Blog
Books
Search Hadith

مخلوق پر شفقت و رحمت کا بیان

56 Hadiths Found
ایوب بن موسیٰ اپنے والد سے اور وہ اپنے دادا سے روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ والدین اپنی اولاد کو جو بہترین عطیہ دیتا ہے وہ ان کی اچھی تربیت ہے ۔‘‘ ترمذی ، بیہقی فی شعب الایمان ۔ اور امام ترمذی نے فرمایا : میرے نزدیک یہ حدیث مرسل ہے ۔ اسنادہ ضعیف ، رواہ الترمذی و البیھقی فی شعب الایمان ۔

Haidth Number: 4977
عوف بن مالک اشجعی ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ میں اور سیاہ رخساروں والی عورت (وہ بیوہ جس کے چہرے کا رنگ محنت مزدوری کرنے کی وجہ سے سیاہ ہو گیا) روز قیامت اس طرح ہوں گے ۔‘‘ اور یزید بن زریع نے درمیانی انگلی اور انگشت شہادت کی طرف اشارہ کیا ۔’’ نیز منصب و جمال والی عورت جس کا خاوند فوت ہو جائے اور وہ اپنے یتیم بچوں کی وجہ سے شادی نہ کرے حتیٰ کہ وہ بڑے ہو جائیں یا فوت ہو جائیں ۔‘‘ اسنادہ ضعیف ، رواہ ابوداؤد ۔

Haidth Number: 4978
ابن عباس ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جس شخص کی بیٹی ہو اور وہ اسے زندہ دفن نہ کرے اور نہ اس کی اہانت کرے اور نہ ہی وہ اپنے بیٹے کو اس پر ترجیح دے تو اللہ اسے جنت میں داخل فرمائے گا ۔‘‘ اسنادہ ضعیف ، رواہ ابوداؤد ۔

Haidth Number: 4979
انس ؓ نبی ﷺ سے روایت کرتے ہیں ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ جس شخص کے پاس اس کے مسلمان بھائی کی غیبت کی جائے اور وہ اس کی نصرت و دفاع پر قادر ہو اور اس نے اس کا دفاع کیا تو اللہ دنیا و آخرت میں اس کی نصرت و دفاع فرمائے گا اگر وہ اس کی نصرت پر قادر ہونے کے باوجود اس کی نصرت نہیں کرتا تو اللہ دنیا و آخرت میں اسے بے یار و مددگار چھوڑ دے گا ۔‘‘ ضعیف جذا موضوع ، رواہ فی شرح السنہ ۔

Haidth Number: 4980
اسماء بنت یزید ؓ بیان کرتی ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جس نے اپنے (مسلمان) بھائی کی غیر موجودگی میں اس کی غیبت نہ ہونے دی تو اللہ پر حق ہے کہ وہ اسے جہنم کی آگ سے آزاد کر دے ۔‘‘ اسنادہ حسن ، رواہ البیھقی فی شعب الایمان ۔

Haidth Number: 4981
ابودرداء ؓ بیان کرتے ہیں ، میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا :’’ جو مسلمان اپنے کسی مسلمان بھائی کی عزت کا دفاع کرتا ہے تو اللہ پر حق ہے کہ وہ روز قیامت اس کا جہنم سے دفاع کرے ۔‘‘ پھر آپ نے یہ آیت تلاوت فرمائی :’’ مومنوں کی مدد کرنا ہم پر لازم ہے ۔‘‘ اسنادہ ضعیف ، رواہ فی شرح السنہ ۔

Haidth Number: 4982
جابر ؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا :’’ جو کوئی مسلمان کسی مسلمان کو کسی ایسی جگہ تنہا چھوڑ دے جہاں اس کی بے حرمتی اور بے عزتی کی جا رہی ہو تو اللہ اس شخص کو ایسی جگہ تنہا ، بے یار و مددگار چھوڑ دے گا جہاں وہ مدد کا محتاج ہو گا ، اور اگر کوئی مسلمان کسی مسلمان کی کسی ایسی جگہ مدد کرتا ہے جہاں اس کی بے عزتی اور بے حرمتی کی جاتی ہو تو اللہ ایسی جگہ اس کی مدد فرمائے گا جہاں وہ پسند کرتا ہو کہ اس کی نصرت ہو ۔‘‘ اسنادہ ضعیف ، رواہ ابوداؤد ۔

Haidth Number: 4983
عقبہ بن عامر ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جس نے (کسی کا) کوئی عیب دیکھا اور اس کی پردہ پوشی کی تو وہ اس شخص کی طرح ہے جس نے زندہ درگور کو زندہ کیا ۔‘‘ احمد ، ترمذی ، اور انہوں نے اسے صحیح قرار دیا ۔ حسن ، رواہ احمد و الترمذی ۔

Haidth Number: 4984
ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ بے شک تم میں سے ہر ایک اپنے (مسلمان) بھائی کے لیے آئینہ ہے ، اگر وہ اس میں کوئی عیب دیکھے تو وہ اس سے زائل کر دے ۔‘‘ ترمذی ، اور انہوں نے اسے ضعیف قرار دیا ہے ۔ ترمذی اور ابوداؤد کی روایت میں ہے :’’ مومن مومن کا آئینہ ہے ، اور مومن مومن کا بھائی ہے ، وہ اس کا نقصان نہیں ہونے دیتا اور وہ اس کی غیر موجودگی میں اس (کے جان و مال اور عزت) کی حفاظت کرتا ہے ۔‘‘ ضعیف جذا ، رواہ الترمذی ، ۔ حسن ، رواہ ابوداؤد ۔

Haidth Number: 4985
معاذ بن انس ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جو شخص کسی مومن کی عزت کسی منافق سے بچاتا ہے تو اللہ ایک فرشتہ بھیجے گا جو روز قیامت اس کے گوشت کو جہنم کی آگ سے بچائے گا ، اور جس نے کسی مسلمان شخص پر اس کو بدنام کرنے کے لیے کوئی تہمت لگائی تو اللہ اس کو جہنم کے پل پر روک لے گا حتیٰ کہ وہ (سزا بھگت کر) اپنی کہی ہوئی بات سے پاک ہو جائے ۔‘‘ اسنادہ ضعیف ، رواہ ابوداؤد ۔

Haidth Number: 4986
عبداللہ بن عمرو ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ اللہ کے نزدیک بہترین ساتھی وہ ہے جو ان میں اپنے ساتھی کے لیے بہتر ہے اور اللہ کے نزدیک بہترین پڑوسی وہ ہے جو اپنے پڑوسی کے لیے بہتر ہے ۔‘‘ ترمذی ، دارمی ، اور ترمذی نے فرمایا : یہ حدیث حسن غریب ہے ۔ اسنادہ صحیح ، رواہ الترمذی و الدارمی ۔

Haidth Number: 4987
ابن مسعود ؓ بیان کرتے ہیں ، ایک آدمی نے نبی ﷺ سے عرض کیا : اللہ کے رسول ! مجھے کیسے پتہ چلے کہ میں اچھا ہوں یا برا ؟ نبی ﷺ نے فرمایا :’’ جب تم اپنے پڑوسیوں کو کہتے ہوئے سنو کہ تم اچھے ہو تو تم اچھے ہو اور جب تم انہیں کہتے ہوئے سنو کہ تم برے ہو تو تم برے ہو ۔‘‘ اسنادہ صحیح ، رواہ ابن ماجہ ۔

Haidth Number: 4988
عائشہ ؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا :’’ لوگوں سے ان کے مقام و مرتبے کے مطابق برتاؤ کرو ۔‘‘ اسنادہ ضعیف ، رواہ ابوداؤد ۔

Haidth Number: 4989
عبدالرحمن بن ابی قراد ؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے ایک روز وضو فرمایا تو آپ کے صحابہ ؓ آپ کے وضو کے پانی کو جسموں پر ملنے لگے تو نبی ﷺ نے انہیں فرمایا :’’ کس چیز نے تمہیں اس پر آمادہ کیا ؟‘‘ انہوں نے عرض کیا : اللہ اور اس کے رسول کی محبت نے ، نبی ﷺ نے فرمایا :’’ جو شخص یہ پسند کرتا ہو کہ وہ اللہ اور اس کے رسول سے محبت کرے یا اللہ اور اس کے رسول اسے پسند فرمائیں تو وہ جب بات کرے سچ بولے ، جب اس کے پاس امانت رکھی جائے تو اسے ادا کرے اور اپنے پڑوسیوں اور میل جول رکھنے والوں سے حسن سلوک کرے ۔‘‘ اسنادہ ضعیف ، رواہ البیھقی فی شعب الایمان ۔

Haidth Number: 4990
ابن عباس ؓ بیان کرتے ہیں ، میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا :’’ وہ شخص مومن نہیں جو شکم سیر ہو کر کھائے جبکہ اس کا قریبی ہمسایہ بھوکا ہو ۔‘‘ امام بیہقی نے دونوں احادیث شعب الایمان میں روایت کی ہیں ۔ اسنادہ ضعیف ، رواہ البیھقی فی شعب الایمان ۔

Haidth Number: 4991
ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، ایک آدمی نے عرض کیا : اللہ کے رسول ! فلاں عورت اپنی نمازوں ، روزوں اور صدقات کی کثرت کے حوالے سے مشہور ہے لیکن وہ اپنی زبان درازی سے اپنے پڑوسیوں کو تکلیف پہنچاتی ہے ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ وہ جہنمی ہے ۔‘‘ اس نے عرض کیا : اللہ کے رسول ! فلاں عورت اپنی نمازوں ، روزوں اور صدقات کی قلت کے حوالے سے مشہور ہے ، اور وہ پنیر کے چند ٹکڑے صدقہ کرتی ہے اور وہ اپنی زبان درازی کے ذریعے اپنے پڑوسیوں کو تکلیف نہیں پہنچاتی ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ وہ جنتی ہے ۔‘‘ اسنادہ صحیح ، رواہ احمد و البیھقی فی شعب الایمان ۔

Haidth Number: 4992
ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ چند ایسے لوگوں کے پاس ، کھڑے ہوئے جو بیٹھے ہوئے تھے تو فرمایا :’’ کیا میں تمہیں تمہارے برے اور اچھے لوگوں کے متعلق نہ بتاؤں ؟‘‘ راوی بیان کرتے ہیں ، وہ خاموش رہے ، آپ ﷺ نے تین مرتبہ ایسے فرمایا ، تو ایک آدمی نے عرض کیا ، اللہ کے رسول ! کیوں نہیں ، آپ ہمارے برے میں سے بہتر کے متعلق ہمیں ضرور بتائیں ۔ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ تم میں سے بہتر شخص وہ ہے جس سے خیر کی توقع کی جائے اور اس کے شر سے امن ہو جبکہ تم میں سے برا وہ ہے جس سے خیر کی توقع نہ کی جائے اور اس کے شر سے امن نہ ہو ۔‘‘ ترمذی ، بیہقی فی شعب الایمان ، اور امام ترمذی نے فرمایا : یہ حدیث حسن صحیح ہے ۔ اسنادہ صحیح ، رواہ الترمذی و البیھقی فی شعب الایمان ۔

Haidth Number: 4993
ابن مسعود ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ بے شک اللہ تعالیٰ نے تمہارے درمیان تمہارے اخلاق تقسیم کیے ہیں جس طرح اس نے تمہارے اموال تقسیم کیے ہیں ، بے شک اللہ تعالیٰ ہر شخص کو دنیا عطا کرتا ہے خواہ وہ شخص اسے پسند ہو یا ناپسند جبکہ وہ دین صرف اسے عطا کرتا ہے جسے پسند فرماتا ہے ، جس شخص کو اللہ دین عطا فرما دے تو (سمجھو کہ) وہ اللہ کا پسندیدہ شخص ہے ، اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے ! کوئی بندہ مسلمان نہیں ہو سکتا جب تک کہ اس کا دل اور اس کی زبان مسلمان نہیں ہو جاتے ، اور وہ اس وقت تک مومن نہیں ہوتا جب تک اس کا پڑوسی اس کی شرارتوں سے محفوظ نہ ہو جائے ۔‘‘ اسنادہ ضعیف ، رواہ احمد و البیھقی فی شعب الایمان ۔

Haidth Number: 4994
ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ مؤمن الفت کا مسکن (سراسر الفت) ہے ، اور اس شخص میں کوئی خیر نہیں جو کسی سے الفت نہیں کرتا اور نہ اس سے کوئی الفت کرتا ہے ۔‘‘ احمد ، اور امام بیہقی نے دونوں احادیث شعب الایمان میں بیان کی ہیں ۔ صحیح ، رواہ احمد و البیھقی فی شعب الایمان ۔

Haidth Number: 4995
انس ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جس نے میرے کسی امتی کی ضرورت پوری کی جس کے ذریعے وہ اسے خوش کرنا چاہتا ہو تو اس نے مجھے خوش کیا ، جس نے مجھے خوش کیا تو اس نے اللہ کو خوش کیا ، اور جس نے اللہ کو خوش کیا تو اللہ اسے جنت میں داخل فرمائے گا ۔‘‘ اسنادہ موضوع ، رواہ البیھقی فی شعب الایمان ۔

Haidth Number: 4996
انس ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جو کسی مصیبت زدہ شخص کی فریاد رسی کرتا ہے تو اللہ اس کے لیے تہتر (۷۳) مغفرتیں لکھ دیتا ہے ، ان میں سے ایک میں اس کے تمام معاملات کی درستی ہے جبکہ بہتر (۷۲) روز قیامت اس کے لیے درجات کے حصول کا باعث ہوں گی ۔‘‘ اسنادہ موضوع ، رواہ البیھقی فی شعب الایمان ۔

Haidth Number: 4997
انس اور عبداللہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ مخلوق اللہ کی عیال (زیر کفالت) ہے ، اور مخلوق میں سے وہ شخص اللہ کو زیادہ پسند ہے جو اس کی عیال سے اچھا سلوک کرتا ہے ۔‘‘ امام بیہقی نے تینوں احادیث شعب الایمان میں بیان کی ہیں ۔ اسنادہ ضعیف جذا ، رواہ البیھقی فی شعب الایمان ۔

Haidth Number: 4998
انس اور عبداللہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ مخلوق اللہ کی عیال (زیر کفالت) ہے ، اور مخلوق میں سے وہ شخص اللہ کو زیادہ پسند ہے جو اس کی عیال سے اچھا سلوک کرتا ہے ۔‘‘ امام بیہقی نے تینوں احادیث شعب الایمان میں بیان کی ہیں ۔ اسنادہ ضعیف جذا ، رواہ البیھقی فی شعب الایمان ۔

Haidth Number: 4999
عقبہ بن عامر ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ روز قیامت سب سے پہلے دو پڑوسیوں کا مقدمہ پیش ہو گا ۔‘‘ حسن ، رواہ احمد ۔

Haidth Number: 5000
ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ کسی آدمی نے اپنی سنگ دلی کی نبی ﷺ سے شکایت کی تو آپ ﷺ نے فرمایا :’’ یتیم کے سر پر دست شفقت پھیرا کر اور مسکین کو کھانا کھلایا کر ۔‘‘ اسنادہ ضعیف ، رواہ احمد ۔

Haidth Number: 5001
سراقہ بن مالک ؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا :’’ کیا میں تمہیں بہترین صدقہ کے متعلق نہ بتاؤں ؟‘‘ وہ تیری اس بیٹی پر صدقہ کرنا ہے جو (طلاق وغیرہ کی وجہ سے) تیرے پاس لوٹ آئے اور تیرے سوا اس کے لیے کمانے والا بھی نہ ہو ۔‘‘ سندہ ضعیف ، رواہ ابن ماجہ ۔

Haidth Number: 5002