسول ! اس نے اللہ کی کتاب پر اجرت لی ہے ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جس چیز پر تم اجرت لینے کے سب سے زیادہ حق دار ہو ، وہ اللہ کی کتاب ہے ۔‘‘ اور ایک دوسری حدیث میں ہے :’ تم نے ٹھیک کیا ، تقسیم کرو اور اپنے ساتھ میرا بھی حصہ مقرر کرو ۔‘‘ رواہ البخاری ۔

Haidth Number: 2985
خارجہ بن صلت اپنے چچا سے روایت کرتے ہیں ، انہوں نے کہا : ہم رسول اللہ ﷺ کے پاس سے واپس آ رہے تھے ، تو ہم ایک عرب قبیلے کے پاس آئے تو انہوں نے کہا : ہمیں پتہ چلا کہ تم اس آدمی سے خیر (یعنی قرآن) لے کر آ رہے ہو ، کیا تمہارے پاس کوئی دوائی یا دم ہے کیونکہ ہمارے پاس ایک مجنون شخص جکڑا ہوا ہے ؟ ہم نے کہا : ہاں ، وہ اس جکڑے ہوئے دیوانے کو لے آئے تو میں نے تین روز صبح و شام سورۂ فاتحہ کا دم کیا ، میں اپنی تھوک (منہ میں) جمع کر لیتا پھر اسے (اس مجنون پر) تھوک دیتا ، راوی بیان کرتے ہیں ، اس کی بیماری اور دیوانگی جاتی رہی تو انہوں نے مجھے اجرت دی تو میں نے کہا : : نہیں ، (میں اسے نہیں لوں گا) حتی کہ میں نبی ﷺ سے پوچھ لوں ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ میری عمر کی قسم ! کھاؤ ، کچھ ایسے ہیں جو جھوٹے دم کے ذریعے کھاتے ہیں ، جبکہ تم نے اچھے دم سے کھایا ۔‘‘ اسنادہ حسن ، رواہ احمد و ابوداؤد ۔

Haidth Number: 2986
عبداللہ بن عمر ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ مزدور کو اس کی اجرت ، اس کا پسینہ خشک ہونے سے پہلے ادا کر دو ۔‘‘ صحیح ، رواہ ابن ماجہ ۔

Haidth Number: 2987
حسین بن علی ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ سائل کا حق ہے خواہ وہ گھوڑے پر آئے ۔‘‘ احمد ، ابوداؤد ۔ اور مصابیح میں مرسل روایت ہے ۔ حسن ، رواہ احمد و ابوداؤد ۔

Haidth Number: 2988
عتبہ بن منذر ؓ بیان کرتے ہیں ، ہم رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں حاضر تھے کہ آپ نے ’’ سورہ طٰسٓمٓ ‘‘ تلاوت فرمائی حتی کہ آپ موسی ؑ کے قصہ پر پہنچے تو آپ ﷺ نے فرمایا :’’ موسی ؑ نے اپنی شرم گاہ کی حفاظت اور شکم سیری کی خاطر اپنے آپ کو آٹھ یا دس سال مزدوری پر لگائے رکھا ۔‘‘ اسنادہ ضعیف جذا ، رواہ احمد و ابن ماجہ ۔

Haidth Number: 2989
عبادہ بن صامت ؓ بیان کرتے ہیں ، میں نے عرض کیا ، اللہ کے رسول ! ایک آدمی نے ایک کمان مجھے بطور ہدیہ دی ہے اور یہ اس لیے ہے کہ میں اسے کتاب اور قرآن کی تعلیم دیا کرتا تھا ، اور وہ کوئی مال نہیں ، میں اس سے اللہ کی راہ میں تیر اندازی کروں گا ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ اگر تو پسند کرتا ہے کہ تجھے آگ کا طوق ڈال دیا جائے تو پھر اسے قبول کر لے ۔‘‘ اسنادہ حسن ، رواہ ابوداؤد و ابن ماجہ ۔

Haidth Number: 2990