Blog
Books
Search Hadith

آندھیوں کا بیان

بَاب فِي الرِّيَاح

12 Hadiths Found
ابن عباس ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ بادِصبا کے ذریعے میری نصرت کی گئی جبکہ قوم عاد بادِ دبور (مغربی ہوا) کے ذریعے ہلاک کر دی گئی ۔‘‘ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 1511
عائشہ ؓ بیان کرتی ہیں میں نے رسول اللہ ﷺ کو کبھی اس طرح ہنستے ہوئے نہیں دیکھا کہ آپ کے گلے کا کوّا نظر آ جائے آپ تو بس تبسم فرمایا کرتے تھے ، جب آپ باد یا آندھی دیکھتے تو اس کے (خوف کے) اثرات آپ ﷺ کے چہرے پر نمایاں ہو جاتے تھے ۔ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 1512
عائشہ ؓ بیان کرتی ہیں ، جب تیز آندھی چلتی تو نبی ﷺ یہ دعا پڑھا کرتے تھے :’’ اے اللہ میں اس کی خیر کا اس میں جو خیر ہے اس کا اور اس کے ساتھ جو بھیجا گیا ہے اس کی خیر کا تجھ سے سوال کرتا ہوں اور میں اس کے شر سے اس میں جو شر ہے اس کا اور جو اس کے ساتھ بھیجا گیا ہے اس کے شر کی تجھ سے پناہ چاہتا ہوں ۔‘‘ اور جب آسمان پر بارش کے آثار ظاہر ہوتے تو آپ ﷺ کا رنگ تبدیل ہو جاتا ، آپ کبھی گھر سے باہر آتے اور کبھی اندر جاتے ، کبھی آگے آتے اور کبھی پیچھے ہٹتے ، اور جب بارش ہو جاتی تو پھر آپ ﷺ سے خوف زائل ہوتا ، عائشہ ؓ نے ان کی یہ کیفیت پہچان کر آپ سے دریافت کیا تو آپ ﷺ نے فرمایا :’’ عائشہ ! شاید کہ یہ ایسے نہ ہو جیسے قوم عاد نے کہا تھا : جب انہوں نے عذاب کو ابر کی صورت میں اپنے میدانوں کے سامنے آتے دیکھا تو کہنے لگے : یہ بادل ہے جو ہم پر برسے گا ۔‘‘ اور ایک روایت میں ہے : جب آپ بادل دیکھتے تو فرماتے :’’ اسے رحمت بنا دے ۔‘‘ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 1513
عبد اللہ بن عمر ؓ بیان کرتے ہیں، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ غیب کی کنجیاں پانچ ہیں ۔‘‘ پھر آپ نے یہ آیت تلاوت فرمائی :’’ بے شک قیامت کا علم اسی کے پاس ہے اور وہی بارش برساتا ہے ،،،،،۔‘‘ رواہ البخاری ۔

Haidth Number: 1514
ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ قحط سالی یہ نہیں ہے کہ بارش نہ ہو ، بلکہ قحط سالی یہ ہے کہ تم پر بار بار بہت زیادہ بارش تو ہو لیکن زمین کوئی چیز نہ اگائے ۔‘‘ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 1515
ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا :’’ ہوا ، اللہ کی رحمت ہے کبھی یہ رحمت کے ساتھ آتی ہے اور کبھی یہ عذاب کے ساتھ ، پس اسے برا بھلا نہ کہو ، اور اس کی خیر کے متعلق درخواست کرو اور اس کے شر سے (اللہ تعالیٰ کی) پناہ طلب کرو ۔ صحیح ، رواہ الشافعی و ابوداؤد و ابن ماجہ و البیھقی ۔

Haidth Number: 1516
ابن عباس ؓ سے روایت ہے کہ کسی آدمی نے نبی ﷺ کے پاس ہوا کو ملعون کہا تو آپ نے فرمایا :’’ ہوا کو لعن طعن نہ کرو کیونکہ وہ تو حکم کی پابند ہے ، جو شخص کسی ایسی چیز پر لعنت بھیجتا ہے جو اس کی اہل نہیں تو پھر لعنت اس شخص پر لوٹ آتی ہے ۔‘‘ ترمذی ، اور انہوں نے فرمایا : یہ حدیث غریب ہے ۔ ضعیف ۔

Haidth Number: 1517
ابی بن کعب ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ ہوا کو برا بھلا نہ کہو ، پس جب تم ناگوار چیز دیکھو ، تو یوں کہو : اے اللہ ! بے شک ہم اس ہوا کی خیر ، اس میں موجود خیر ، اس چیز کی خیر کا تجھ سے سوال کرتے ہیں جس کا اسے حکم دیا گیا ہے ۔ ہم اس کے شر ، اس میں موجود شر اور جس چیز کا اسے حکم دیا گیا ، اس کے شر سے تیری پناہ چاہتے ہیں ۔‘‘ ضعیف ۔

Haidth Number: 1518
ابن عباس ؓ بیان کرتے ہیں جب کبھی بھی ہوا چلتی تو نبی ﷺ اپنے گھٹنوں کے بل بیٹھ کر یوں دعا کرتے :’’ اے اللہ ! اسے رحمت بنا ، اسے عذاب نہ بنا ، اے اللہ ! اسے باد رحمت بنا اور اسے باعث عذاب ہوا نہ بنا ۔‘‘ ابن عباس ؓ نے فرمایا : اللہ تعالیٰ کی کتاب میں ہے :’’ ہم نے ان پر ایک سخت آندھی بھیجی ۔‘‘ اور :’’ ہم نے ان پر ایک سخت آندھی بھیجی ۔‘‘ ’’ ہم نے ابر اٹھانے والی ہوائیں بھیجیں ۔‘‘ اور :’’ وہ تمہیں خوشخبری سنانے کے لیے ہوائیں بھیجتا ہے ۔‘‘ ضعیف ۔

Haidth Number: 1519
عائشہ ؓ بیان کرتی ہیں ، جب نبی ﷺ آسمان پر بادل دیکھتے تو آپ اپنا کام کاج چھوڑ کر اس کی طرف متوجہ ہو جاتے اور دعا فرماتے :’’ اے اللہ ! میں اس میں موجود شر میں تیری پناہ چاہتا ہوں ۔‘‘ اگر وہ اسے دور کر دیتا تو آپ اللہ کی حمد و ثنا بیان کرتے ، اور اگر بارش ہو تی تو آپ ﷺ دعا فرماتے :’’ اے اللہ ! ہمیں نفع مند سیرابی عطا فرما ۔‘‘ ابوداؤد ، نسائی ، ابن ماجہ اور شافعی ۔ الفاظ امام شافعی ؒ کے ہیں ۔ صحیح ۔

Haidth Number: 1520
ابن عمر ؓ سے روایت ہے کہ جب نبی ﷺ گرج اور کڑک کی آواز سنتے تو دعا فرماتے تھے :’’ اے اللہ ! ہمیں اپنے غضب سے قتل نہ کرنا نہ اپنے عذاب سے ہلاک کرنا اور ہمیں اس سے پہلے ہی عافیت عطا فرمانا ۔‘‘ احمد ، ترمذی ، اور انہوں نے فرمایا : یہ حدیث غریب ہے ۔ ضعیف ۔

Haidth Number: 1521
عامر بن عبداللہ بن زبیر سے روایت ہے کہ جب وہ گرج کی آواز سنتے تو بات چیت ترک کر دیتے اور فرماتے : رعد (گرج) اور فرشتے اس کے خوف سے اس کی حمد بیان کرتے ہیں ۔ صحیح ، رواہ مالک ۔

Haidth Number: 1522