جابر ؓ بیان کرتے ہیں ، میں نے ایک غزوہ میں نبی ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا :’’ جوتے کا استعمال زیادہ تر کرو ، کیونکہ آدمی جب جوتے پہنے ہوئے ہوتا ہے تو وہ اس وقت سوار ہوتا ہے ۔‘‘ رواہ مسلم ۔
ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جب تم میں سے کوئی جوتے پہنے تو وہ دائیں سے شروع کرے اور جب اتارے تو پہلے بایاں اتارے تا کہ دایاں پاؤں پہننے میں پہلے ہو اور اتارنے میں آخر پر ہو ۔‘‘ متفق علیہ ۔
ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ تم میں سے کوئی شخص ایک جوتا پہن کر نہ چلے پھرے ، وہ دونوں جوتے اتار کر چلے یا پھر دونوں پہن کر چلے ۔‘‘ متفق علیہ ۔
جابر ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جب تم میں سے کسی کے جوتے کا تسمہ ٹوٹ جائے تو وہ ایک جوتے میں نہ چلے حتی کہ وہ اپنا تسمہ مرمت کر لے ، ایک موزے میں نہ چلے اور نہ بائیں ہاتھ سے کھائے اور نہ ایک کپڑے میں گوٹ مار کر بیٹھے اور نہ اس طرح کپڑا لپیٹے کہ اس کے ہاتھ وغیرہ بھی باہر نہ نکل سکیں ۔‘‘ رواہ مسلم ۔
قاسم بن محمد ، عائشہ ؓ سے روایت کرتے ہیں ، انہوں نے فرمایا : بسا اوقات نبی ﷺ ایک جوتے میں چلتے تھے ۔ اور ایک دوسری روایت میں ہے کہ عائشہ ؓ ایک جوتے میں چلی تھیں ۔ ترمذی ، اور فرمایا : یہ حدیث زیادہ صحیح ہے ۔ اسنادہ ضعیف ، رواہ الترمذی ۔
ابن بریدہ اپنے والد سے روایت کرتے ہیں کہ نجاشی نے نبی ﷺ کی خدمت میں دو سیاہ سادہ موزے بھیجے تو آپ نے انہیں پہنا ۔ ابن ماجہ
اور امام ترمذی نے ابن بریدہ عن ابیہ کی سند سے یہ اضافہ نقل کیا ہے : پھر آپ ﷺ نے وضو کیا اور ان دونوں پر مسح کیا ۔ سندہ ضعیف ، رواہ ابن ماجہ و الترمذی ۔