Blog
Books
Search Hadith

مخلوق پر شفقت و رحمت کا بیان

بَابُ الشَّفَقَةِ وَالرَّحْمَةِ

56 Hadiths Found
جریر بن عبداللہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ اللہ اس شخص پر رحم نہیں فرماتا جو لوگوں پر رحم نہیں کرتا ۔‘‘ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 4947
عائشہ ؓ بیان کرتی ہیں ، ایک اعرابی نبی ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا تو اس نے پوچھا : کیا آپ بچوں کا بوسہ لیتے ہیں ؟ جبکہ ہم تو ان کا بوسہ نہیں لیتے ، نبی ﷺ نے فرمایا :’’ میں تمہارے متعلق اختیار نہیں رکھتا جبکہ اللہ نے تیرے دل سے رحمت نکال دی ہے ، (کہ میں اسے واپس لا سکوں) ۔‘‘ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 4948
عائشہ ؓ بیان کرتی ہیں ، ایک عورت میرے پاس آئی اور اس کے ساتھ اس کی دو بیٹیاں بھی تھیں ، اس نے مجھ سے سوال کیا ، میرے پاس صرف ایک کھجور ہی تھی ، میں نے وہی اسے دے دی ، اس نے اسے اپنی دونوں بیٹیوں کے درمیان تقسیم کر دیا ، اور خود نہ کھائی ، پھر وہ کھڑی ہوئی اور چلی گئی ۔ نبی ﷺ میرے پاس تشریف لائے تو میں نے آپ سے اس کا تذکرہ کیا تو آپ ﷺ نے فرمایا :’’ جس شخص کی ان بیٹیوں سے کسی طرح آزمائش کی گئی اور اس نے ان سے حسن سلوک کیا تو وہ اس کے لیے جہنم سے آڑ بن جائیں گی ۔‘‘ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 4949
انس ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جس شخص نے دو بچیوں کی پرورش کی حتی کہ وہ بالغ ہو گئیں تو وہ روز قیامت اس طرح آئے گا کہ میں اور وہ اس طرح ہوں گے ۔‘‘ اور آپ نے اپنی انگلیاں ملائیں ۔ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 4950
ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ بیوہ اور مسکین کی ضرورتوں کا خیال رکھنے والا ، اللہ کی راہ میں جہاد کرنے والے کی طرح ہے ۔‘‘ اور میرا خیال ہے کہ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ وہ قیام کرنے (تہجد پڑھنے) والے کی طرح ہے جو سستی نہیں کرتا ، اور اس روزہ دار کی طرح ہے جو افطار نہیں کرتا (مسلسل روزے رکھتا ہے) ۔‘‘ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 4951
سہل بن سعد ؓ بیان کرتے ہیں، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ میں اور یتیم کی کفالت کرنے والا ، خواہ یتیم اس کا اپنا ہو یا کسی اور کا ، جنت میں اس طرح ہوں گے ۔‘‘ اور آپ ﷺ نے انگشت شہادت اور درمیانی انگلی کے ساتھ اشارہ فرمایا اور پھر ان دونوں (انگلیوں) کے درمیان کچھ فرق کیا ۔ رواہ البخاری ۔

Haidth Number: 4952
نعمان بن بشیر ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ آپ مؤمنوں کو باہم رحمت و مہربانی کرنے ، باہم محبت اور معاونت کرنے میں ، جسم کی مانند پائیں گے ، جب کوئی عضو تکلیف میں مبتلا ہوتا ہے تو اس کی وجہ سے اس کا سارا جسم بیداری اور بخار میں مبتلا رہتا ہے ۔‘‘ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 4953
نعمان بن بشیر ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ تمام مومن فردِ واحد کی طرح ہیں ، اگر اس کی آنکھ دکھتی ہے تو اس کا سارا جسم دکھتا ہے ، اور اگر اس کا سر تکلیف میں مبتلا ہوتا ہے تو بھی اس کا سارا جسم تکلیف محسوس کرتا ہے ۔‘‘ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 4954
ابوموسی ؓ نبی ﷺ سے روایت کرتے ہیں ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ مومن (دوسرے) مومن کے لیے عمارت کی مانند ہے ، جس کا ایک حصہ دوسرے حصے کو مضبوط کرتا ہے ۔‘‘ پھر آپ ﷺ نے ایک ہاتھ کی انگلیاں دوسرے ہاتھ کی انگلیوں میں ڈالیں ۔ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 4955
ابوموسی ؓ نبی ﷺ سے روایت کرتے ہیں کہ جب سائل یا کوئی ضرورت مند شخص آپ کے پاس آتا تو آپ ﷺ فرماتے :’’ تم (مجھ سے) سفارش کرو تمہیں اجر ملے گا ، اور اللہ جو چاہے گا وہ اپنے رسول کی زبان پر جاری فرما دے گا ۔‘‘ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 4956
انس ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ اپنے (مسلمان) بھائی کی مدد کرو ، وہ ظالم ہو یا مظلوم ۔‘‘ کسی آدمی نے عرض کیا : اللہ کے رسول ! میں مظلوم کی تو مدد کروں گا لیکن ظالم کی مدد کیسے کروں ؟ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ تمہارا اسے ظلم سے روکنا ، یہی تمہارا اس کی مدد کرنا ہے ۔‘‘ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 4957
ابن عمر ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ مسلمان مسلمان کا بھائی ہے نہ تو وہ اس پر ظلم کرتا ہے اور نہ اسے (ظالم کے) سپرد کرتا ہے اور جو شخص اپنے بھائی کی حاجت پوری کرنے میں لگا ہو تو اللہ اس کی حاجت پوری فرماتا ہے ، اور جو شخص کسی مسلمان کی کوئی پریشانی دور کرتا ہے تو اللہ اس سے قیامت کے روز کی پریشانیوں میں سے کوئی پریشانی دور فرما دے گا ، اور جو شخص کسی مسلمان کی پردہ پوشی کرتا ہے تو روزِ قیامت اللہ اس کی پردہ پوشی فرمائے گا ۔‘‘ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 4958
ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ مسلمان مسلمان کا بھائی ہے وہ نہ اس پر ظلم کرتا ہے اور نہ اسے بے یار و مددگار چھوڑتا ہے اور نہ ہی اسے حقیر خیال کرتا ہے ، تقویٰ یہاں ہے ۔‘‘ اور آپ نے اپنے سینے کی طرف تین مرتبہ اشارہ کیا ’’ کسی آدمی کے برا ہونے کے لیے یہی کافی ہے کہ وہ اپنے مسلمان بھائی کو حقیر خیال کرے ، ہر مسلمان کا خون ، اس کا مال اور اس کی عزت دوسرے مسلمان پر حرام ہے ۔‘‘ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 4959
عیاض بن حمار ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ اہل جنت تین قسم کے ہیں : منصف ، خیرات کرنے والا اور نیکی کرنے کی توفیق سے نوازا گیا بادشاہ ، (دوسرا) ہر رشتے دار سے (خصوصاً) اور ہر مسلمان سے (عموماً) مہربانی اور نرم دلی کے جذبات رکھنے والا شخص اور (تیسرا) عیال دار جو کہ حرام چیزوں اور سوال کرنے سے اجتناب کرتا ہے ۔ جبکہ جہنمیوں کی پانچ اقسام ہیں : وہ ضعیف جس میں عقل نہیں (جس کے ذریعے وہ بری بات سے بچے) ، وہ لوگ جو تمہارے ماتحت ہیں ، جنہیں (حلال) اہل و عیال اور مال کی خواہش نہیں ، خائن شخص کہ اگر اس کے دل میں کسی معمولی سی چیز کا طمع پیدا ہو تو وہ اس کی خیانت کر لیتا ہے ، وہ آدمی جو صبح و شام (ہر موقع پر) تیرے اہل و عیال اور تیرے مال کے بارے میں تجھ سے دھوکہ کرتا ہے ۔‘‘ اور آپ نے بخیل یا جھوٹے کا ذکر کیا ۔‘‘ اور بداخلاق جو فحش گو ہو ۔‘‘ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 4960
انس ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے ! کوئی بندہ اس وقت تک مومن نہیں ہو سکتا جب تک وہ اپنے بھائی کے لیے وہی چیز پسند نہ کرے جو وہ اپنے لیے پسند کرتا ہے ۔‘‘ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 4961
ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ اللہ کی قسم ! وہ مومن نہیں ، اللہ کی قسم ! وہ مومن نہیں ، اللہ کی قسم ! وہ مومن نہیں ۔‘‘ عرض کیا گیا : اللہ کے رسول ! کون (مومن نہیں) ؟ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ جس کی شرارتوں سے اس کا پڑوسی محفوظ نہیں ۔‘‘ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 4962
انس ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ وہ شخص ، جس کی شرانگیزیوں سے اس کا پڑوسی محفوظ نہ ہو وہ جنت میں نہیں جائے گا ۔‘‘ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 4963
عائشہ اور ابن عمر ؓ ، نبی ﷺ سے روایت کرتے ہیں ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ جبریل ؑ پڑوسی کے متعلق مجھے مسلسل وصیت کرتے رہے یہاں تک کہ میں نے خیال کیا کہ وہ اسے وارث بنا دیں گے ۔‘‘ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 4964
عبداللہ بن مسعود ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جب تم تین ہو تو تیسرے کو چھوڑ کر دو ایک دوسرے سے سرگوشی نہ کریں حتی کہ تم لوگوں کے ساتھ مل جاؤ ، اس کے لیے یہ طرز عمل اس (تیسرے شخص) کو غم میں مبتلا کر دے گا ۔‘‘ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 4965
تمیم داری ؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے تین مرتبہ فرمایا :’’ دین ، اخلاص و خیر خواہی (کا نام) ہے ۔‘‘ ہم نے عرض کیا ، کس کے لیے ؟ فرمایا :’’ اللہ کے لیے ، اس کی کتاب کے لیے ، اس کے رسول کے لیے ، مسلمانوں کے حکمرانوں کے لیے اور عام مسلمانوں کے لیے ۔‘‘ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 4966
جریر بن عبداللہ ؓ بیان کرتے ہیں ، میں نے نماز قائم کرنے ، زکوۃ ادا کرنے اور ہر مسلمان کے ساتھ خیر خواہی کرنے پر رسول اللہ ﷺ کی بیعت کی ۔ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 4967
ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، میں نے ابوالقاسم صادق و مصدوق ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا :’’ کسی بدنصیب شخص ہی سے رحمت سلب کی جاتی ہے ۔‘‘ اسنادہ حسن ، رواہ احمد و الترمذی ۔

Haidth Number: 4968
عبداللہ بن عمرو ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ رحم کرنے والوں پر رحمن رحم فرماتا ہے ، زمین والوں پر تم رحم کرو ، آسمان والا تم پر رحم فرمائے گا ۔‘‘ اسنادہ حسن ، رواہ ابوداؤد و الترمذی ۔

Haidth Number: 4969
ابن عباس ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جو شخص ہمارے چھوٹوں پر رحم نہیں کرتا اور ہمارے بڑوں کی توقیر نہیں کرتا ، نیکی کا حکم نہیں کرتا اور نہ وہ برائی سے روکتا ہے ، وہ ہم میں سے نہیں ۔‘‘ ترمذی ، اور انہوں نے فرمایا : یہ حدیث غریب ہے ۔ سندہ ضعیف ، رواہ الترمذی ۔

Haidth Number: 4970
انس ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جو نوجوان کسی عمر رسیدہ شخص کی اس کے عمر رسیدہ ہونے کی وجہ سے عزت کرتا ہے تو اللہ اس کے عمر رسیدہ ہونے پر ایسا شخص متعین فرمائے گا جو اس کی عزت کرے گا ۔‘‘ اسنادہ ضعیف ، رواہ الترمذی ۔

Haidth Number: 4971
ابوموسی ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ بوڑھے مسلمان کی عزت کرنا ، ایسے حافظ قرآن کی عزت کرنا جو غلو سے کام نہ لیتا ہو اور عادل بادشاہ کی عزت کرنا اللہ کی عظمت سے ہے ۔‘‘ سندہ ضعیف ، رواہ ابوداؤد و البیھقی فی شعب الایمان ۔

Haidth Number: 4972
ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ مسلمانوں کے گھروں میں سے وہ گھر بہتر ہے جس میں کوئی یتیم ہو اور اس کے ساتھ اچھا سلوک کیا جاتا ہو ، اور مسلمانوں کا وہ گھر برا ہے جس میں کوئی یتیم ہو اور اس کے ساتھ برا سلوک کیا جاتا ہو ۔‘‘ اسنادہ ضعیف ، رواہ ابن ماجہ ۔

Haidth Number: 4973
ابوامامہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جو شخص اللہ کی رضا کی خاطر کسی یتیم کے سر پر (شفقت سے) ہاتھ پھیرتا ہے تو اس کے ہاتھ کے نیچے آنے والے ہر بال کے بدلے میں اسے ایک نیکی ملتی ہے ، اور جو شخص اپنے زیر کفالت کسی یتیم بچی یا بچے کے ساتھ اچھا سلوک کرتا ہے تو وہ اور میں جنت میں اس طرح ہوں گے ۔‘‘ اور آپ نے اپنی دونوں انگلیاں ملائیں ۔ احمد ، ترمذی ، اور فرمایا : یہ حدیث غریب ہے ۔ اسنادہ ضعیف جذا ، رواہ احمد و الترمذی ۔

Haidth Number: 4974
ابن عباس ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جو شخص کسی یتیم کو اپنے کھانے پینے (دسترخوان) میں شریک کرتا ہے تو اللہ اس کے لیے لازمی طور پر جنت واجب کر دیتا ہے ، بشرطیکہ اس نے کوئی ناقابلِ معافی گناہ نہ کیا ہو ، اور جو شخص تین بیٹیوں یا اتنی ہی بہنوں کی کفالت کرتا ہے اور ان کی اچھی تربیت کرتا ہے ، ان پر رحم کرتا ہے حتی کہ وہ ان کی تمام ضرورتیں پوری کر دیتا ہے تو اللہ اس شخص کے لیے جنت واجب کر دیتا ہے ۔‘‘ کسی آدمی نے عرض کیا : اللہ کے رسول ! کیا دو (کی کفالت کرنے والا) بھی ؟ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ ہاں وہ بھی ۔‘‘ حتیٰ کہ اگر وہ کہتے ، کیا ایک بھی ؟ آپ ﷺ فرما دیتے : ایک بھی ۔’’ اور اللہ جس شخص کی دو عمدہ چیزیں سلب کر لے تو اس کے لیے جنت واجب ہو گئی ۔‘‘ عرض کیا گیا : اللہ کے رسول ! دو عمدہ چیزوں سے کیا مراد ہے ؟ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ اس کی دو آنکھیں ۔‘‘ اسنادہ ضعیف جذا ، رواہ فی شرح السنہ ۔

Haidth Number: 4975
جابر بن سمرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ آدمی کا اپنے بچے کی اچھی تربیت کرنا اس کے لیے ایک صاع صدقہ کرنے سے بہتر ہے ۔‘‘ ترمذی ، اور انہوں نے فرمایا : یہ حدیث غریب ہے ، اور ناصح راوی اصحاب الحدیث کے ہاں قوی نہیں ۔ اسنادہ ضعیف ، رواہ الترمذی ۔

Haidth Number: 4976