Blog
Books
Search Hadith

حرمتِ مدینہ کا بیان ، اللہ تعالیٰ اس کی حفاظت فرمائے

بَابُ حَرَمِ الْمَدِينَةِ حَرَسَهَا اللَّهُ تَعَالَى

31 Hadiths Found

عَنْ عَلِيٍّ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ قَالَ: مَا كَتَبْنَا عَنْ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ إِلَّا الْقُرْآنَ وَمَا فِي هَذِهِ الصَّحِيفَةِ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسلم: «الْمَدِينَةُ حَرَامٌ مَا بَيْنَ عَيْرٍ إِلَى ثَوْرٍ فمنْ أحدَثَ فِيهَا حَدَثًا أَوْ آوَى مُحْدِثًا فَعَلَيْهِ لَعْنَةُ اللَّهِ وَالْمَلَائِكَةِ وَالنَّاسِ أَجْمَعِينَ لَا يُقْبَلُ مِنْهُ صَرْفٌ وَلَا عَدْلٌ ذمَّةُ المسلمينَ واحدةٌ يَسْعَى بِهَا أَدْنَاهُمْ فَمَنْ أَخْفَرَ مُسْلِمًا فَعَلَيْهِ لَعْنَةُ اللَّهِ وَالْمَلَائِكَةِ وَالنَّاسِ أَجْمَعِينَ لَا يُقْبَلُ مِنْهُ صَرْفٌ وَلَا عَدْلٌ وَمَنْ وَالَى قَوْمًا بِغَيْرِ إِذْنِ مَوَالِيهِ فَعَلَيْهِ لَعْنَةُ اللَّهِ وَالْمَلَائِكَةِ وَالنَّاسِ أَجْمَعِينَ لَا يُقْبَلُ مِنْهُ صَرْفٌ وَلَا عدل» وَفِي رِوَايَةٍ لَهُمَا: «مَنِ ادَّعَى إِلَى غَيْرِ أَبِيهِ أَوْ تَوَلَّى غَيْرَ مَوَالِيهِ فَعَلَيْهِ لَعْنَةُ اللَّهِ وَالْمَلَائِكَةِ وَالنَّاسِ أَجْمَعِينَ لَا يُقْبَلُ مِنْهُ صرف وَلَا عدل»

علی ؓ بیان کرتے ہیں ، ہم نے رسول اللہ ﷺ سے صرف قرآن اور جو کچھ اس صحیفے میں ہے وہ لکھا ہے ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ مدینہ عیر سے ثور تک حرم ہے ، جو شخص اس میں کوئی بدعت ایجاد کرے یا کسی بدعت ایجاد کرنے والے کو پناہ دے تو اس پر اللہ تعالیٰ ، تمام فرشتوں اور تمام لوگوں کی لعنت ہے ، اس کی نفل عبادت قبول ہو گی نہ فرض ۔ مسلمانوں کی امان ایک ہی ہے ، اور اس میں ادنی مسلمان کی امان کی بھی برابر حیثیت ہے ، جو شخص کسی مسلمان کے عہد کو توڑے تو اس پر اللہ ، فرشتوں اور تمام لوگوں کی لعنت ہے ، اس کا نفل قبول ہو گا نہ فرض ، اور جو شخص اپنے مالکوں کی اجازت کے بغیر کسی قوم سے معاہدہ کر لے تو اس پر اللہ ، فرشتوں اور تمام لوگوں کی لعنت ہے ، اور اس کا نفل قبول ہو گا نہ فرض ۔‘‘ اور صحیحین ہی کی روایت میں ہے :’’ جو شخص اپنے آپ کو باپ کے سوا کسی اور کی طرف منسوب کر لے یا اپنے مالکوں کے علاوہ کسی اور سے معاہدہ کر لے تو اس پر اللہ ، فرشتوں اور تمام لوگوں کی لعنت ہے ، اس سے نفل قبول ہو گا نہ فرض ۔‘‘ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 2728
سعد ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ میں مدینہ کے دونوں پتھریلے مقاموں کے درمیانی حصے کو حرم قرار دیتا ہوں ، اور اس علاقے کا درخت کاٹنا یا اس کا شکار قتل کرنا حرام ہے ۔‘‘ اور فرمایا :’’ مدینہ ان کے لیے بہتر ہے کاش کہ وہ جانتے ، اگر کوئی شخص اس سے عدم رغبت کی وجہ سے اسے چھوڑ جائے گا تو اللہ اس میں اس کے بدلہ میں ایسے شخص کو آباد کرے گا ، جو اس سے بہتر ہو گا ، اور جو شخص اس کی بھوک اور تکلیف پر صبر کرے گا تو روز قیامت میں اس کی سفارش کروں گا یا میں اس کے حق میں گواہی دوں گا ۔‘‘ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 2729
ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ میری اُمت میں سے جو شخص مدینہ کی بھوک اور اس کی تکلیف پر صبر کرے گا تو روز قیامت میں اس کی سفارش کروں گا ۔‘‘ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 2730
ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، جب لوگ پہلا پہلا پھل دیکھتے تو اسے نبی ﷺ کی خدمت میں پیش کرتے ، جب آپ ﷺ اسے پکڑلیتے تو دعا فرماتے :’’ اے اللہ ! ہمارے لیے پھلوں میں برکت فرما ، اے اللہ ! ہمارے لیے ہمارے مدینے میں برکت فرما ، ہمارے صاع اور ہمارے مد (ناپ تول کے پیمانے) میں برکت فرما ، اے اللہ ! بے شک ابراہیم ؑ تیرے بندے ، تیرے خلیل اور تیرے نبی تھے ، اور میں بھی تیرا بندہ اور تیرا نبی ہوں ، بے شک انہوں نے تجھ سے مکہ کے لیے دعا فرمائی اور میں تجھ سے اسی مثل مدینہ کے لیے دعا کرتا ہوں اور اس کی مثل اس کے ساتھ مزید دعا کرتا ہوں ۔‘‘ راوی بیان کرتے ہیں ، پھر آپ ﷺ اپنے کسی سب سے چھوٹے بچے کو بلاتے اور وہ پھل اسے دے دیتے ۔ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 2731
ابوسعید ؓ نبی ﷺ سے روایت کرتے ہیں ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ بے شک ابراہیم ؑ نے مکہ کو حرام قرار دیا اور اس کی حرمت کو ثابت کیا ، اور میں مدینہ کو ، اس کے دو پہاڑوں کے درمیانی علاقے کو ، حرام قرار دیتا ہوں کہ اس میں خون ریزی کی جائے نہ قتال کے لیے اس میں اسلحہ اٹھایا جائے اور نہ ہی چارے کے علاوہ اس کے درختوں کے پتے جھاڑے جائیں ۔‘‘ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 2732
عامر بن سعد ؒ سے روایت ہے کہ سعد (بن ابی وقاص ؓ) موضع عقیق میں واقع اپنے محل کی طرف جا رہے تھے کہ انہوں نے کسی غلام کو درخت کاٹتے ہوئے یا اس کے پتے جھاڑتے ہوئے پایا تو انہوں نے اس کا کپڑا سلب کر لیا ، جب سعد ؓ واپس (مدینہ) آئے تو غلام کے مالک ان کے پاس آئے اور ان سے بات کی کہ انہوں نے غلام سے جو کچھ لیا ہے وہ اسے ان کے غلام کو یا ہمیں واپس لٹا دیں ، اس پر انہوں (سعد ؓ) نے فرمایا : اللہ کی پناہ کہ میں اس چیز کو واپس کر دوں جو رسول اللہ ﷺ نے مجھے بطور غنیمت عطا فرمائی ہے ، اور انہوں نے انہیں وہ کپڑا واپس کرنے سے انکار کر دیا ۔ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 2733
عائشہ ؓ بیان کرتی ہیں ، جب رسول اللہ ﷺ مدینہ تشریف لائے تو ابوبکر ؓ اور بلال ؓ بخار میں مبتلا ہو گئے ، میں رسول اللہ ﷺ کے پاس آئی اور آپ کو بتایا تو آپ ﷺ نے فرمایا :’’ اے اللہ ! جس طرح ہمیں مکہ محبوب ہے اس طرح یا اس سے بھی زیادہ مدینہ ہمیں محبوب بنا دے اور اسے صحت افزا بنا دے ، اس کے صاع و مد میں ہمارے لیے برکت فرما دے اور اس کے بخار کو منتقل فرما اور اسے جحفہ بھیج دے ۔‘‘ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 2734
عبداللہ بن عمر ؓ سے نبی ﷺ کے مدینہ کے بارے میں خواب کے متعلق روایت ہے ، (آپ ﷺ نے فرمایا) :’’ میں نے ایک سیاہ فام پراگندہ بالوں والی عورت کو مدینہ سے نکل کر ’’ مھیعہ ‘‘ پر قیام کرتے ہوئے دیکھا ، میں نے اس کی تاویل کی کہ مدینہ کی وبا ’’ مھیعہ ‘‘ منتقل کر دی گئی ہے ، اور ’’ مھیعہ ‘‘ جحفہ کا ہی نام ہے ۔‘‘ رواہ البخاری ۔

Haidth Number: 2735
سفیان بن ابی زہیر ؓ بیان کرتے ہیں، میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا :’’ یمن فتح ہو جائے گا تو کچھ لوگ اپنے اونٹوں کو تیز چلاتے ہوئے آئیں گے تو وہ اپنے اہل و عیال اور اپنے اطاعت گزار لوگوں کو سوار کر کے لے جائیں گے حالانکہ مدینہ ان کے لیے بہتر تھا کاش کہ وہ جانتے ، اور شام فتح ہو جائے گا تو کچھ لوگ اونٹوں کو تیز چلاتے ہوئے آئیں گے تو وہ اپنے اہل خانہ اور جو ان کی اطاعت اختیار کر لیں گے اُن کو سوار کر کے لے جائیں گے ، حالانکہ مدینہ ان کے لیے بہتر تھا کاش وہ جان لیتے ، اور عراق فتح ہو جائے گا تو کچھ لوگ اونٹوں کو تیز دوڑاتے ہوئے آئیں گے اور وہ اپنے اہل و عیال اور اپنے اطاعت گزار لوگوں کو سوار کر کے لے جائیں گے ، جبکہ مدینہ ان کے لیے بہتر تھا کاش کہ وہ جان لیتے ۔‘‘ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 2736
ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ مجھے ایک ایسی بستی میں قیام کرنے کا حکم دیا گیا جو دوسری بستیوں پر غالب آ جائے گی ، وہ اسے یثرب کہتے ہیں ، جبکہ وہ مدینہ ہے ، وہ لوگوں کو ایسے نکال باہر کرتی ہے جیسے بھٹی لوہے کی میل کچیل نکال باہر کرتی ہے ۔‘‘ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 2737
جابر بن سمرہ ؓ بیان کرتے ہیں، میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا :’’ بے شک اللہ تعالیٰ نے مدینہ کا نام طابہ رکھا ہے ۔‘‘ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 2738
جابر بن عبداللہ ؓ سے روایت ہے کہ ایک اعرابی نے رسول اللہ ﷺ کی بیعت کی تو اس اعرابی کو مدینہ میں بخار ہو گیا ، وہ نبی ﷺ کے پاس آیا تو اس نے کہا : محمد ! (ﷺ) میری بیعت واپس کر دیں ، لیکن رسول اللہ ﷺ نے انکار کر دیا ، وہ پھر آیا اور کہا : میری بیعت واپس کر دیں ، لیکن آپ نے انکار فرمایا ، وہ پھر آپ کے پاس آیا تو اس نے کہا : میری بیعت توڑ دیں ، لیکن آپ نے انکار فرمایا ، وہ اعرابی (مدینہ) سے چلا گیا تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ مدینہ بھٹی کی طرح ہے کہ وہ بُری چیز کو نکال دیتا ہے جبکہ اچھی چیز کو وہ خالص بنا دیتا ہے ۔‘‘ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 2739
ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ قیامت قائم نہیں ہو گی حتی کہ مدینہ بُرے لوگوں کو نکال باہر کرے گا جیسے بھٹی لوہے کی میل کچیل نکال باہر کرتی ہے ۔‘‘ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 2740
ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ مدینہ کے داخلی راستوں پر فرشتے پہرہ دیتے ہیں ، اس میں طاعون داخل ہو گا نہ دجال ۔‘‘ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 2741
انس ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ مکہ اور مدینہ کے علاوہ دجال ہر شہر کو خراب کر ڈالے گا ، ان دونوں شہروں کے تمام داخلی راستوں پر فرشتے صفیں باندھیں ان کی حفاظت کر رہے ہیں ، وہ (دجال) شور والی زمین پر اترے گا ، پھر مدینہ اپنے رہنے والوں کو تین بار خوب جھٹکا دے گا تو ہر کافر و منافق اس (دجال) کی طرف نکل جائے گا ۔‘‘ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 2742
سعد ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جو شخص اہل مدینہ سے دھوکہ کرے گا تو وہ اس طرح پگھل جائے گا جیسے نمک پانی میں گھل جاتا ہے ۔‘‘ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 2743
انس ؓ سے روایت ہے کہ جب نبی ﷺ سفر سے واپس تشریف لاتے اور مدینہ کی دیواروں پر نظر پڑتی تو آپ مدینہ سے محبت کی وجہ سے اپنی اونٹنی کو ، اور اگر کسی اور سواری پر ہوتے تو اسے تیز دوڑاتے ۔‘‘ رواہ البخاری ۔

Haidth Number: 2744
انس ؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ کو اُحد پہاڑ نظر آیا تو آپ ﷺ نے فرمایا :’’ یہ وہ پہاڑ ہے جو ہم سے محبت کرتا ہے اور ہم اس سے محبت کرتے ہیں ، اے اللہ ! بے شک ابراہیم ؑ نے مکہ کو حرام قرار دیا ، اور میں مدینہ کے دونوں پتھریلی جگہ کے درمیانی علاقے کو حرام قرار دیتا ہوں ۔‘‘ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 2745
سہل بن سعد ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ احد ایسا پہاڑ ہے جو ہم سے محبت کرتا ہے اور ہم اس سے محبت کرتے ہیں ۔‘‘ رواہ البخاری ۔

Haidth Number: 2746
سلیمان بن ابی عبداللہ بیان کرتے ہیں ، میں نے سعد بن ابی وقاص ؓ کو دیکھا کہ انہوں نے ایک آدمی کو پکڑا جو حرم مدینہ میں ، جس کو رسول اللہ ﷺ نے حرم قرار دیا ہے ، شکار کر رہا تھا ، انہوں نے اس کا کپڑا سلب کر لیا ، تو اس کے مالک آپ کے پاس آئے اور آپ سے اس بارے میں بات چیت کی تو انہوں نے فرمایا کہ رسول اللہ ﷺ نے اس حرم کو حرام قرار دیا ہے اور انہوں نے فرمایا :’’ جو شخص کسی کو اس میں شکار کرتا ہوا پائے تو وہ اس کا کپڑا سلب کر لے ۔‘‘ لہذا میں یہ رزق تمہیں واپس نہیں دوں گا جو رسول اللہ ﷺ نے مجھے عطا کیا ہے ، لیکن اگر تم چاہو تو میں اس کی قیمت تمہیں ادا کر دیتا ہوں ۔ سندہ ضعیف ، رواہ ابوداؤد ۔

Haidth Number: 2747
سعد ؓ کے آزاد کردہ غلام صالح سے روایت ہے کہ سعد ؓ نے مدینہ کے کچھ غلاموں کو مدینہ کے درخت کاٹتے ہوئے پایا تو انہوں نے ان کا سامان لے لیا ، اور ان کے مالکوں سے فرمایا : میں نے رسول اللہ ﷺ کو مدینہ کے درخت سے کوئی چیز کاٹنے سے منع کرتے ہوئے سنا ، اور آپ ﷺ نے فرمایا :’’ جو شخص اس کی کوئی چیز کاٹے تو جو شخص اسے پکڑے تو اس کا سامان اسی (پکڑنے والے) کو ملے گا ۔‘‘ سندہ ضعیف ، رواہ ابوداؤد ۔

Haidth Number: 2748
زبیر ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ وج (طائف طائف کا کچھ علاقہ) کا شکار کرنا اور اس کے خاردار درختوں کا کاٹنا حرام ہے ، اللہ کے لیے حرام کیا گیا ہے ۔‘‘ ابوداؤد ۔ اور امام محی السنہ نے بیان کیا :’’وج‘‘ کے بارے میں علما نے فرمایا ہے کہ وہ طائف کا ایک علاقہ ہے ، اور خطابی ؒ نے : اَنَّھَا کی جگہ اَنَّہ کہا ہے ۔ اسنادہ ضعیف ، رواہ ابوداؤد ۔

Haidth Number: 2749
ابن عمر ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جو شخص مدینہ میں فوت ہو سکتا ہو تو اسے اسی میں فوت ہونا چاہیے ، کیونکہ جو شخص اسی ہی میں فوت ہو گا میں اس کی شفاعت کروں گا ۔‘‘ احمد ، ترمذی ۔ اور امام ترمذی نے فرمایا : یہ حدیث حسن صحیح ہے اور اس کی اسناد غریب ہے ۔ اسنادہ حسن ، رواہ احمد و الترمذی ۔

Haidth Number: 2750
ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ اسلامی بستیوں میں سے مدینہ ایسی بستی ہے جو سب سے آخر میں ویران ہو گی ۔‘‘ اسنادہ ضعیف ، رواہ الترمذی ۔

Haidth Number: 2751
جریر بن عبداللہ ؓ ، نبی ﷺ سے روایت کرتے ہیں ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ بے شک اللہ تعالیٰ نے میری طرف وحی فرمائی کہ آپ ان تینوں ، مدینہ یا بحرین یا قنسرین ، میں سے جہاں بھی قیام فرمائیں وہ آپ کا دار ہجرت ہے ۔‘‘ اسنادہ ضعیف ، رواہ الترمذی ۔

Haidth Number: 2752
ابوبکرہ ؓ نبی ﷺ سے روایت کرتے ہیں ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ مسیح دجال کا رعب مدینہ میں داخل نہیں ہو گا ، اس روز اس کے سات دروازے ہوں گے ، اور ہر دروازے پر دو فرشتے ہوں گے ۔‘‘ رواہ البخاری ۔

Haidth Number: 2753
انس ؓ نبی ﷺ سے روایت کرتے ہیں ، آپ ﷺ نے دعا فرمائی :’’ اے اللہ ! تو نے جتنی برکت مکہ کو دی ہے اس سے دگنی مدینہ کو عطا فرما ۔‘‘ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 2754
آل خطاب میں سے ایک آدمی نے نبی ﷺ سے روایت کیا ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ جو شخص قصداً میری زیارت کے لیے آئے تو روز قیامت وہ میرے پڑوس میں ہو گا ، جو شخص مدینہ میں سکونت اختیار کرے اور اس کی مشکلات پر صبر کرے تو روز قیامت میں اس کے لیے گواہ بنوں گا یا سفارشی ہوں گا ، اور جو حرمین (مکہ ، مدینہ) میں کسی جگہ فوت ہوا تو روز قیامت وہ امن والوں میں سے ہو گا ۔‘‘ اسنادہ ضعیف ، رواہ البیھقی فی شعب الایمان ۔

Haidth Number: 2755
ابن عمر ؓ مرفوع روایت بیان کرتے ہیں ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ جو شخص حج کرے اور میری موت کے بعد میری قبر کی زیارت کرے تو وہ اس شخص کی طرح ہے جس نے میری زندگی میں میری زیارت کی ۔‘‘ امام بیہقی نے دونوں روایتیں شعب الایمان میں روایت کی ہیں ۔ اسنادہ ضعیف جذا ، رواہ البیھقی فی شعب الایمان ۔

Haidth Number: 2756
یحیی بن سعید ؒ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ بیٹھے ہوئے تھے جبکہ مدینہ میں ایک قبر کھودی جا رہی تھی ، ایک آدمی نے قبر میں جھانکا تو کہا : مومن کی بہت بُری جگہ ہے ، تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ تم نے بہت بُری بات کی ہے ۔‘‘ اس آدمی نے عرض کیا : میرا یہ ارادہ نہیں تھا ، میں نے تو یہ ارادہ کیا کہ اللہ کی راہ میں شہادت (بستر پر مرنے سے) افضل ہے ۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ اللہ کی راہ میں شہادت جیسی تو کوئی چیز ہی نہیں اور مجھے اپنی قبر کے لیے یہ خطۂ زمین پوری زمین میں سب سے زیادہ پسندیدہ ہے ۔‘‘ آپ نے یہ بات تین مرتبہ فرمائی ۔ امام مالک نے اسے مرسل روایت کیا ہے ۔ اسنادہ ضعیف ، رواہ مالک ۔

Haidth Number: 2757