Blog
Books
Search Hadith

ایسے قصور اور خطائیں جن پر دیت نہیں

بَاب مَا يضمن من الْجِنَايَات

21 Hadiths Found
ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ اگر چوپائے کسی کو زخمی کر دیں تو اس پر کوئی خون بہا نہیں ، اگر کوئی کان میں دب کر مر جائے اس پر کوئی خون بہا نہیں اور جو شخص کنویں میں گر کر مر جائے تو اس کا خون بہا نہیں ۔‘‘ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 3510
یعلی بن امیہ ؓ بیان کرتے ہیں ، میں نے غزوہ تبوک میں رسول اللہ ﷺ کے ساتھ شرکت کی ، میرا ایک نوکر تھا اس کا کسی شخص سے جھگڑا ہو گیا تو ان دونوں میں سے کسی ایک نے دوسرے کا ہاتھ (دانتوں سے) چبا ڈالا تو جس کا ہاتھ تھا اس نے اپنے ہاتھ کو اس کے منہ سے کھینچا تو اس کے سامنے کے دانت گرا دیے ، وہ (شکایت لے کر) نبی ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا تو آپ ﷺ نے اس کے دانتوں کو رائیگاں قرار دیا اور اس کا بدلہ نہ دلایا اور آپ ﷺ نے فرمایا :’’ کیا وہ اپنا ہاتھ تمہارے منہ میں رہنے دیتا تاکہ تم اونٹ کی طرح اسے چبا ڈالتے ۔‘‘ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 3511
عبداللہ بن عمرو ؓ بیان کرتے ہیں ، میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا :’’ جس شخص کو اپنے مال کی حفاظت کرتے ہوئے قتل کر دیا جائے تو وہ شہید ہے ۔‘‘ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 3512
ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، ایک آدمی آیا تو اس نے عرض کیا : اللہ کے رسول ! مجھے بتائیں اگر کوئی آدمی (ناحق طور پر) میرا مال لینے کے ارادے سے آئے (تو میں کیا کروں ؟) آپ ﷺ نے فرمایا :’’ تم اپنا مال اسے مت لینے دو ۔‘‘ اس نے عرض کیا ، مجھے بتائیں اگر وہ مجھ سے جھگڑا کرے تو ؟ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ تم بھی اس سے جھگڑا کرو ۔‘‘ اس نے عرض کیا : مجھے بتائیں اگر وہ مجھے قتل کر دے ؟ تو آپ ﷺ نے فرمایا :’’ تم شہید ہو ۔‘‘ اس نے عرض کیا : مجھے بتائیں اگر میں اسے قتل کر دوں ؟ تو آپ ﷺ نے فرمایا :’’ وہ جہنمی ہے ۔‘‘ (تم پر کوئی مؤاخذہ نہیں) ۔ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 3513
ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ انہوں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا :’’ اگر کوئی شخص بلا اجازت تمہارے گھر میں جھانکے اور تم اسے کنکری مارو جس سے اس کی آنکھ پھوٹ جائے تو تم پر کوئی گناہ نہیں ۔‘‘ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 3514
سہل بن سعد ؓ سے روایت ہے کہ ایک آدمی نے رسول اللہ ﷺ کے دروازے کے سوراخ میں سے جھانکا ، رسول اللہ ﷺ کے پاس لکڑی یا لوہے کی کنگھی نما کوئی چیز تھی جس سے آپ اپنا سر کھجلاتے تھے ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ اگر مجھے پتہ ہوتا کہ تم مجھے دیکھ رہے ہو تو میں اسے تمہاری دونوں آنکھوں میں چبھو دیتا ، دیکھنے ہی کی وجہ سے تو اجازت لینا مقرر کیا گیا ہے ۔‘‘ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 3515
عبداللہ بن مغفل ؓ سے روایت ہے کہ انہوں نے ایک آدمی کو کنکریاں پھینکتے ہوئے دیکھا تو انہوں نے کہا : کنکریاں مت پھینکو کیونکہ رسول اللہ ﷺ نے کنکریاں پھینکنے سے منع فرمایا ہے اور آپ ﷺ نے فرمایا :’’ اس سے نہ تو شکار کیا جا سکتا ہے اور نہ دشمن کو زخمی کیا جا سکتا ہے لیکن یہ (پھینکنا) دانت توڑ سکتا ہے اور آنکھ پھوڑ سکتا ہے ۔‘‘ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 3516
ابوموسیٰ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جب تم میں سے کوئی شخص ہماری مسجد اور ہمارے بازار میں سے گزرے اور اس کے پاس تیر ہو تو وہ اس کے پیکان پر ہاتھ رکھے تاکہ اس سے کوئی مسلمان زخمی نہ ہو جائے ۔‘‘ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 3517
ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ تم میں سے کوئی اسلحہ کے ذریعے اپنے بھائی کی طرف اشارہ نہ کرے کیونکہ وہ نہیں جانتا کہ ہو سکتا ہے شیطان اس کے ہاتھ سے جھپٹ کر (اس کے بھائی پر وار کرے) اسی طرح یہ جہنم میں جا گرے ۔‘‘ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 3518
ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جو شخص نیزے سے اپنے بھائی کی طرف اشارہ کرے ، فرشتے اس پر لعنت بھیجتے رہتے ہیں ، حتی کہ وہ اسے رکھ دے ۔ خواہ وہ اس کا حقیقی بھائی ہی کیوں نہ ہو ۔‘‘ رواہ البخاری ۔

Haidth Number: 3519
ابن عمر ؓ اور ابوہریرہ ؓ ، نبی ﷺ سے روایت کرتے ہیں ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ جو شخص ہمارے خلاف اسلحہ اٹھائے تو وہ ہم میں سے نہیں ۔‘‘ اور امام مسلم ؒ نے یہ اضافہ نقل کیا ہے :’’ جس نے ہمیں دھوکہ دیا وہ ہم میں سے نہیں ۔‘‘ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 3520
سلمہ بن اکوع ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جس نے ہمارے خلاف تلوار اٹھائی وہ ہم میں سے نہیں ۔‘‘ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 3521
ہشام بن عروہ اپنے والد سے روایت کرتے ہیں کہ ہشام بن حکیم شام میں قوم انباط کے کچھ لوگوں کے پاس سے گزرے جنہیں دھوپ میں کھڑا کیا گیا تھا اور ان کے سروں پر زیتون کا تیل ڈالا جا رہا تھا ، انہوں نے پوچھا : یہ کیا معاملہ ہے ؟ بتایا گیا کہ انہیں ٹیکس کی عدم ادائیگی کی وجہ سے سزا دی جا رہی ہے ، ہشام نے کہا : میں گواہی دیتا ہوں کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا :’’ وہ بے شک اللہ ان لوگوں کو عذاب دے گا جو لوگوں کو دنیا میں (ناحق) عذاب و سزا دیتے ہیں ۔‘‘ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 3522
ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ اگر تمہاری عمر دراز ہوئی تو قریب ہے کہ تم کچھ ایسے لوگ دیکھو گے جن کے ہاتھوں میں گائے کی دم جیسے (کوڑے) ہوں گے ، وہ صبح و شام (ہمیشہ) اللہ کے غضب اور ناراضی میں رہیں گے ۔‘‘ اور ایک روایت میں ہے :’’ وہ اللہ کی لعنت میں شام کرتے ہیں ۔‘‘ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 3523
ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جہنمیوں کے دو گروہ ایسے ہیں ، جنہیں میں نے نہیں دیکھا ، ایک وہ لوگ جن کے پاس گائے کی دموں جیسے کوڑے ہوں گے جن کے ساتھ وہ لوگوں کو مارتے ہوں گے ، اور وہ عورتیں جو لباس پہن کر بھی عریاں ہوں گی ، مائل کرنے والی ، مٹک مٹک کر چلنے والی ہوں گی ، ان کے سر بختی اونٹوں کی جھکی ہوئی کوہانوں کی طرح اٹھے ہوئے ہوں گے ، یہ دونوں گروہ نہ تو جنت میں جائیں گے اور نہ اس کی خوشبو پائیں گے ، حالانکہ اس کی خوشبو دوردراز تک پھیلی ہو گی ۔‘‘ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 3524
ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جب تم میں سے کوئی (کسی کو) مارے تو وہ چہرے سے اجتناب کرے ، کیونکہ اللہ نے آدم ؑ کو اپنی صورت پر پیدا فرمایا ہے ۔‘‘ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 3525
ابوذر ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جس نے پردہ اٹھایا اور بلا اجازت گھر میں نظر ڈالی اور گھر والوں کی پردہ کی چیز کو دیکھ لیا تو اس نے ایک حد کا ارتکاب کیا جس کا ارتکاب کرنا اس کے لیے حلال نہیں تھا ، اور اگر اس وقت ، جب اس نے نظر ڈالی ، ایک آدمی اس کے سامنے آ گیا اور اس نے اس کی آنکھ پھوڑ دی ، میں اس کی سرزنش نہیں کروں گا ، اور اگر آدمی کسی ایسے دروازے سے گزرے جس کا کوئی پردہ نہ ہو اور نہ وہ بند ہو اور وہ دیکھ لے تو اس کی کوئی غلطی نہیں ، غلطی تو گھر والوں کی ہے ۔‘‘ اس حدیث کو ترمذی نے روایت کیا ہے ، اور انہوں نے کہا : یہ حدیث غریب ہے ۔ اسنادہ ضعیف ، رواہ الترمذی ۔

Haidth Number: 3526
جابر ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے بے نیام تلوار کسی کو دینے سے منع فرمایا ہے ۔ سندہ ضعیف ، رواہ الترمذی و ابوداؤد ۔

Haidth Number: 3527
حسن ، سمرہ ؓ سے روایت کرتے ہیں ، کہ رسول اللہ ﷺ نے دو انگلیوں کے درمیان تسمہ چیرنے سے منع فرمایا ہے ۔ حسن ، رواہ ابوداؤد ۔

Haidth Number: 3528
سعید بن زید ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جو شخص اپنے دین کی حفاظت کرتے ہوئے مارا جائے تو وہ شہید ہے ، جو شخص اپنی جان کی حفاظت کرتے ہوئے مارا جائے وہ بھی شہید ہے ، جو شخص اپنے مال کی حفاظت کرتا مارا جائے وہ بھی شہید ہے اور جو شخص اپنے اہل و عیال کی حفاظت کرتے مارا جائے وہ بھی شہید ہے ۔‘‘ اسنادہ صحیح ، رواہ الترمذی و ابوداؤد و النسائی ۔

Haidth Number: 3529
ابن عمر ؓ ، نبی ﷺ سے روایت کرتے ہیں ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ جہنم کے سات دروازے ہیں ان میں سے ایک دروازہ اس شخص کے لیے ہے جس نے میری امت کے خلاف تلوار اٹھائی ، یا فرمایا :’’ (جس نے) محمد ﷺ کی امت کے خلاف (تلوار اٹھائی) ۔‘‘ ترمذی ، اور انہوں نے کہا : یہ حدیث غریب ہے ۔ اسنادہ ضعیف ، رواہ الترمذی ۔ اور ابوہریرہ ؓ سے مروی حدیث :’’ چوپائے کے پاؤں سے لگنے والا زخم رائیگاں ہے ۔‘‘ باب الغضب میں ذکر کی گئی ہے ۔

Haidth Number: 3530