Blog
Books
Search Hadith

حضرت ابوبکر ؓ اور حضرت عمر ؓ کے مناقب کا بیان

بَابِ مَنَاقِبِ أَبِي بَكْرٍ وَعُمَرَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُمَا

13 Hadiths Found
ابوہریرہ ؓ رسول اللہ ﷺ سے روایت کرتے ہیں ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ اس اثنا میں کہ ایک آدمی گائے ہانک رہا تھا ، جب وہ تھک جاتا تو وہ اس پر سوار ہو جاتا ، اس نے کہا : ہمیں اس لیے نہیں پیدا کیا گیا ، ہمیں تو کھیت جوتنے کے لیے پیدا کیا گیا ہے ، لوگوں نے کہا : سبحان اللہ : گائے کلام کرتی ہے ۔‘‘ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ میں اس پر ایمان رکھتا ہوں ابوبکر اور عمر ؓ بھی اس پر ایمان رکھتے ہیں ۔‘‘ اور وہ دونوں اس وقت وہاں موجود نہیں تھے ، اور فرمایا :’’ ایک آدمی بکریاں چرا رہا تھا کہ بھیڑیے نے ایک بکری پر حملہ کیا اور اسے پکڑ لیا ، اس کے مالک نے اسے جا لیا اور اسے چھڑا لیا ، بھیڑیے نے اسے کہا : جس دن درندے ہی درندے رہ جائیں گے اور اس دن میرے سوا بکریوں کو چرانے والا کون ہو گا ؟ لوگوں نے کہا : سبحان اللہ ! بھیڑیا کلام کرتا ہے ۔‘‘ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ میں اس پر ایمان رکھتا ہوں اور ابوبکر و عمر ؓ اس پر ایمان رکھتے ہیں ۔‘‘ اور وہ دونوں اس وقت وہاں موجود نہیں تھے ۔ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 6056
ابن عباس ؓ بیان کرتے ہیں ، میں ان لوگوں میں کھڑا تھا جو عمر ؓ کے لیے دعائیں کر رہے تھے ، اور ان کا جنازہ ان کی چار پائی پر رکھا ہوا تھا ، کہ اچانک ایک آدمی نے میرے پیچھے سے اپنی کہنی میرے کندھوں پر رکھ دی ، اور وہ کہہ رہے تھے : اللہ آپ ؓ پر رحم فرمائے ، مجھے امید ہے کہ اللہ آپ کو آپ کے دونوں ساتھیوں کے ساتھ (دفن) کرائے گا ۔ کیونکہ میں اکثر رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا کرتا تھا :’’ میں ، ابوبکر اور عمر تھے ، میں ، ابوبکر اور عمر نے کلام کیا ، میں ، ابوبکر اور عمر گئے ، میں ، ابوبکر اور عمر داخل ہوئے ، میں ، ابوبکر اور عمر باہر نکلے ۔‘‘ میں نے جو مڑ کر دیکھا تو وہ علی بن ابی طالب ؓ تھے ۔ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 6057
ابوسعید خدری ؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا :’’ جنت والے مقام علیین والوں کو اس طرح دیکھیں گے جس طرح تم آسمان کے افق میں چمک دار ستارے کو دیکھتے ہو ، اور ابوبکر و عمر انہی میں سے ہیں ، اور وہ کیا خوب ہیں ۔‘‘ شرح السنہ ، ابوداؤد ، ترمذی اور ابن ماجہ نے اسی طرح روایت کیا ہے ۔ سندہ ضعیف ، رواہ فی شرح السنہ و ابوداؤد و الترمذی و ابن ماجہ ۔

Haidth Number: 6058
انس ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ ابوبکر اور عمر ؓ اہل جنت کے اولین و آخرین کے عمر رسیدہ لوگوں کے سردار ہوں گے البتہ انبیا ؑ اور رسول اس سے مستثنیٰ ہوں گے ۔‘‘ حسن ، رواہ الترمذی ۔

Haidth Number: 6059
امام ابن ماجہ ؒ نے اسے علی ؓ سے روایت کیا ہے ۔ حسن ، رواہ ابن ماجہ ۔

Haidth Number: 6060
حذیفہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ میں نہیں جانتا کہ میں تم میں کتنی دیر باقی رہوں گا ، میرے بعد تم ابوبکر اور عمر دونوں کی اقتدا کرنا ۔‘‘ حسن ، راہ الترمذی ۔

Haidth Number: 6061
انس ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ جب مسجد میں تشریف لاتے تو ابوبکر ؓ اور عمر ؓ کے سوا کوئی اپنا سر نہ اٹھاتا وہ دونوں آپ کی طرف دیکھ کر مسکراتے اور آپ ان دونوں کی طرف دیکھ کر مسکراتے تھے ۔ ترمذی ، اور انہوں نے فرمایا : یہ حدیث غریب ہے ۔ اسنادہ ضعیف ، رواہ الترمذی ۔

Haidth Number: 6062
ابن عمر ؓ سے روایت ہے کہ ایک روز نبی ﷺ (گھر سے) باہر نکلے اور مسجد میں داخل ہوئے ۔ اور ابوبکر و عمر ؓ میں سے ایک آپ کے دائیں طرف تھا اور ایک آپ کے بائیں طرف تھا ، آپ ان دونوں کے ہاتھ پکڑے ہوئے تھے ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ روز قیامت ہم اسی طرح اٹھائے جائیں گے ۔‘‘ ترمذی ، اور انہوں نے فرمایا : یہ حدیث غریب ہے ۔ اسنادہ ضعیف ، رواہ الترمذی ۔

Haidth Number: 6063
عبداللہ بن حنطب ؒ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے ابوبکر اور عمر ؓ کو دیکھا تو فرمایا :’’ یہ دونوں سمع و بصر (کی طرح) ہیں ۔‘‘ امام ترمذی نے اسے مرسل روایت کیا ہے ۔ سندہ ضعیف ، رواہ الترمذی ۔

Haidth Number: 6064
ابوسعید خدری ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ ہر نبی کے آسمان والوں سے دو وزیر ہیں اور زمین والوں سے دو وزیر ہیں ۔ آسمان والوں سے میرے دو وزیر جبریل ؑ اور میکائیل ؑ ہیں ، اور زمین والوں میں سے ابوبکر اور عمر ہیں ۔‘‘ اسنادہ ضعیف ، رواہ الترمذی ۔

Haidth Number: 6065
ابوبکرہ ؓ سے روایت ہے کہ ایک آدمی نے رسول اللہ ﷺ سے عرض کیا ، میں نے (خواب میں) دیکھا کہ گویا ایک ترازو آسمان سے اترا ہے ، آپ ﷺ کا ابوبکر ؓ سے وزن کیا گیا تو آپ بھاری رہے ، ابوبکر ؓ اور عمر ؓ کا وزن کیا گیا تو ابوبکر ؓ بھاری رہے ، عمر ؓ اور عثمان ؓ کا وزن کیا گیا تو عمر ؓ بھاری رہے ، پھر ترازو اٹھا لی گئی ۔ اس سے رسول اللہ ﷺ غمگین ہوئے ، یعنی اس (خواب) نے آپ کو غمگین کر دیا ۔ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ نبوت کا خلافت کی جانب اشارہ ہے ، پھر اللہ جسے چاہے گا بادشاہت عطا فرمائے گا ۔‘‘ سندہ ضعیف ، رواہ الترمذی و ابوداؤد ۔

Haidth Number: 6066
ابن مسعود ؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا :’’ اہل جنت میں سے ایک آدمی تمہارے پاس ظاہر ہو گا ۔‘‘ ابوبکر ؓ تشریف لائے ، پھر آپ ﷺ نے فرمایا :’’ اہل جنت میں سے ایک آدمی تمہارے پاس ظاہر ہو گا ۔‘‘ عمر ؓ تشریف لائے ۔ ترمذی ، اور انہوں نے فرمایا : یہ حدیث غریب ہے ۔ اسنادہ ضعیف ، رواہ الترمذی ۔

Haidth Number: 6067
عائشہ ؓ بیان کرتی ہیں چاندنی رات میں رسول اللہ ﷺ کا سر مبارک میری گود میں تھا کہ اچانک میں نے عرض کیا ، اللہ کے رسول ! کیا کسی شخص کی آسمان کے ستاروں کے برابر نیکیاں ہوں گی ؟ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ ہاں ، عمر ۔‘‘ میں نے عرض کیا ، ابوبکر ؓ کی نیکیاں کہاں گئیں ؟ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ عمر کی ساری نیکیاں ، ابوبکر کی نیکیوں کے مقابلے میں ایک نیکی کی مانند ہیں ۔‘‘ اسنادہ موضوع ، رواہ رزین ۔

Haidth Number: 6068