Blog
Books
Search Hadith

شراب نوشی پر حد قائم کرنے کا بیان

بَاب حد الْخمر

11 Hadiths Found
انس ؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے شراب نوشی پر کھجور کی ٹہنیاں اور جوتے مارے اور ابوبکر ؓ نے چالیس کوڑے مارے ۔ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 3614
اور انس ؓ سے مروی ایک اور حدیث میں ہے کہ نبی ﷺ شراب نوشی پر چالیس جوتے اور شاخیں مارا کرتے تھے ۔ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 3615
سائب بن یزید ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ کے دور میں ، ابوبکر ؓ کے دور خلافت اور عمر ؓ کے خلافت کے شروع کے دور میں شراب نوش کو لایا جاتا تو ہم اپنے ہاتھوں ، جوتوں اور اپنے کپڑوں کے ساتھ اسے مارتے تھے حتی کہ عمر ؓ کی خلافت کے آخری دور میں چالیس کوڑے مارے جاتے تھے حتی کہ جب وہ حد سے بڑھ گئے اور سرکشی پر اُتر آئے تو انہوں نے اسّی کوڑے مارے ۔ رواہ البخاری ۔

Haidth Number: 3616
جابر ؓ ، نبی ﷺ سے روایت کرتے ہیں ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ جو شخص شراب پیئے تو اسے کوڑے مارو ، اگر وہ چوتھی مرتبہ پیئے تو اسے قتل کر دو ۔‘‘ راوی بیان کرتے ہیں ، پھر اس کے بعد نبی ﷺ کی خدمت میں ایک آدمی پیش کیا گیا جس نے چوتھی مرتبہ شراب پی تھی آپ ﷺ نے اسے قتل نہیں کیا ۔ حسن ، رواہ الترمذی ۔

Haidth Number: 3617
امام ابوداؤد نے اسے قبیصہ بن ذؤیب سے روایت کیا ہے ۔ حسن ، رواہ ابوداؤد ۔

Haidth Number: 3618
ابوداؤد اور ترمذی کی دوسری روایت اور نسائی ، ابن ماجہ اور دارمی کی رسول اللہ ﷺ کے صحابہ کی جماعت ، جن میں ابن عمر ؓ ، معاویہ ؓ ، ابوہریرہ ؓ اور شرید ؓ ہیں ، سے ’’ اسے قتل کر دو ۔‘‘ تک مروی ہے ۔ صحیح ، رواہ ابوداؤد و الترمذی و النسائی و ابن ماجہ و الدارمی ۔

Haidth Number: 3619
عبدالرحمن بن ازہر ؓ بیان کرتے ہیں ، گویا کہ میں رسول اللہ ﷺ کو دیکھ رہا ہوں جب ایک شخص کو ، جس نے شراب پی رکھی تھی ، لایا گیا تو آپ نے لوگوں سے فرمایا :’’ اسے مارو ۔‘‘ ان میں سے کسی نے اسے جوتوں کے ساتھ مارا ، کسی نے لاٹھی کے ساتھ مارا اور کسی نے اسے کھجور کی سبز شاخ کے ساتھ مارا ، پھر رسول اللہ ﷺ نے زمین سے خاک اٹھائی اور اس کے چہرے پر دے ماری ۔ حسن ، رواہ ابوداؤد ۔

Haidth Number: 3620
ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ کے پاس ایک آدمی لایا گیا جس نے شراب پی تھی ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ اسے مارو ۔‘‘ ہم میں سے کوئی اسے ہاتھ مار رہا تھا ، کوئی اپنے کپڑے سے اور کوئی اپنے جوتے سے مار رہا تھا پھر آپ ﷺ نے فرمایا :’’ اسے ملامت کرو ۔‘‘ وہ اس کی طرف متوجہ ہو کر کہنے لگے : تو اللہ سے نہ ڈرا ، تجھے اللہ کا خوف نہ آیا اور تجھے اللہ کے رسول ﷺ سے حیا نہ آئی ، اور کسی نے کہہ دیا : اللہ تمہیں رسوا کرے ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ اس طرح نہ کہو ، اور اس کے خلاف شیطان کی مدد نہ کرو ۔ بلکہ تم کہو : اے اللہ ! اسے بخش دے اور اس پر رحم فرما ۔‘‘ صحیح ، رواہ ابوداؤد ۔

Haidth Number: 3621
ابن عباس ؓ بیان کرتے ہیں ، ایک آدمی نے شراب پی تو وہ مدہوش ہو گیا ۔ وہ راستے میں جھومتا ہوا ملا تو اسے رسول اللہ ﷺ کی طرف لے جایا جانے لگا ۔ جب وہ عباس ؓ کے گھر کے برابر پہنچا تو وہ بھاگ کر عباس ؓ کے پاس پہنچ گیا اور ان سے چمٹ گیا ، نبی ﷺ سے اس کا ذکر کیا گیا تو آپ ﷺ مسکرا دیے ، اور فرمایا :’’ کیا اس نے یہ کیا ؟‘‘ اور آپ نے اس کے متعلق کچھ بھی نہ کہا ۔ صحیح ، رواہ ابوداؤد ۔

Haidth Number: 3622
عمیر بن سعید نخعی بیان کرتے ہیں ، میں نے علی بن ابی طالب ؓ کو فرماتے ہوئے سنا : اگر میں کسی شخص پر حد قائم کروں اور وہ فوت ہو جائے تو میں اپنے دل میں کسی قسم کا افسوس نہیں کروں گا ۔ لیکن اگر شرابی پر حد قائم کروں اور وہ فوت ہو جائے تو میں اس کی طرف سے دیت دوں گا ۔ یہ اس لیے کہ رسول اللہ ﷺ نے اس بارے میں کوئی حد مقرر نہیں فرمائی ۔ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 3623
ثور بن زید دیلمی بیان کرتے ہیں ، عمر ؓ نے حد شراب کے متعلق مشورہ طلب کیا تو علی ؓ نے انہیں فرمایا : میرا خیال ہے کہ آپؓ اسے اسّی کوڑے ماریں ، کیونکہ جب وہ شراب پیتا ہے تو وہ مدہوش ہو جاتا ہے اور جب مدہوش ہو جاتا ہے تو وہ ہذیانی کیفیت میں اول فول باتیں کرتا ہے ۔ اور جب وہ اول فول باتیں کرتا ہے تو پھر افترا پردازی کرتا ہے ، عمر ؓ نے شراب کی حد میں اسّی کوڑے مارے ۔ صحیح ، رواہ مالک ۔

Haidth Number: 3624