ابن عمر ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے ’’مزابنہ ‘‘ سے منع فرمایا ہے ، اور وہ یہ ہے کہ وہ اپنے باغ کا پھل ، اگر کھجور ہو تو معلوم شدہ مقدار خشک کھجور کے ساتھ ، اگر انگور ہو تو اسے منقی کے ساتھ ناپ کر ، اور مسلم میں ہے : اگر کھیتی ہو تو اناج کے ساتھ ناپ کر بیچنا ، آپ ﷺ نے ان سب صورتوں سے منع فرمایا ہے ۔ بخاری ، مسلم ۔
اور صحیحین ہی کی روایت میں ، آپ ﷺ نے مزابنہ سے منع فرمایا ہے ، اور مزابنہ یہ ہے کہ کھجوروں کے درخت پر لگے ہوئے پھل کو خشک کھجوروں کے ساتھ مقررہ پیمانے سے بیچنا ، اور یوں کہے کہ اگر زیادہ ہو تو میرا اور اگر کم ہو تو میں دوں گا ۔ متفق علیہ ۔
جابر ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے مخابرہ ، محاقلہ اور مزابنہ سے منع فرمایا ہے ۔ محاقلہ یہ ہے کہ آدمی سو فرق (وزن کا پیمانہ) گندم کے بدلے کھیتی فروخت کر دے ، مزابنہ یہ ہے کہ وہ سو فرق کھجور کے بدلے میں کھجوروں کو درختوں پر فروخت کر دے ، اور مخابرہ یہ ہے کہ زمین کو تہائی یا چوتھائی حصے پر کاشت کرنے کو دیا جائے ۔ رواہ مسلم ۔
جابر ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے محاقلہ ، مزابنہ ، مخابرہ ، باغ کو کئی سال پر ٹھیکے پر دینے اور استثنا سے منع کیا ہے ، البتہ آپ ﷺ نے اندازہ لگانے کی اجازت فرمائی ۔ رواہ مسلم ۔
سہل بن ابی حشمہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے خشک کھجور کے بدلے تازہ کھجور بیچنے سے منع فرمایا ، البتہ آپ نے اندازہ لگانے کی اجازت دی ، وہ یہ ہے کہ اس کو اندازہ سے خشک کھجوروں کے عوض بیچ دیا جائے ، تاکہ اس کے مالک تازہ کھجوریں کھا سکیں ۔‘‘ متفق علیہ ۔
ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے پانچ وسق یا اس سے کم خشک کھجور کے اندازہ سے تازہ کھجوروں کو بیچنے کی اجازت فرمائی ۔‘‘ داؤد بن حصین راوی کو پانچ یا پانچ سے کم میں شک ہوا ۔ متفق علیہ ۔
عبداللہ بن عمر ؓ سے روایت ہے ، رسول اللہ ﷺ نے پھلوں کی بیع سے منع فرمایا حتی کہ ان کی صلاحیت ظاہر ہو جائے ، اور آپ ﷺ نے بائع اور مشتری دونوں کو منع فرمایا ۔ بخاری ، مسلم ۔ اور مسلم کی روایت میں ہے آپ ﷺ نے کھجوروں کی بیع سے منع فرمایا حتی کہ وہ سرخ ہو جائیں اور آپ ﷺ نے سنبل (بالیوں) کی بیع سے منع فرمایا حتی کہ وہ سفید ہو جائیں اور آفت سے بچ جائیں ۔‘‘ متفق علیہ ۔
انس ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے پھلوں کی بیع سے منع فرمایا حتی کہ ’’ زھو ‘‘ (پختہ) ہو جائیں ۔‘‘ عرض کیا گیا ، ’’ زھو ‘‘ سے کیا مراد ہے ؟ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ حتی کہ وہ سرخ ہو جائیں ، اور فرمایا :’’ مجھے بتاؤ اگر اللہ پھل روک لے تو پھر تم میں سے کوئی اپنے مسلمان بھائی کا مال کس چیز کے عوض حاصل کرے گا ؟‘‘ متفق علیہ ۔
جابر ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ اگر تم اپنے (کسی مسلمان) بھائی کو پھل فروخت کرو اور پھر اس پر کوئی آفت آ جائے تو تمہارے لیے اس سے کچھ لینا حلال نہیں ، تم اپنے بھائی کا مال ناحق کس چیز کے بدلے حاصل کرو گے ۔‘‘ رواہ مسلم ۔
ابن عمر ؓ بیان کرتے ہیں ، لوگ بازار کے بالائی حصے سے اناج خریدتے اور اسے وہیں فروخت کر دیا کرتے تھے ، لیکن رسول اللہ ﷺ نے اسے اسی جگہ پر فروخت کرنے سے منع فرما دیا حتی کہ وہ اسے منتقل کریں ۔ ابوداؤد ۔ میں نے اسے صحیحین میں نہیں پایا ۔ اسنادہ صحیح ، رواہ ابوداؤد ۔
ابن عباس ؓ بیان کرتے ہیں ، رہی وہ چیز جس سے نبی ﷺ نے منع فرمایا ہے کہ اسے فروخت نہ کیا جائے حتی کہ اس پر قبضہ کر لیا جائے تو وہ اناج ہے ، اور ابن عباس ؓ نے فرمایا : جبکہ میرا ہر چیز کے بارے میں یہی خیال ہے ۔ متفق علیہ ۔
ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ بیع کے لیے تجارتی قافلے کو (شہر سے باہر جا کر) نہ ملو ، کوئی کسی کی بیع پر بیع نہ کرے ، بلا ارادہ خرید ، محض قیمت بڑھانے کے لیے بولی نہ دو ، کوئی شہری ، دیہاتی کے لیے کوئی مال فروخت نہ کرے ، اونٹنی اور بکری کا دودھ نہ روکو ، اگر کوئی ایسا جانور خرید لیتا ہے تو دودھ دھونے کے بعد اسے دونوں اختیار حاصل ہیں : اگر وہ اس پر راضی ہو تو اسے رکھ لے اور اگر راضی نہ ہو تو اسے واپس کر دے اور ایک صاع کھجور بھی اس کے ساتھ دے ۔‘‘ بخاری ، مسلم ۔ اور مسلم کی روایت میں ہے :’’ جو شخص ایسی بکری خریدے جس کا دودھ روکا گیا ہو تو اسے تین دن تک اختیار ہے ، اگر وہ اسے واپس کرے تو اس کے ساتھ ایک صاع کھانے کا بھی واپس کرے لیکن وہ گندم نہ ہو ۔‘‘ متفق علیہ ۔
ابوہریرہ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ تم اناج لانے والوں کو راستے میں جا کر نہ ملو ، جو شخص اسے ملے اور اس سے غلہ خرید لے ، پھر اس کا مالک بازار آ جائے تو اسے اختیار حاصل ہے ۔‘‘ (چاہے تو سودا رہنے دے اور چاہے تو فسخ کر دے) رواہ مسلم ۔
ابن عمر ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ آدمی اپنے بھائی کی بیع پر بیع کرے نہ اپنے بھائی کے پیغامِ نکاح پر پیغامِ نکاح بھیجے مگر یہ کہ وہ اسے اجازت دے دے ۔‘‘ رواہ مسلم ۔
جابر ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ کوئی شہری ، کسی دیہاتی کا مال فروخت نہ کرے ، لوگوں کو (اپنے حال پر) چھوڑ دو ، اللہ تعالیٰ بعض کے ذریعے بعض کو رزق فراہم کرتا ہے ۔‘‘ رواہ مسلم ۔
ابوسعید خدری ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے دو طرح کے پہناووں اور دو طرح کی تجارت سے منع فرمایا ہے ۔ آپ ﷺ نے بیع ملامسہ اور منابذہ سے منع فرمایا ، ملامسہ یہ ہے کہ آدمی دن یا رات کے وقت کسی دوسرے شخص کے کپڑے کو ہاتھ سے چھوتا ہے اور اسے الٹ پلٹ کر کے نہیں دیکھتا اور بس اس طرح بیع ہو جاتی ہے ، جبکہ منابذہ یہ ہے کہ آدمی اپنا کپڑا دوسرے شخص کی طرف اور وہ اپنا کپڑا اس پہلے شخص کی طرف پھینکتا ہے اور بس اسی طرح بِن دیکھے اور بغیر رضا مندی کے بیع ہو جاتی ہے ۔ اور دو پہناوے یہ ہیں : ان میں سے ایک ’’ اشتمال الصماء‘‘ ہے اور وہ یہ ہے کہ وہ اپنا کپڑا اپنے کسی ایک کندھے پر رکھے اور اس کا ایک پہلو ظاہر رہے جس پر کوئی کپڑا نہ ہو ، اور دوسرا پہناوا یہ ہے کہ گوٹ مار کر اس طرح بیٹھنا کہ اس کپڑے کا کچھ بھی حصہ اس کی شرم گاہ پر نہ ہو ۔ متفق علیہ ۔
ابن عمر ؓ بیان کرتے ہیں، رسول اللہ ﷺ نے ’’ حبل الحبلۃ ‘‘ کی بیع سے منع فرمایا ، اور اہل جاہلیت اس طرح کی بیع کیا کرتے تھے ، اور وہ اس طرح کہ آدمی اس اقرار پر اونٹنی خریدتا کہ یہ اونٹنی بچہ جنے گی اور پھر جب وہ بچہ ، بچہ جنے گا تب اس کی قیمت ادا کروں گا ۔‘‘ متفق علیہ ۔
جابر ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے اونٹ سے اونٹنی پر جفتی کروانے پر اجرت لینے اور کھیتی باڑی کے لیے دی جانے والی زمین اور پانی پر اجرت لینے سے منع فرمایا ۔ رواہ مسلم ۔
ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ اناج کے ایک ڈھیر کے پاس سے گزرے تو آپ نے اپنا ہاتھ اس میں داخل کیا تو آپ کی انگلیاں نم ہو گئیں تو آپ ﷺ نے فرمایا :’’ اناج والے ! یہ کیا ہے ؟‘‘ اس نے عرض کیا : اللہ کے رسول ! اس پر بارش ہو گئی تھی ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ تم نے اسے اناج کے اوپر کیوں نہ کیا تاکہ لوگ جان لیتے ، (جان لو) جس شخص نے دھوکہ دیا وہ مجھ سے نہیں ۔‘‘ رواہ مسلم ۔
جابر ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے (غیر معین اشیاء میں) استثنا کرنے سے منع فرمایا ، البتہ اگر وہ (مستثنیٰ چیز) معلوم ہو تو جائز ہے ۔ صحیح ، رواہ الترمذی ۔
انس ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے انگوروں کی بیع سے منع فرمایا حتی کہ وہ (پک کر) سیاہ ہو جائیں اور دانوں (غلہ اناج وغیرہ) کی بیع سے منع فرمایا حتی کہ وہ (پک کر) سخت ہو جائیں ۔‘‘
امام ترمذی اور ابوداؤد نے اسے اسی طرح روایت کیا ہے ، ان دونوں کے ہاں (انس ؓ) سے مروی روایت میں یہ الفاظ نہیں ہیں : آپ ﷺ نے کھجوروں کی بیع سے منع فرمایا : حتی کہ وہ سرخ ہو جائیں ۔ البتہ ابن عمر ؓ سے مروی روایت میں یہ الفاظ ہیں : آپ ﷺ نے کھجوروں کی بیع سے منع فرمایا حتی کہ وہ سرخ ہو جائیں ۔ اور یہ اضافہ جو مصابیح میں ہے وہ یہ الفاظ ہیں کہ آپ ﷺ نے کھجوروں کی بیع سے منع فرمایا حتی کہ وہ سرخ ہو جائیں ۔ البتہ ان دونوں کی ابن عمر ؓ سے مروی روایت میں مذکورہ الفاظ موجود ہیں :’’ آپ ﷺ نے کھجوروں کی بیع سے منع فرمایا حتی کہ وہ سرخ ہو جائیں ۔‘‘ اور امام ترمذی نے فرمایا : یہ حدیث حسن غریب ہے ۔ سندہ صحیح ، رواہ الترمذی و ابوداؤد ۔