اَلرِّدْفُ: تابع یعنی ہر وہ چیز جو دوسرے کے پیچھے ہو اور رِدْفُ المَرْئَ ۃِ کے معنٰی عورت کی سرین کے ہیں۔ اَلتَّرادُفُ: یکے بعد دیگرے آنا۔ ایک دوسرے کی پیروی کرنا۔ اَلرَّادِفُ: متاخر، یعنی پچھلا۔ اَلْمُرْدِفُ: اگلا جس نے اپنے پیچھے کسی کو سوار کیا ہو۔ قرآن پاک میں ہے: (فَاسۡتَجَابَ لَکُمۡ اَنِّیۡ مُمِدُّکُمۡ بِاَلۡفٍ مِّنَ الۡمَلٰٓئِکَۃِ مُرۡدِفِیۡنَ ) (۸:۹) سو اس نے تمہاری سن لی (اور فرمایا) کہ ہم لگاتار ایک ہزار فرشتوں کے ساتھ تمہاری مدد کریں گے۔ ابوعبیدہ کے نزدیک رَدِفَ وَاَرْدَفَ: یعنی مجرد اور مزید فیہ ایک ہی معنٰی میں آتے ہیں(1) اس لیے انہوں نے مُردِفِیْنَ کا معنی ’’بعد میں آنے والے‘‘ کیا یہ۔ اور یہ شاہد پیش کیا ہے۔(2) (۱۷۹) ’’اِذَا الْجَوْزَائُ اَرْدَفَتِ الثُّرَیَّا‘‘ جب ثریا کے پیچھے جوزاء ستارہ نکل آیا۔ مگر ابوعبیدہ کے علاوہ دوسرے علماء نے مُردِفِیْنَ کے معنٰی یہ کیے ہیں ’’دوسرے فرشتوں کو پیچھے لانے والے‘‘ تو اس لحاظ سے گویا دوہزار فرشتوں کے ساتھ مسلمانوں کی مدد کی گئی تھی۔ بعض نے کہا یہ کہ مُردِفِیْنَ سے مراد وہ فرشتے ہیں۔ جو اسلامی لشکر کے آگے آگے چلتے تھے تاکہ کفار کے دلوں میں مسلمانوں کا رعب ڈال دیں۔ اور ایک قرأت میں مُردَفِیْنَ فتح دال کے ساتھ ہے(3) یعنی ہر ایک مسلمان فوجی کے پیچھے اس کی مدد کے لیے ایک فرشتہ متعین تھا۔ ایک اور قرأت میں مُرَدَّفِیْنَ بتشدید دال ہے جو دراصل مُرْتَدِیْنَ باب افتعال سے ہے۔ صرفی قاعدہ کے مطابق تاء کو دال میں ادغام کرکے اس کی حرکت دال کو دے دی گئی ہے۔ سورۂ آل عمران میں ہے: (اَلَنۡ یَّکۡفِیَکُمۡ اَنۡ یُّمِدَّکُمۡ رَبُّکُمۡ بِثَلٰثَۃِ اٰلٰفٍ مِّنَ الۡمَلٰٓئِکَۃِ مُنۡزَلِیۡنَ … … بَلٰۤی ۙ اِنۡ تَصۡبِرُوۡا وَ تَتَّقُوۡا وَ یَاۡتُوۡکُمۡ مِّنۡ فَوۡرِہِمۡ ہٰذَا یُمۡدِدۡکُمۡ رَبُّکُمۡ بِخَمۡسَۃِ اٰلٰفٍ مِّنَ الۡمَلٰٓئِکَۃِ مُسَوِّمِیۡنَ ) (۳:۱۲۴۔۱۲۵) کیا تم کو اتنا کافی نہیں کہ تمہارا رب (آسمان سے) تین ہزار فرشتے بھیج کر تمہاری مدد فرمائے (ضرور کافی ہے) بلکہ اگر تم ثابت قدم رہو (اور خدا اور رسول کی نافرمانی سے) بچو اور دشمن (ابھی) اسی دم تم پر چڑھ آئیں تو تمہارا رب پانچ ہزار فرشتوں سے تمہاری مدد کرے گا جو بری سج دھج سے آ موجود ہوں گے۔ اَرْدَفْتُہٗ: میں نے اسے اپنے پیچھے سوار کیا۔ اَلرِّدَافُ: سواری پر ردیف کے بیٹھنے کی جگہ۔ دَابَّۃُ لَا تُرَادِفُ اَوْلَا تُرْدَفُ: سواری جو ردیف کو سوار نہ ہونے دے۔ جَائَ وَاحِدٌ فَاَرْدَفَہٗ اٰخَرُ۔ ایک کے بعد دوسرا آیا۔ اَرْدَافُ الْمُلُوکُ۔ بادشاہوں کے جانشین، نائب۔
Words | Surah_No | Verse_No |
الرَّادِفَةُ | سورة النازعات(79) | 7 |
رَدِفَ | سورة النمل(27) | 72 |
مُرْدِفِيْنَ | سورة الأنفال(8) | 9 |