Blog
Books
Search Hadith

حکمرانوں کے وظائف اور ان کے تحائف کا بیان

بَاب رزق الْوُلَاة وهداياهم

13 Hadiths Found
ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ میں نہ تمہیں دیتا ہوں اور نہ تم سے روکتا ہوں ، میں تو تقسیم کرنے والا ہوں میں تو اسی جگہ پر خرچ کرتا ہوں جہاں کے متعلق مجھے حکم دیا جاتا ہے ۔‘‘ رواہ البخاری ۔

Haidth Number: 3745
خولہ انصاریہ ؓ بیان کرتی ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ کچھ لوگ اللہ کے مال (بیت المال) میں ناحق تصرف کرتے ہیں ، روز قیامت ان کے لیے (جہنم کی) آگ ہے ۔‘‘ رواہ البخاری ۔

Haidth Number: 3746
عائشہ ؓ بیان کرتی ہیں ، جب ابوبکر ؓ خلیفہ بنے تو انہوں نے فرمایا :’’ میری قوم جانتی ہے کہ میرا کاروبار میرے اہل خانہ کے اخراجات کے لیے کافی تھا ، مجھے مسلمانوں کے معاملات کے حوالے سے مشغول کر دیا گیا ہے لہذا آل ابوبکر اس مال سے کھائیں گے اور ابوبکر ؓ مسلمانوں کے لیے کام کریں گے ۔ رواہ البخاری ۔

Haidth Number: 3747
بُریدہ ؓ ، نبی ﷺ سے روایت کرتے ہیں ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ ہم جس شخص کو کسی کام پر مقرر کریں اور اسے تنخواہ بھی دیں ، اور پھر اس کے علاوہ جو مال وہ حاصل کرے گا وہ خیانت ہے ۔‘‘ اسنادہ حسن ، رواہ ابوداؤد ۔

Haidth Number: 3748
عمر ؓ بیان کرتے ہیں ، میں نے رسول اللہ ﷺ کے دور میں (امارت کا) کام کیا تو آپ نے مجھے اجرت عطا فرمائی ۔ صحیح ، رواہ ابوداؤد ۔

Haidth Number: 3749
معاذ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے مجھے یمن کی طرف بھیجا ، جب میں چلا تو آپ نے میرے پیچھے قاصد بھیج کر مجھے واپس بلا لیا ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ کیا تو جانتا ہے کہ میں نے تمہاری طرف (قاصد) کیوں بھیجا ؟ (اس لیے کہ تمہیں کوئی وصیت کروں) تم میری اجازت کے بغیر کوئی چیز نہ لینا ، کیونکہ (اگر تم لو گے تو) وہ خیانت ہو گی ، اور جو شخص خیانت کرے گا وہ اس خیانت کو روز قیامت لے کر حاضر ہو گا ۔ میں نے اسی لیے تمہیں واپس بلایا تھا ، اب تم اپنے کام کے لیے جاؤ ۔‘‘ اسنادہ ضعیف ، رواہ الترمذی ۔

Haidth Number: 3750
مستورد بن شداد ؓ بیان کرتے ہیں ، میں نے نبی ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا :’’ جو شخص ہمارا عامل (حکمران ، گورنر) ہو (اور اگر اس کی بیوی نہ ہو تو وہ بیت المال میں سے حق مہر ادا کر کے) شادی کر لے ۔ اگر اس کا خادم نہ ہو تو وہ خادم خرید لے اور اگر اس کی رہائش نہ ہو تو وہ رہائش خرید لے ۔‘‘ صحیح ، رواہ ابوداؤد ۔ ایک دوسری روایت میں ہے :’’ جس نے اس کے علاوہ کچھ حاصل کیا تو وہ خیانت کرنے والا ہے ۔‘‘

Haidth Number: 3751
عدی بن عمیرہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ لوگو ! تم میں سے جس شخص کو ہمارے کسی کام پر عامل مقرر کیا جائے اور وہ اس میں سے سوئی یا اس سے کوئی چھوٹی بڑی چیز ہم سے چھپا لے تو وہ خیانت کرنے والا ہے ، وہ روز قیامت اسے لے کر آئے گا ۔‘‘ (یہ بات سن کر) انصار میں سے ایک آدمی کھڑا ہوا اور اس نے عرض کیا : اللہ کے رسول ! آپ اپنی تفویض کردہ ذمہ داری مجھ سے واپس لے لیں ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ وہ کس لیے ؟‘‘ اس نے عرض کیا : میں نے آپ کو ایسے ایسے فرماتے ہوئے سنا ہے ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ میں یہ کہتا ہوں ، ہم جس شخص کو عامل مقرر کریں تو اسے چاہیے کہ وہ حاصل ہونے والی ہر قلیل و کثیر چیز پیش کرے ۔ اور پھر اس میں سے جو اسے دیا جائے وہ اسے لے لے اور جس چیز سے اسے روک دیا جائے تو وہ اس سے رک جائے ۔‘‘ مسلم ، ابوداؤد ۔ اور الفاظ حدیث ابوداؤد کے ہیں ۔ رواہ مسلم و ابوداؤد ۔

Haidth Number: 3752
عبداللہ بن عمرو ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے رشوت دینے والے اور رشوت لینے والے پر لعنت فرمائی ہے ۔ اسنادہ حسن ، رواہ ابوداؤد و ابن ماجہ ۔

Haidth Number: 3753
امام ترمذی نے عبداللہ بن عمرو ؓ سے اور ابوہریرہ ؓ سے روایت کیا ہے ۔ اسنادہ حسن ، رواہ الترمذی ۔

Haidth Number: 3754
امام احمد نے اسے روایت کیا ہے اور امام بیہقی نے شعب الایمان میں اسے ثوبان ؓ سے روایت کیا ہے ۔ اور اس میں یہ اضافہ نقل کیا ہے : ((وَالرَّائِشَ)) یعنی جو دونوں (رشوت دینے والے اور رشوت لینے والے) کے درمیان معاملہ طے کراتا ہے (اس پر بھی لعنت فرمائی) ۔ سندہ ضعیف ، رواہ احمد و البیھقی فی شعب الایمان ۔

Haidth Number: 3755
عمرو بن عاص ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے مجھے پیغام بھیجا کہ میں اپنا اسلحہ اور کپڑے جمع کر کے آپ ﷺ کی خدمت میں پیش کر دوں ، وہ بیان کرتے ہیں ، میں حاضر خدمت ہوا تو آپ وضو فرما رہے تھے ، آپ نے فرمایا :’’ عمرو ! میں نے تمہاری طرف پیغام بھیجا تھا کہ میں تمہیں کسی مہم پر روانہ کروں ، اللہ تمہیں سلامت رکھے ، تمہیں مال غنیمت عطا فرمائے اور میں تمہیں کچھ مال عطا کروں گا ۔‘‘ میں نے عرض کیا : اللہ کے رسول ! میری ہجرت مال کی خاطر نہیں تھی ، وہ تو محض اللہ اور اس کے رسول کی خاطر تھی ۔ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ حلال مال ، صالح مرد کے لیے اچھا ہے ۔‘‘ شرح السنہ اور امام احمد نے بھی اسی طرح روایت کیا ہے ، اس کے الفاظ یہ ہیں :’’ صالح انسان کے لیے حلال مال بہتر ہے ۔‘‘ اسنادہ حسن ، فی شرح السنہ و احمد ۔

Haidth Number: 3756
ابوامامہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جس نے کسی کی سفارش کی ، اور وہ اسے (سفارش کرنے) کی وجہ سے کوئی تحفہ پیش کرے اور سفارش کرنے والا اس تحفہ کو قبول کرے تو وہ سود کے دروازوں میں سے ایک بڑے دروازے میں داخل ہو گیا ۔‘‘ اسنادہ ضعیف ، رواہ ابوداؤد ۔

Haidth Number: 3757