اَلْعَضُدُ: (بازو) کا کہنی سے لے کر کندھے تک کا حصہ۔ عَضَدْتُہٗ: میں نے اس کے بازو پر مارا اسی سے استعارہ کے طور پر کہا جاتا ہے۔ عَضَدْتُ الشَّجَرَ بِالْمِعْضَدِ: میں نے اہنسیا سے درخت کو کاٹا۔ جَمَلٌ عَاضِدٌ: نر شتر جو مادہ کے بازو کو پکڑ کر جفتی کرنے کے لیے اسے بٹھا لیتا ہے اور عَضَّدْتُہٗ کے معنی کسی کا بازو پکڑنے اور اسے سہارا دینے کے ہیں اور یَدٌ کی طرح بطور استعارہ عَضُدٌ کا لفظ بھی مددگار کے معنی میں آجاتا ہے۔ قرآن پاک میں ہے: (وَ مَا کُنۡتُ مُتَّخِذَ الۡمُضِلِّیۡنَ عَضُدًا ) (۱۸:۵۱) اور میں ایسا نہیں تھا کہ گمراہ کرنے والوں کو مددگار بناتا۔ رَجُلٌ اَعْضَدُ: پتلے بازو کا آدمی۔ عُضِدَ: بازو کے درد میں مبتلا ہونا۔ مُعَضَّدٌ: وہ آدمی جس کے بازو پر نشان ہو ایسے نشان کو عِضَادٌ کہا جاتا ہے اور مِعْضَدٌ کے معنی بازو بند کے ہیں۔ اَعْضَادُ الْحَوْضِ: حوض کے جوانب (میں جو پشتہ اس کی حفاظت کے لیے بنا دیا جاتا ہے) جو اس کے لیے بازو کا کام دیتے ہیں۔