راہبانیت ( خانقاہ نشینی ) اسلام میں ممنوع ہے ابن ابی حاتم میں ہے کہ چند صحابہ نے آپس میں کہا کہ ہم خصی ہو جائیں ، دنیوی لذتوں کو ترک کر دیں ، بستی چھوڑ کر جنگلوں میں جا کر تارک دنیا لوگوں کی طرح زندگی یاد الٰہی میں بسر کریں ۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو ان کی یہ باتیں معلوم ہو گئیں ، آپ نے انہیں یاد فرمایا اور ان سے پوچھا ، انہوں نے اقرار کیا ، اس پر آپ نے فرمایا تم دیکھ نہیں رہے؟ کہ میں نفلی روزے رکھتا ہوں اور نہیں بھی رکھتا ۔ رات کو نفلی نماز پڑھتا بھی ہوں اور سوتا بھی ہوں ۔ میں نے نکاح بھی کر رکھے ہیں ۔ سنو جو میرے طریقے پر ہو وہ تو میرا ہے اور جو میری سنتوں کو نہ لے وہ میرا نہیں ۔ صحیح بخاری اور صحیح مسلم میں ہے کہ لوگوں نے امہات المومنین سے حضور کے اعمال کی نسبت سوال کیا پھر بعض نے کہا کہ ہم گوشت نہیں کھائیں گے بعض نے کہا ہم نکاح نہیں کریں گے بعض نے کہا ہم بستر پر سوئیں گے ہی نہیں ، جب یہ واقعہ حضور کے گوش گزار ہوا تو آپ نے فرمایا ان لوگوں کو کیا ہو گیا ہے کہ ان میں سے بعض یوں کہتے ہیں حالانکہ میں روزہ رکھتا ہوں اور نہیں بھی رکھتا ، سوتا بھی ہوں اور تہجد بھی پڑھتا ہوں ، گوشت بھی کھاتا ہوں اور نکاح بھی کئے ہوئے ہوں جو میری سنت سے منہ موڑے وہ میرا نہیں ۔ ترمذی وغیرہ میں ہے کہ کسی شخص نے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہو کر کہا کہ گوشت کھانے سے میری قوت باہ بڑھ جاتی ہے اس لئے میں نے اپنے اوپر گوشت کو حرام کر لیا ہے اس پر یہ آیت اتری ۔ امام ترمذی اسے حسن غریب بتاتے ہیں اور سند سے بھی یہ روایت مرسلاً مروی ہے اور موقوفا بھی واللہ اعلم ۔ بخاری و مسلم میں ہے حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں ہم آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی ماتحتی میں جہاد کرتے تھے اور ہمارے ساتھ ہماری بیویاں نہیں ہوتی تھیں تو ہم نے کہا اچھا ہوگا اگر ہم خصی ہو جائیں لیکن اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں اس سے روکا اور مدت معینہ تک کیلئے کپڑے کے بدلے پر نکاح کرنے کی رخصت ہمیں عطا فرمائی پھر حضرت عبداللہ نے یہی آیت پڑھی ۔ یہ یاد رہے کہ یہ نکاح کا واقعہ متعہ کی حرمت سے پہلے کا ہے واللہ اعلم ۔ ۔ معقل بن مقرن نے حضرت عبداللہ بن مسعود کو کہا کہ میں نے تو اپنا بستر اپنے اوپر حرام کر لیا ہے تو آپ نے یہی آیت تلاوت فرمائی ۔ حضرت ابن مسعود کے سامنے کھانا لایا جاتا ہے تو ایک شخص اس مجمع سے الگ ہو جاتا ہے آپ اسے بلاتے ہیں کہ آؤ ہمارے ساتھ کھا لو وہ کہتا ہے میں نے تو اس چیز کا کھانا اپنے اوپر حرام کر رکھا ہے ۔ آپ فرماتے ہیں آؤ کھا لو اپنی قسم کا کفارہ دے دینا ، پھر آپ نے اسی آیت کی تلاوت فرمائی ( مستدرک حاکم ) ابن ابی حاتم میں ہے کہ حضرت عبداللہ بن رواحہ رضی اللہ عنہ کے گھر کوئی مہمان آئے آپ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس سے رات کو جب واپس گھر پہنچے تو معلوم ہوا کہ گھر والوں نے آپ کے انتظار میں اب تک مہمان کو بھی کھانا نہیں کھلایا ۔ آپ کو بہت غصہ آیا اور فرمایا تم نے میری وجہ سے مہمان کو بھوکا رکھا ، یہ کھانا مجھ پر حرام ہے ۔ بیوی صاحبہ بھی ناراض ہو کر یہی کہہ بیٹھیں مہمان نے دیکھ کر اپنے اوپر بھی حرام کر لیا اب تو حضرت عبداللہ بہت گھبرائے کھانے کی طرف ہاتھ بڑھایا اور سب سے کہا چلو بسم اللہ کرو کھا پی لیا پھر جب حضور کی خدمت میں حاضر ہوئے سارا واقعہ کہہ سنایا پس یہ آیت اتری ، لیکن اثر منقطع ہے ، صحیح بخاری شریف میں اس جیسا ایک قصہ حضرت ابو بکر صدیق کا اپنے مہمانوں کے ساتھ کا ہے اس سے امام شافعی وغیرہ علماء کا وہ قوم ثابت ہوتا ہے کہ جو شخص علاوہ عورتوں کے کسی اور کھانے پینے کی چیز کو اپنے اوپر حرام کر لے تو وہ اس پر حرام نہیں ہو جاتی اور نہ اس پر اس میں کوئی کفارہ ہے ، دلیل یہ آیت اور دوسری وہ حدیث ہے جو اوپر گزر چکی کہ جس شخص نے اپنے اوپر گوشت حرام کر لیا تھا اسے حضور نے کسی کفارے کا حکم نہیں فرمایا ۔ لیکن امام احمد اور ان کے ہم خیال جماعت علماء کا خیال ہے کہ جو شخص کھانے پہننے وغیرہ کی کسی چیز کو اپنے اوپر حرام کر لے تو اس پر قسم کا کفارہ ہے ۔ جیسے اس شخص پر جو کسی چیز کے ترک پر قسم کھا لے ۔ حضرت ابن عباس کا فتویٰ یہی ہے اور اس کی دلیل یہ آیت ( يٰٓاَيُّهَا النَّبِيُّ لِمَ تُحَرِّمُ مَآ اَحَلَّ اللّٰهُ لَكَ ۚ تَبْتَغِيْ مَرْضَاتَ اَزْوَاجِكَ ۭ وَاللّٰهُ غَفُوْرٌ رَّحِيْمٌ ) 66 ۔ التحریم:1 ) بھی ہے اور اس آیت کے بعد ہی کفارہ قسم کا ذکر بھی اسی امر کا مقتضی ہے کہ یہ حرمت قائم مقام قسم کے ہے واللہ اعلم ۔ حضرت مجاہد فرماتے ہیں بعض حضرات نے ترک دنیا کا ، خصی ہو جانے کا اور ٹاٹ پہننے کا عزم مصمم کر لیا اس پر یہ آیتیں اتریں ۔ ایک روایت میں ہے کہ حضرت عثمان بن مظعون ، حضرت علی بن ابی طالب ، حضرت عبداللہ بن مسعود ، حضرت مقداد بن اسود ، حضرت سالم مولی ، حضرت ابی حذیفہ وغیرہ ترک دنیا کا ارادہ کر کے گھروں میں بیٹھ رہے باہر آنا جانا ترک کر دیا عورتوں سے علیحدگی اختیار کر لی ٹاٹ پہننے لگے اچھا کھانا اور اچھا پہننا حرام کر لیا اور نبی اسرائیل کے عابدوں کی وضع کر لی بلکہ ارادہ کر لیا کہ خصی ہو جائیں تاکہ یہ طاقت ہی سلب ہو جائے اور یہ بھی نیت کر لی کہ تمام راتیں عبادت میں اور تمام دن روزے میں گزاریں گے اس پر یہ آیت اتری یعنی یہ خلاف سنت ہے ۔ پس حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں بلا کر فرمایا کہ تمہاری جانوں کا تم پر حق ہے ، تمہاری آنکھوں کا بھی تم پر حق ہے ۔ نفل روزے رکھو اور کبھی کبھی چھوڑ بھی دو ۔ نفل نماز رات کو پڑھو اور کچھ دیر سو بھی جاؤ جو ہماری سنت کو چھوڑ دے وہ ہم میں سے نہیں اس پر ان بزرگوں نے فرمایا یا اللہ ہم نے سنا اور جو فرمان ہوا اس پر ہماری گردنیں خم ہیں ۔ یہ واقعہ بہت سے تابعین سے مرسل سندوں سے مروی ہے ۔ اس کی شاہد وہ مرفوع حدیث بھی ہے جو اوپر بیان ہو چکی ۔ فالحمد اللہ ۔ ابن جریر میں ہے کہ ایک دن رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے صحابہ کے سامنے وعظ کیا اور اس میں خوف اور ڈر کا ہی بیان تھا اسے سن کر دس صحابیوں نے جن میں حضرت علی ، حضرت عثمان بن مظعون وغیرہ تھے آپس میں کہا کہ ہمیں تو کوئی بڑے بڑے طریقے عبادت کے اختیار کرنا چاہئیں نصرانیوں کو دیکھو کہ انہوں نے اپنے نفس پر بہت سی چیزیں حرام کر رکھی ہیں اس پر کسی نے گوشت اور چربی وغیرہ کھانا اپنے اوپر حرام کیا ، کسی نے دن کو کھانا بھی حرام کر لیا ، کسی نے رات کی نیند اپنے اوپر حرام کر لی ، کسی نے عورتوں سے مباشرت حرام کر لی ۔ حضرت عثمان بن مظعون نے اپنی بیوی سے میل جول اسی بنا پر ترک کر دیا ۔ میاں بیوی اپنے صحیح تعلقات سے الگ رہنے لگے ایک دن یہ بیوی صاحبہ حضرت خولہ ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہ کے پاس آئیں وہاں حضور کی ازواج مطہرات بھی تھیں انہیں پراگندہ حالت میں دیکھ کر سب نے پوچھا کہ تم نے اپنا یہ حلیہ کیا بنا رکھا ہے؟ نہ کنگھی نہ چوٹی کی خبر ہے نہ لباس ٹھیک ٹھاک ہے نہ صفائی اور خوبصورتی کا خیال ہے؟ کیا بات ہے؟ حضرت خولہ رضی اللہ عنہا نے فرمایا مجھے اب اس بناؤ سنگار کی ضرورت ہی کیا رہی ؟ اتنی مدت ہوئی جو میرے میاں مجھ سے ملے ہی نہیں نہ کبھی انہوں نے میرا کپڑا ہٹایا ، یہ سن کر اور بیویاں ہنسنے لگیں اتنے میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم تشریف لائے اور دریاف فرمایا کہ یہ ہنسی کیسی ہے؟ حضرت عائشہ نے سارا واقعہ بیان فرمایا آپ نے اسی وقت آدمی بھیج کر حضرت عثمان کو بلوایا اور فرمایا یہ کیا قصہ ہے؟ حضرت عثمان نے کل واقعہ بیان کر کے کہا کہ میں نے اسے اس لئے چھوڑ رکھا ہے کہ اللہ کی عبادت دلچسپی اور فارغ البالی سے کر سکوں بلکہ میرا ارادہ ہے کہ میں خصی ہو جاؤں تاکہ عورتوں کے قابل ہی نہ رہوں ۔ آپ نے فرمایا میں تجھے قسم دیتا ہوں جا اپنی بیوی سے میل کر لے اور اس سے بات چیت کر ۔ جواب دیا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اس وقت تو میں روزے سے ہوں فرمایا جاؤ روزہ توڑ ڈالو چنانچہ انہوں نے حکم برداری کی ، روزہ توڑ دیا اور بیوی سے بھی ملے ۔ اب پھر جو حضرت خولاء آئیں تو وہ اچھی ہئیت میں تھیں ۔ ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہ نے ہنس کر پوچھا کہو اب کیا حال ہے جواب دیا کہ اب حضرت عثمان نے اپنا عہد توڑ دیا ہے اور کل وہ مجھ سے ملے بھی ۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے لوگوں میں فرمایا لوگو یہ تمہارا کیا حال ہے کہ کوئی بیویاں حرام کر رہا ہے ، کوئی کھانا ، کوئی سونا ۔ تم نہیں دیکھتے کہ میں سوتا بھی ہوں اور قیام بھی کرتا ہوں ، افطار بھی کرتا ہوں اور روزے سے بھی رہتا ہوں ۔ عورتوں سے ملتا بھی ہوں نکاح بھی کر رکھے ہیں ۔ سنو جو مجھ سے بےرغبتی کرے وہ مجھ سے نہیں ہے ، اس پر یہ آیت اتری ۔ حد سے نہ گزرو سے مطلب یہ ہے کہ عثمان کو خصی نہیں ہونا چاہیے ۔ یہ حد سے گزر جانا ہے اور ان بزرگوں کو اپنی قسموں کا کفارہ ادا کرنے کا حکم ہوا اور فرمایا آیت ( لَا يُؤَاخِذُكُمُ اللّٰهُ بِاللَّغْوِ فِيْٓ اَيْمَانِكُمْ وَلٰكِنْ يُّؤَاخِذُكُمْ بِمَا كَسَبَتْ قُلُوْبُكُمْ ۭ وَاللّٰهُ غَفُوْرٌ حَلِيْمٌ ) 2 ۔ البقرۃ:225 ) پس لا تعتدوا سے مراد یا تو یہ ہے کہ اللہ نے جن چیزوں کو تمہارے لئے مباح کیا ہے تم انہیں اپنے اوپر حرام کر کے تنگی نہ کرو اور یہ مطلب بھی ہو سکتا ہے کہ حلال بقدر کفایت لے لو اور اس حد سے آگے نہ نکل جاؤ ۔ جیسے فرمایا کھاؤ پیو لیکن حد سے نہ بڑھو ۔ ایک اور آیت میں ہے ایمانداروں کا ایک وصف یہ بھی ہے کہ وہ خرچ کرنے میں اسراف اور بخیلی کے درمیان درمیان رہتے ہیں ۔ پس افراط و تفریط اللہ کے نزدیک بری بات ہے اور درمیانی روش رب کو پسند ہے ۔ اسی لئے یہاں بھی فرمایا حد سے گزر جانے والوں کو اللہ ناپسند فرماتا ہے ۔ پھر فرمایا اللہ تعالیٰ جو حلال و طیب چیزیں تمہیں دے رکھی ہیں انہیں کھاؤ پیو اور اپنے تمام امور میں اللہ سے ڈرتے رہو اس کی اطاعت اور طلب رضا مندی میں رہا کرو ۔ اس کی نافرمانی اور اس کی حرام کردہ چیزوں سے الگ رہو ۔ اسی اللہ پر تم یقین رکھتے ہو ، اسی پر تمہارا ایمان ہے پس ہر امر میں اس کا لحاظ رکھو ۔
87۔ 1 حدیث میں آتا ہے کہ ایک شخص نبی کی خدمت میں حاضر ہوا اور آکر کہا کہ یارسول اللہ جب میں گوشت کھاتا ہوں تو نفسانی شہوت کا غلبہ ہوجاتا ہے، اس لئے میں نے اپنے اوپر گوشت حرام کرلیا ہے، جس پر آیت نازل ہوئی، اس طرح سبب نزول کے علاوہ دیگر روایات سے ثابت ہے کہ بعض صحابہ زہد و عبادت کی غرض سے بعض حلال چیزوں سے (مثلًا عورت سے نکاح کرنے، رات کے وقت سونے، دن کے وقت کھانے پینے سے) اجتناب کرنا چاہتے تھے۔ نبی کے علم میں یہ بات آئی تو آپ نے انہیں منع فرمایا۔ حضرت عثمان بن مظعون نے بھی اپنی بیوی سے کنارہ کشی اختیار کی ہوئی تھی، ان کی بیوی کی شکایت پر آپ نے انہیں بھی روکا (کتب حدیث) بہرحال اس آیت اور حدیث سے معلوم ہوا کہ اللہ تعالیٰ کی حلال کردہ کسی بھی چیز کو حرام کرلینا یا اس سے ویسے ہی پرہیز کرنا جائز نہیں ہے چاہے اس کا تعلق کھانے پینے یا مشروبات سے ہو یا لباس سے ہو یا مرغوبات و جائز خواہشات سے۔ مسئلہ :۔ اس طرح اگر کوئی شخص کسی چیز کو اپنے اوپر حرام کرلے گا تو وہ حرام نہیں ہوگی سوائے عورت کے البتہ اس صورت میں بعض علماء یہ کہتے ہیں کہ اسے قسم کا کفارہ ادا کرنا ہوگا اور بعض کے نزدیک کفارہ ضروری نہیں امام شوکانی کہتے ہیں کہ احادیث صحیحہ سے اسی بات کی تائید ہوتی ہے کیونکہ نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے کسی کو بھی کفارہ یمین ادا کرنے کا حکم نہیں دیا امام ابن کثیر فرماتے ہیں کہ اس آیت کے بعد اللہ تعالیٰ نے قسم کا کفارہ بیان فرمایا ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ کسی حلال چیز کو حرام کرلینا یہ قسم کھانے کے مرتبے میں ہے جو تکفیر یعنی کفارہ ادا کرنے کا متقاضی ہے لیکن یہ استدلال احادیث صحیحہ کی موجودگی میں محل نظر ہے۔ فالصحیح ما قالہ الشوکانی
[١٣١] حلال چیزوں کو حرام ٹھہرانے والے گروہ اور اس کی صورتیں :۔ پہلے بتایا جا چکا ہے کہ شرعی نقطہ نظر سے تمام اشیاء انسان کے لیے مباح اور حلال ہیں ماسوائے ان چیزوں کے جن کی حرمت کے متعلق شریعت نے وضاحت کردی ہو۔ اب اس آیت اور اس سے بعد والی آیت میں حلال اشیاء سے فائدہ اٹھانے کے چند جامع اصول بیان کردیئے گئے ہیں اور یہ سب لاَ تَعْتَدُوْا کے ضمن میں آتے ہیں مثلاً (١) جو چیزیں اللہ نے حلال کی ہیں انہیں عقیدتاً یا عملاً حرام نہ بنا لو۔ جیسے صوفی قسم کے لوگ نکاح سے عملاً اس لیے پرہیز کرتے ہیں کہ نکاح سے جو ذمہ داریاں انسان پر پڑتی ہیں۔ وہ عبادت الٰہی میں آڑے آتی ہیں۔ اس قسم کے لوگ عیسائیوں میں بھی موجود تھے اور مسلمانوں میں بھی موجود ہیں بلکہ ایسا رجحان صحابہ کرام میں بھی چل نکلا تھا۔ صوفی منش صحابہ میں سے ہی کسی نے کہا کہ میں ساری عمر نکاح نہ کروں گا اور کسی نے کہا میں ساری رات اللہ کی عبادت میں گزارا کروں گا۔ جس سے اپنے جسم کے، بیوی کے اور مہمانوں کے سب کے حقوق تلف ہوتے تھے اور کسی نے کہا کہ میں ہمیشہ دن کو روزہ رکھا کروں گا۔ رسول اللہ کو ان باتوں کا علم ہوا تو آپ نے ان صحابہ کو سخت تنبیہ کی اور فرمایا میں اللہ کا رسول اور تم سب سے زیادہ اللہ سے ڈرنے والا ہوں اور میں نے نکاح کیے ہیں۔ میں رات کو سوتا بھی ہوں اور قیام بھی کرتا ہوں اور میں (نفلی) روزے رکھتا بھی ہوں اور چھوڑتا بھی ہوں، یہی میرا طریقہ ہے اور جس نے میری سنت سے اعراض کیا اس کا مجھ سے کوئی تعلق نہیں۔ (بخاری۔ کتاب النکاح۔ باب الترغیب فی النکاح)- دوسری صورت یہ ہے کہ جسم کو جتنی غذا کی ضرورت ہے اس سے بھی کم یا بہت کم کھائے یا مرغوب اشیاء سے پرہیز کرے۔ یہ چیز بھی صوفی طبقہ میں ہی پائی جاتی ہے۔ جن کا نظریہ یہ ہے کہ جسم کو جس قدر مضمحل اور نحیف و نزار بنایا جائے اسی قدر روح کو تقویت ہوگی۔ رہبانیت کا نظریہ بھی سنت نبوی کے سراسر خلاف ہے۔- حد سے بڑھنے کی تیسری صورت بسیار خوری ہے۔ جیسے فرمایا (وَّكُلُوْا وَاشْرَبُوْا وَلَا تُسْرِفُوْا 31 ) 7 ۔ الاعراف :31) اور اپنی ذات پر ضرورت سے زیادہ خرچ کرنا بھی اس میں شامل ہے۔ ظاہر ہے کہ جو شخص ان باتوں میں مبتلا ہوگا وہ دوسروں کے حقوق کا خیال نہیں رکھے گا۔ نیز بسیار خوری سے انسان جہاں اللہ کی یاد سے غافل ہوجاتا ہے وہاں کئی طرح کے جسمانی عوارض و امراض بھی لاحق ہوجاتے ہیں اور اعتداء کی چوتھی صورت یہ ہے کہ چیز تو حلال ہو مگر انسان کمائی کے ذریعہ اسے حرام بنا لے۔ جیسے چوری، ڈاکہ، غصب، خیانت، سود اور دیگر ناجائز ذرائع سے حاصل کیا ہوا مال۔ اور یہ بھی (لَا تُحَرِّمُوْا طَيِّبٰتِ مَآ اَحَلَّ اللّٰهُ لَكُمْ 87) 5 ۔ المآئدہ :87) کے ضمن میں آتا ہے۔ اور یہود کی اکثریت انہی امراض میں مبتلا تھی۔
لَا تُحَرِّمُوْا طَيِّبٰتِ مَآ اَحَلَّ اللّٰهُ لَكُمْ ۔ : عہد توڑنے کے سلسلہ میں یہود و نصاریٰ سے مباحثہ کے بعد اب اصل موضوع کی طرف پھر توجہ کی ہے، یعنی ” اَوفُو بالعقُودِ “ کی تشریح جو اس سورت کا بنیادی موضوع ہے۔ (قرطبی، رازی) نصاریٰ کے راہبوں کی تعریف کے بعد پاکیزہ چیزوں کو حرام ٹھہرانے سے منع کرنا اس لیے بھی زیادہ مناسب تھا کہ انھوں نے ان باتوں کو نیکی میں داخل کر رکھا تھا، لہٰذا مومنین کو اس سے منع فرما دیا۔ اللہ تعالیٰ نے رہبانیت سے متعلق فرمایا : (وَرَهْبَانِيَّةَۨ ابْتَدَعُوْهَا مَا كَتَبْنٰهَا عَلَيْهِمْ ) [ الحدید : ٢٧ ] ” اور دنیا سے کنارہ کشی تو انھوں نے خود ہی ایجاد کرلی، ہم نے اسے ان پر نہیں لکھا تھا۔ “- شاہ عبد القادر (رض) فرماتے ہیں کہ جو چیز شرع میں صاف حلال ہو اس سے پرہیز کرنا برا ہے، یہ دو طرح سے ہوتا ہے، ایک زہد سے، یہ رہبانیت ہے جو ہمارے دین میں پسندیدہ نہیں ہے، اس کے بجائے تقویٰ اختیار کیا جائے، یعنی ممنوع چیز کے قریب نہ جائے۔ دوم یہ کہ کسی مباح (جائز) کام کے نہ کرنے کی قسم کھالے، یہ بھی بہتر نہیں، اسے چاہیے کہ قسم توڑے اور کفارہ ادا کرے۔ “ (موضح) انس (رض) سے روایت ہے کہ تین آدمی رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی بیویوں کے گھروں میں آئے، وہ رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی عبادت کے متعلق دریافت کر رہے تھے، جب انھیں اس کے متعلق بتایا گیا تو جیسے انھوں نے اسے کم سمجھا اور کہنے لگے، ہماری رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے کیا نسبت ؟ آپ کے تو پہلے اور پچھلے تمام گناہ معاف کردیے گئے ہیں۔ ان میں سے ایک نے کہا، میں تو ہمیشہ رات بھر نماز پڑھوں گا۔ دوسرے نے کہا، میں ہمیشہ روزہ رکھوں گا، کبھی افطار نہیں کروں گا۔ تیسرے نے کہا، میں عورتوں سے علیحدہ رہوں گا، کبھی نکاح نہیں کروں گا۔ رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) آئے تو فرمایا : ” تمھی لوگوں نے اس اس طرح کہا ہے ؟ اللہ کی قسم میں تم سب سے زیادہ اللہ تعالیٰ سے ڈرنے والا اور اس سے بچنے والا ہوں، لیکن روزہ رکھتا ہوں اور نہیں بھی رکھتا اور نماز پڑھتا ہوں اور سوتا بھی ہوں اور عورتوں سے نکاح کرتا ہوں، تو جو میری سنت سے بےرغبتی کرے وہ مجھ سے نہیں۔ “ [ مسلم، النکاح، باب استحباب النکاح لمن تاقت نفسہ۔۔ : ١٤٠١۔ بخاری : ٥٠٦٣ ] اس سلسلے میں اور بھی کئی روایات ہیں جن میں سے بعض میں یہ تصریح ہے کہ یہ آیت ایسے ہی کسی موقع پر نازل ہوئی۔ چناچہ عبداللہ بن مسعود (رض) فرماتے ہیں کہ ہم رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے ہمراہ جنگ کرتے تھے، ہمارے ساتھ بیویاں نہیں تھیں تو ہم نے عرض کیا، ہم خصی نہ ہوجائیں، تو رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے ہمیں اس سے منع فرما دیا، پھر ہمیں رخصت دے دی کہ ہم کپڑے کے ساتھ عورت سے نکاح کرلیں، پھر یہ آیت پڑھی : (يٰٓاَيُّھَاالَّذِيْنَ اٰمَنُوْا لَا تُحَرِّمُوْا طَيِّبٰتِ ) [ بخاری، التفسیر، باب قولہ تعالیٰ : ( یأیہا الذین آمنوا ۔۔ ) : ٤٦١٥ ] واضح رہے کہ اس کے بعد رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے متعہ ہمیشہ کے لیے حرام فرما دیا، چناچہ سبرہ (بن معبد) (رض) سے روایت ہے کہ وہ رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے ساتھ تھے تو آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے فرمایا : ” اے لوگو میں نے تمہیں عورتوں سے متعہ کرنے کی اجازت دی تھی اور بیشک اللہ تعالیٰ نے اسے قیامت کے دن تک حرام فرما دیا ہے تو جس شخص کے پاس ایسی عورتوں میں سے کوئی موجود ہو وہ اسے چھوڑ دے اور تم نے انھیں جو کچھ دیا ہے اس میں سے کوئی چیز واپس نہ لو۔ “ [ مسلم، النکاح، باب نکاح المتعۃ و بیان أنہ ۔۔ : ٢١؍١٤٠٦ ]
ربط آیات - یہاں تک اہل کتاب کے متعلق گفتگو تھی۔ آگے پھر عود ہے احکام فرعیہ کی طرف، جن کا ذکر کچھ شروع سورت میں اور کچھ درمیان میں بھی ہوا ہے، اور باعتبار خصوصیت مقام کے ایک ربط خاص بھی منقول ہے، وہ یہ کہ اوپر مقام مدح میں رہبانیت کا ذکر آیا ہے، گو وہ باعتبار اس کے ایک جز و خاص یعنی ترک حب دنیا کے ہے، لیکن احتمال تھا کہ کوئی رہبانیت کی مساوی خصوصیات کو قابل مدح سمجھا جائے، اس لئے اس مقام پر اس تحریم حلال کی ممانعت زیادہ مناسب معلوم ہوئی۔ (بیان القرآن ملحضاً )- خلاصہ تفسیر - اے ایمان والو اللہ تعالیٰ نے جو چیزیں تمہارے واسطے حلال کی ہیں (خواہ وہ کھانے پینے اور پہننے کی قسم سے ہوں یا منکوحات کی قسم سے ہوں) ان میں لذیز (اور مرغوب) چیزوں کو (قسم و عہد کرکے اپنے نفسوں پر) حرام مت کرو اور حدود (شرعیہ) سے (جو کہ تحلیل و تحریم کے باب میں مقرر ہیں) آگے مت نکلو بیشک اللہ تعالیٰ حدِّ (شرعی) سے نکلنے والوں کو پسند نہیں کرتے اور خدا تعالیٰ نے جو چیزیں تم کو دی ہیں ان میں سے حلال مرغوب چیزیں کھاؤ (برتو) اور اللہ تعالیٰ سے ڈرو جس پر تم ایمان رکھتے ہو (یعنی تحریم حلال خلاف رضائے حق ہے، ڈرو، اور اس کا ارتکاب مت کرو) ۔- معارف و مسائل - ترک دنیا اگر حدود آلہیہ کے اندر ہو تو جائز ورنہ حرام ہے - مذکورہ آیات میں یہ بتلایا ہے کہ اگرچہ ترک دنیا اور ترک شہوات و لذات ایک درجہ میں محبوب و پسندیدہ ہے مگر اس میں بھی حدود آلہیہ سے تجاوز کرنا مذموم اور حرام ہے، جس کی تفصیل یہ ہے :- کسی حلال چیز کو حرام قرار دینے کے تین درجات - کسی حلال چیز کو حرام قرار دینے کے تین درجے ہیں، ایک یہ کہ اعتقاداً اس کو حرام سمجھ لیا جائے، دوسرے یہ کہ قولاً کسی چیز کو اپنے لئے حرام کرے، مثلاً قسم کھالے کہ ٹھنڈا پانی نہ پیوں گا یا فلاں قسم کا حلال کھانا نہ کھاؤں گا، یا فلاں جائز کام نہ کروں گا۔ تیسرے یہ کہ اعتقاد و قول تو کچھ نہ ہو محض عملاً ہمیشہ کے لئے کسی حلال چیز کو چھوڑ دینے کا عزم کرے۔- پہلی صورت میں اگر اس چیز کا حلال ہونا قطعی ہونا قطعی دلائل سے ثابت ہو تو اس کا حرام سمجھنے والا قانون الٓہی کی صریح مخالفت کی وجہ سے کافر ہوجائے گا۔- اور دوسری صورت میں اگر الفاظ قسم کھا کر اس چیز کو اپنے اوپر حرام قرار دیا ہے، تو قسم ہوجائے گی، قسم کے الفاظ بہت ہیں، جو کتب فقہ میں مفصل مذکور ہیں، ان میں ایک مثال یہ ہے کہ صراحةً کہے کہ اللہ کی قسم کھاتا ہوں کہ فلاں چیز نہ کھاؤں گا، یا فلاں کام نہ کروں گا، یا یہ کہے کہ میں فلاں چیز یا فلاں کام کو اپنے اوپر حرام کرتا ہوں، اس کا حکم یہ ہے کہ بلا ضرورت ایسی قسم کھانا گناہ ہے اس پر لازم ہے کہ اس قسم کو توڑ دے اور کفارہ قسم ادا کرے جس کی تفصیل آگے آئے گی۔- تیسری قسم جس میں اعتقاد اور قول سے کسی حلال کو حرام نہ کیا ہو، بلکہ عمل میں ایسا معاملہ کرے جیسا حرام کے ساتھ کیا جاتا ہے کہ دائمی طور پر اس کے چھوڑنے کا التزام کرے اس کا حکم یہ ہے کہ اگر حلال کو چھوڑنا ثواب سمجھتا ہے تو یہ بدعت اور رہبانیت ہے، جس کا گناہ عظیم ہونا قرآن و سنت میں منصوص ہے، اس کے خلاف کرنا واجب اور ایسی پابندی پر قائم رہنا گناہ ہے، ہاں اگر ایسی پابندی بہ نیت ثواب نہ ہو بلکہ کسی دوسری وجہ سے ہو مثلاً کسی جسمانی یا روحانی بیماری کے سبب سے کسی خاص چیز کو دائمی طور پر چھوڑ دے تو اس میں کوئی گناہ نہیں، بعض صوفیائے کرام اور بزرگوں سے حلال چیزوں کے چھوڑنے کی جو روایات منقول ہیں وہ سب اسی قسم میں داخل ہیں کہ انہوں نے اپنے نفس کے لئے ان چیزوں کو مضر سمجھا، یا کسی بزرگ نے مضر بتلایا، اس لئے بطور علاج چھوڑ دیا، اس میں کوئی مضائقہ نہیں۔- آخر روایات میں فرمایا وَلَا تَعْتَدُوْا ۭاِنَّ اللّٰهَ لَا يُحِبُّ الْمُعْتَدِيْنَ ، یعنی اللہ کی حدود سے آگے نہ بڑھو، کیونکہ اللہ تعالیٰ ایسے بڑھنے والوں کو پسند نہیں کرتے۔- حد سے بڑھنے کا مطلب یہی ہے کہ کسی حلال چیز کو بلا کسی عذر کے ثواب سمجھ کر چھوڑ دے، جس کو ناواقف آدمی تقویٰ سمجھتا ہے اور اللہ تعالیٰ کے نزدیک وہ تعدّی اور ناجائز ہے، اس لئے دوسری آیت میں ارشاد ہے :- وَّاتَّقُوا اللّٰهَ الَّذِيْٓ اَنْتُمْ بِهٖ مُؤ ْمِنُوْنَ ، یعنی جو رزق حلال پاک اللہ تعالیٰ نے آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو دیا ہے اس کو کھاؤ اور اللہ تعالیٰ سے جس پر تمہارا ایمان ہے ڈرتے رہو۔ - اس آیت میں واضح فرما دیا کہ حلال پاک چیزوں کا ثواب سمجھ کر چھوڑ دینا تقویٰ نہیں، بلکہ تقویٰ اس میں ہے کہ ان کو اللہ تعالیٰ کی نعمت سمجھ کر استعمال کرے، اور شکر ادا کرے، ہاں کسی جسمانی یا روحانی مرض کی وجہ سے بطور علاج کسی چیز کو چھوڑے تو وہ اس میں داخل نہیں۔
يٰٓاَيُّھَا الَّذِيْنَ اٰمَنُوْا لَا تُحَرِّمُوْا طَيِّبٰتِ مَآ اَحَلَّ اللہُ لَكُمْ وَلَا تَعْتَدُوْا ٠ۭ اِنَّ اللہَ لَا يُحِبُّ الْمُعْتَدِيْنَ ٨٧- حرم - الحرام : الممنوع منه إمّا بتسخیر إلهي وإمّا بشريّ ، وإما بمنع قهريّ ، وإمّا بمنع من جهة العقل أو من جهة الشرع، أو من جهة من يرتسم أمره، فقوله تعالی: وَحَرَّمْنا عَلَيْهِ الْمَراضِعَ [ القصص 12] ، فذلک تحریم بتسخیر، وقد حمل علی ذلك : وَحَرامٌ عَلى قَرْيَةٍ أَهْلَكْناها [ الأنبیاء 95] ، وقوله تعالی: فَإِنَّها مُحَرَّمَةٌ عَلَيْهِمْ أَرْبَعِينَ سَنَةً [ المائدة 26] ، وقیل : بل کان حراما عليهم من جهة القهر لا بالتسخیر الإلهي، وقوله تعالی: إِنَّهُ مَنْ يُشْرِكْ بِاللَّهِ فَقَدْ حَرَّمَ اللَّهُ عَلَيْهِ الْجَنَّةَ [ المائدة 72] ، فهذا من جهة القهر بالمنع، وکذلک قوله تعالی: إِنَّ اللَّهَ حَرَّمَهُما عَلَى الْكافِرِينَ [ الأعراف 50] ، والمُحرَّم بالشرع : کتحریم بيع الطعام بالطعام متفاضلا، وقوله عزّ وجلّ : وَإِنْ يَأْتُوكُمْ أُساری تُفادُوهُمْ وَهُوَ مُحَرَّمٌ عَلَيْكُمْ إِخْراجُهُمْ [ البقرة 85] ، فهذا کان محرّما عليهم بحکم شرعهم، ونحو قوله تعالی: قُلْ : لا أَجِدُ فِي ما أُوحِيَ إِلَيَّ مُحَرَّماً عَلى طاعِمٍ يَطْعَمُهُ ...- الآية [ الأنعام 145] ، وَعَلَى الَّذِينَ هادُوا حَرَّمْنا كُلَّ ذِي ظُفُرٍ [ الأنعام 146] ، وسوط مُحَرَّم : لم يدبغ جلده، كأنه لم يحلّ بالدباغ الذي اقتضاه قول النبي صلّى اللہ عليه وسلم : «أيّما إهاب دبغ فقد طهر» .- وقیل : بل المحرّم الذي لم يليّن، والحَرَمُ : سمّي بذلک لتحریم اللہ تعالیٰ فيه كثيرا مما ليس بمحرّم في غيره من المواضع - وکذلک الشهر الحرام، وقیل : رجل حَرَام و حلال، ومحلّ ومُحْرِم، قال اللہ تعالی: يا أَيُّهَا النَّبِيُّ لِمَ تُحَرِّمُ ما أَحَلَّ اللَّهُ لَكَ تَبْتَغِي مَرْضاتَ أَزْواجِكَ [ التحریم 1] ، أي : لم تحکم بتحریم ذلک ؟ وكلّ تحریم ليس من قبل اللہ تعالیٰ فلیس بشیء، نحو : وَأَنْعامٌ حُرِّمَتْ ظُهُورُها [ الأنعام 138] ، وقوله تعالی: بَلْ نَحْنُ مَحْرُومُونَ [ الواقعة 67] ، أي : ممنوعون من جهة الجدّ ، وقوله : لِلسَّائِلِ وَالْمَحْرُومِ [ الذاریات 19] ، أي : الذي لم يوسّع عليه الرزق کما وسّع علی غيره . ومن قال : أراد به الکلب فلم يعن أنّ ذلک اسم الکلب کما ظنّه بعض من ردّ عليه، وإنما ذلک منه ضرب مثال بشیء، لأنّ الکلب کثيرا ما يحرمه الناس، أي : يمنعونه . والمَحْرَمَة والمَحْرُمَة والحُرْمَة، واستحرمت الماعز کناية عن إرادتها الفحل .- ( ح ر م ) الحرام - ( ح ر م ) الحرام وہ ہے جس سے روک دیا گیا ہو خواہ یہ ممانعت تسخیری یا جبری ، یا عقل کی رو س ہو اور یا پھر شرع کی جانب سے ہو اور یا اس شخص کی جانب سے ہو جو حکم شرع کو بجالاتا ہے پس آیت کریمہ ؛۔ وَحَرَّمْنا عَلَيْهِ الْمَراضِعَ [ القصص 12] اور ہم نے پہلے ہی سے اس پر ( دوائیوں کے ) دودھ حرام کردیتے تھے ۔ میں حرمت تسخیری مراد ہے ۔ اور آیت کریمہ :۔ وَحَرامٌ عَلى قَرْيَةٍ أَهْلَكْناها [ الأنبیاء 95] اور جس بستی ( والوں ) کو ہم نے ہلاک کردیا محال ہے کہ ( وہ دنیا کی طرف رجوع کریں ۔ کو بھی اسی معنی پر حمل کیا گیا ہے اور بعض کے نزدیک آیت کریمہ ؛فَإِنَّها مُحَرَّمَةٌ عَلَيْهِمْ أَرْبَعِينَ سَنَةً [ المائدة 26] کہ وہ ملک ان پر چالیس برس تک کے لئے حرام کردیا گیا ۔ میں بھی تحریم تسخیری مراد ہے اور بعض نے کہا ہے کہ یہ منع جبری پر محمول ہے اور آیت کریمہ :۔ إِنَّهُ مَنْ يُشْرِكْ بِاللَّهِ فَقَدْ حَرَّمَ اللَّهُ عَلَيْهِ الْجَنَّةَ [ المائدة 72] جو شخص خدا کے ساتھ شرگ کریگا ۔ خدا اس پر بہشت کو حرام کردے گا ۔ میں بھی حرمت جبری مراد ہے اسی طرح آیت :۔ إِنَّ اللَّهَ حَرَّمَهُما عَلَى الْكافِرِينَ [ الأعراف 50] کہ خدا نے بہشت کا پانی اور رزق کا فروں پر حرام کردیا ہے ۔ میں تحریم بواسطہ منع جبری ہے اور حرمت شرعی جیسے (77) آنحضرت نے طعام کی طعام کے ساتھ بیع میں تفاضل کو حرام قرار دیا ہے ۔ اور آیت کریمہ ؛ وَإِنْ يَأْتُوكُمْ أُساری تُفادُوهُمْ وَهُوَ مُحَرَّمٌ عَلَيْكُمْ إِخْراجُهُمْ [ البقرة 85] اور اگر وہ تمہارے پاس قید ہوکر آئیں تو بدلادے کر ان کو چھڑی ابھی لیتے ہو حالانکہ ان کے نکال دینا ہی تم پر حرام تھا ۔ میں بھی تحریم شرعی مراد ہے کیونکہ ان کی شریعت میں یہ چیزیں ان پر حرام کردی گئی ۔ تھیں ۔ نیز تحریم شرعی کے متعلق فرمایا ۔ قُلْ : لا أَجِدُ فِي ما أُوحِيَ إِلَيَّ مُحَرَّماً عَلى طاعِمٍ يَطْعَمُهُ ... الآية [ الأنعام 145] الآیۃ کہو کہ ج و احکام مجھ پر نازل ہوئے ہیں ان کو کوئی چیز جسے کھانے والا حرام نہیں پاتا ۔ وَعَلَى الَّذِينَ هادُوا حَرَّمْنا كُلَّ ذِي ظُفُرٍ [ الأنعام 146] اور یہودیوں پر ہم نے سب ناخن والے جانور حرام کردیئے ۔ سوط محرم بےدباغت چمڑے کا گوڑا ۔ گویا دباغت سے وہ حلال نہیں ہوا جو کہ حدیث کل اھاب دبغ فقد طھر کا مقتضی ہے اور بعض کہتے ہیں کہ محرم اس کوڑے کو کہتے ہیں ۔ جو نرم نہ کیا گیا ہو ۔ الحرم کو حرام اس لئے کہا جاتا ہے کہ اللہ نے اس کے اندر بہت سی چیزیں حرام کردی ہیں جو دوسری جگہ حرام نہیں ہیں اور یہی معنی الشہر الحرام کے ہیں یعنی وہ شخص جو حالت احرام میں ہو اس کے بالمقابل رجل حلال ومحل ہے اور آیت کریمہ : يا أَيُّهَا النَّبِيُّ لِمَ تُحَرِّمُ ما أَحَلَّ اللَّهُ لَكَ تَبْتَغِي مَرْضاتَ أَزْواجِكَ [ التحریم 1] کے معنی یہ ہیں کہ تم اس چیز کی تحریم کا حکم کیون لگاتے ہو جو اللہ نے حرام نہیں کی کیونکہ جو چیز اللہ تعالیٰ نے حرام نہ کی ہو وہ کسی کے حرام کرنے سے حرام نہیں ہوجاتی جیسا کہ آیت : ۔ وَأَنْعامٌ حُرِّمَتْ ظُهُورُها [ الأنعام 138] اور ( بعض ) چار پائے ایسے ہیں کہ ان کی پیٹھ پر چڑھنا حرام کردیا گیا ہے ۔ میں مذکور ہے ۔ اور آیت کریمہ : ۔ بَلْ نَحْنُ مَحْرُومُونَ [ الواقعة 67] بلکہ ہم ( برکشتہ نصیب ) بےنصیب ہیں ان کے محروم ہونے سے بد نصیبی مراد ہے ۔ اور آیت کریمہ : لِلسَّائِلِ وَالْمَحْرُومِ [ الذاریات 19] مانگنے والے اور نہ مانگنے ( دونوں ) میں محروم سے مراد وہ شخص ہے جو خوشحالی اور وسعت رزق سے محروم ہو اور بعض نے کہا ہے المحروم سے کتا مراد ہے تو اس کے معنی نہیں ہیں کہ محروم کتے کو کہتے ہیں جیسا ان کی تردید کرنے والوں نے سمجھا ہے بلکہ انہوں نے کتے کو بطور مثال ذکر کیا ہے کیونکہ عام طور پر کتے کو لوگ دور ہٹاتے ہیں اور اسے کچھ نہیں دیتے ۔ المحرمۃ والمحرمۃ کے معنی حرمت کے ہیں ۔ استحرمت الما ر عذ بکری نے نر کی خواہش کی دیہ حرمۃ سے ہے جس کے معنی بکری کی جنس خواہش کے ہیں ۔- طيب - يقال : طَابَ الشیءُ يَطِيبُ طَيْباً ، فهو طَيِّبٌ. قال تعالی: فَانْكِحُوا ما طاب لَكُمْ [ النساء 3] ، فَإِنْ طِبْنَ لَكُمْ [ النساء 4] ، وأصل الطَّيِّبِ : ما تستلذّه الحواسّ ، وما تستلذّه النّفس، والطّعامُ الطَّيِّبُ في الشّرع : ما کان متناولا من حيث ما يجوز، ومن المکان الّذي يجوز فإنّه متی کان کذلک کان طَيِّباً عاجلا وآجلا لا يستوخم، وإلّا فإنّه۔ وإن کان طَيِّباً عاجلا۔ لم يَطِبْ آجلا، وعلی ذلک قوله : كُلُوا مِنْ طَيِّباتِ ما رَزَقْناكُمْ [ البقرة 172] - ( ط ی ب ) طاب ( ض )- الشئی یطیب طیبا فھم طیب ( کے معنی کسی چیز کے پاکیزہ اور حلال ہونے کے ہیں ) قرآن میں ہے : : فَانْكِحُوا ما طاب لَكُمْ [ النساء 3] تو ان کے سوا عورتیں تم کو پسند ہوں ان سے نکاح کرلو ۔ ، فَإِنْ طِبْنَ لَكُمْ [ النساء 4] ہاں اگر وہ اپنی خوشی سے تم کو چھوڑدیں ۔ اصل میں طیب اسے کہا جاتا ہے جس سے انسان کے حواس بھی لذت یاب ہوں اور نفس بھی اور شریعت کی رو سے الطعام الطیب اس کھانے کو کہا جائے گا جو جائز طریق سے حاصل کیا جائے اور جائز جگہ سے جائز انداز کے مطابق لیا جائے کیونکہ جو غذا اس طرح حاصل کی جائے وہ دنیا اور آخرت دونوں میں خوشگوار ثابت ہوگی ورنہ دنیا کی خوشگوار چیزیں آخرت میں نقصان وہ ثابت ہونگی اسی بنا پر قرآن طیب چیزوں کے کھانے کا حکم دیتا ہے ۔ چناچہ فرمایا ۔ كُلُوا مِنْ طَيِّباتِ ما رَزَقْناكُمْ [ البقرة 172] جو پاکیزہ چیزیں ہم نے تمہیں عطا فرمائی ہیں اور ان کو کھاؤ ۔- حلَ- أصل الحَلّ : حلّ العقدة، ومنه قوله عزّ وجلّ : وَاحْلُلْ عُقْدَةً مِنْ لِسانِي[ طه 27] ، وحَللْتُ : نزلت، أصله من حلّ الأحمال عند النزول، ثم جرّد استعماله للنزول، فقیل : حَلَّ حُلُولًا، وأَحَلَّهُ غيره، قال عزّ وجلّ : أَوْ تَحُلُّ قَرِيباً مِنْ دارِهِمْ [ الرعد 31] ،- ( ح ل ل ) الحل - اصل میں حل کے معنی گرہ کشائی کے ہیں ۔ چناچہ آیت کریمہ : ۔ وَاحْلُلْ عُقْدَةً مِنْ لِسانِي[ طه 27] اور میری زبان کی گرہ کھول دے ۔ میں یہی معنی مراد ہیں اور حللت کے معنی کسی جگہ پر اترنا اور فردکش ہونا بھی آتے ہیں ۔ اصل میں یہ سے ہے جس کے معنی کسی جگہ اترنے کے لئے سامان کی رسیوں کی گر ہیں کھول دینا کے ہیں پھر محض اترنے کے معنی میں استعمال ہونے لگا ہے ۔ لہذا کے معنی کسی جگہ پر اترنا ہیں اور احلۃ کے معنی اتارنے کے قرآن میں ہے : ۔ أَوْ تَحُلُّ قَرِيباً مِنْ دارِهِمْ [ الرعد 31] یا ان کے مکانات کے قریب نازل ہوتی رہے گی - عدا - والاعْتِدَاءُ :- مجاوزة الحقّ. قال تعالی: وَلا تُمْسِكُوهُنَّ ضِراراً لِتَعْتَدُوا[ البقرة 231] ، وقال : وَمَنْ يَعْصِ اللَّهَ وَرَسُولَهُ وَيَتَعَدَّ حُدُودَهُ [ النساء 14] ،- ( ع د و ) العدو - الاعتداء کے معنی حق سے تجاوز کرنا کے ہیں ۔ قرآن میں ہے : وَلا تُمْسِكُوهُنَّ ضِراراً لِتَعْتَدُوا[ البقرة 231] اور اس نیت سے ان کو نکاح میں نہ رہنے دینا چاہیئے کہ انہیں تکلیف دو اور ان پر زیادتی کرو ۔ - حب - والمحبَّة :- إرادة ما تراه أو تظنّه خيرا، وهي علی ثلاثة أوجه :- محبّة للّذة، کمحبّة الرجل المرأة، ومنه :- وَيُطْعِمُونَ الطَّعامَ عَلى حُبِّهِ مِسْكِيناً [ الإنسان 8] .- ومحبّة للنفع، کمحبة شيء ينتفع به، ومنه :- وَأُخْرى تُحِبُّونَها نَصْرٌ مِنَ اللَّهِ وَفَتْحٌ قَرِيبٌ [ الصف 13] .- ومحبّة للفضل، کمحبّة أهل العلم بعضهم لبعض لأجل العلم .- ( ح ب ب ) الحب والحبۃ - المحبۃ - کے معنی کسی چیز کو اچھا سمجھ کر اس کا ارادہ کرنے اور چاہنے کے ہیں - اور محبت تین قسم پر ہے :- ۔ ( 1) محض لذت اندوزی کے لئے - جیسے مرد کسی عورت سے محبت کرتا ہے ۔ چناچہ آیت : ۔ وَيُطْعِمُونَ الطَّعامَ عَلى حُبِّهِ مِسْكِيناً [ الإنسان 8] میں اسی نوع کی محبت کی طرف اشارہ ہے - ۔ ( 2 ) محبت نفع اندوزی کی خاطر - جیسا کہ انسان کسی نفع بخش اور مفید شے سے محبت کرتا ہے ۔ چناچہ اسی معنی میں فرمایا : وَأُخْرى تُحِبُّونَها نَصْرٌ مِنَ اللَّهِ وَفَتْحٌ قَرِيبٌ [ الصف 13 اور ایک چیز کو تم بہت چاہتے ہو یعنی تمہیں خدا کی طرف سے مدد نصیب ہوگی اور فتح حاصل ہوگی - ۔ ( 3 ) کبھی یہ محبت یہ محض فضل وشرف کی وجہ سے ہوتی ہے - جیسا کہ اہل علم وفضل آپس میں ایک دوسرے سے محض علم کی خاطر محبت کرتے ہیں ۔
اللہ تعالیٰ کی حلال کردہ چیزوں کی تحریم کا بیان - قول باری ہے یایھا الذین امنوا لا تحرموا طیبات ما احل اللہ لکم اے ایمان لانے والو جو پاک چیزیں اللہ نے تمہارے لیے حلال کی ہیں انہیں حرام نہ کرلو طیبات کا اسم ان چیزوں پر واقع ہوتا ہے جن سے لذت کا احساس ہوتا ہے اور طبیعت میں ان کی اشتہاء پیدا ہوتی ہے اور ان کی طرف دل کا میلان ہوتا ہے۔ اس اسم کا اطلاق حلال چیزوں پر بھی ہوتا ہے ۔ یہاں یہ کہنا درست ہوگا کہ آیت میں دونوں قسم کی چیزیں مراد ہیں اس لیے کہ طیبات کے اسم کا اسم اطلاق ان دونوں پر ہوتا ہے اس صورت میں تحریم حلال دو طرح سے ہوگی ۔ ایک یہ کہ کوئی شخص کہے میں نے اپنے اوپر یہ طعام حرام کرلیا ہے اس کے اس قول سے وہ کھانا اس پر حرام نہیں ہوگا البتہ اگر اس میں سے کھالے گا تو اس پر کفارہ لازم آ جائے گا ۔ دوسری یہ کہ ایک شخص کسی دوسرے کا طعام غصب کر کے اپنے طعام کے ساتھ ملا دے اور پھر اس کھانے کو اپنے اوپر حرام کرلے اس صورت میں وہ اس دوسرے شخص کو اس جیسا طعام تاوان کے طور پردے گا ۔ عکرمہ نے حضرت ابن عباس (رض) سے روایت کی ہے کہ ایک شخص حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے پاس آیا اور کہنے لگا کہ جب میں گوشت کھاتا تھا تو مجھے شہوت آ جاتی تھی اس لیے میں نے گوشت کو اپنے اوپرحرام کرلیا اس پر اللہ تعالیٰ نے درج بالا آیت نازل فرمائی ۔ سعید نے قتادہ سے روایت کی ہے کہ کچھ صحابہ کرام نے گوشت ، عورتوں سے قربت اور نامرد بن جانے کا ارادہ کرلیا اس پر اللہ تعالیٰ نے درج بالا آیت نازل فرمائی۔ یہ بات حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) تک پہنچی آپ نے اعلان کردیا کہ میرے دین میں عورتوں سے کنارہ کشی ، گوشت کھانے سے احتراز اور گرجے میں گوشہ نشینی یعنی رہبانیت نہیں ہے۔ مسروق نے روایت کی ہے وہ کہتے ہیں : ” ہم حضرت عبد اللہ (رض) کے پاس بیٹھے ہوئے تھے ۔ آپ کے سامنے جانور کے تھن کا گوشت پکا کر پیش کیا گیا ۔ ساتھ بیٹھے ہوئے لوگوں میں سے ایک شخص اٹھ کر ایک کنارے ہوگیا حضرت عبد اللہ (رض) نے اسے قریب آنے اور گوشت کھانے کے لیے کہا اس نے جواب دیا کہ میں نے تھن کا گوشت اپنے اوپر حرا م کرلیا ۔ یہ سن کر حضرت عبد اللہ (رض) نے درج بالا آیت تلاوت کی اور فرمایا کہ گوشت کھائو اور اپنی قسم کا کفارہ ادا کرو۔- قول باری بھی ہے یایھا النبی لم تحرم ما احل اللہ لک اے نبی تم اپنے اوپر وہ چیزیں کیوں حرام کرتے ہو جو اللہ نے تمہارے لیے حلال کردی ہیں تا قول باری قد فرض اللہ لکم تحلۃ ایمانکم اللہ تعالیٰ نے تمہارے لیے تمہاری قسموں کا کھولنا مقرر کردیا ہے۔ ایک روایت ہے کہ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے اپنی لونڈی ماریہ قبطیہ کو اپنے اوپر حرام کرلیا تھا۔ ایک روایت میں ہے کہ آپ نے شہد اپنے اوپر حرام کرلیا تھا ۔ اس پر اللہ تعالیٰ نے یہ آیت نازل فرمائی اور آپ کو اپنی قسم توڑ کر کفارہ ادا کرنے کا حکم دیا ۔ اکثر اہل علم کا یہ قول ہے کہ اگر کوئی شخص اپنے اوپر کوئی طعام یا اپنی کوئی لونڈی حرام کرلے تو اس طعام کے کھانے کی صورت میں وہ حانث ہوجائے گا اسی طرح اگر اس نے اس لونڈی سے ہم بستری کرلی تو اس کی قسم ٹوٹ جائے گی اور دونوں صورتوں میں اس پر قسم کا کفارہ لازم ہوگا ۔ - اگر کوئی شخص یہ کہے خدا کی قسم میں یہ طعام یا کھانا نہیں کھائو گا ۔ یا یہ کہے ۔ میں نے یہ کھانا اپنے اوپر حرام کرلیا ہے۔ تو ہمارے اصحاب کے نزدیک اس کے ان دونوں فقروں میں اس لحاظ سے فرق ہوگا کہ تحریم والی صورت میں اگر اس کھانے کا کوئی جز بھی کھالے گا تو حانث ہوجائے گا اور قسم والی صورت میں اگر سارا کھانا کھالے گا تو پھر حانث ہوگا ۔ ہمارے اصحاب نے اس شخص کی تحریم والے فقرے بمنزلہ اس فقرے کے قرار دیا ہے ۔ خدا کی قسم میں اس کھانے میں کچھ نہیں کھائوں گا ۔ اس لیے کہ اللہ تعالیٰ نے جتنی چیزیں حرام قرار دی ہیں ان سب میں تحریم کے لفظ کا مقتضی یہی ہے۔ مثلاً ارشاد باری ہے حرمت علیکم المیتۃ والدم ولخم الخنزیر تم پر مردار، خون اور سور کا گوشت حرام کردیا گیا ہے لفظ ان مذکورہ چیزوں کے ہر جز کی تحریم کا مقتضی ہے۔ اسی طرح اگر کوئی شخص اپنے اوپر کوئی طعام حرام کرلے گا تو اس کی یہ تحریم اس کھانے کے جز پر قسم کے ایجاب کی مقتضی ہوگی ۔ لیکن اگر کوئی شخص اللہ کی قسم کھا کر کہے کہ میں یہ کھانا نہیں کھائوں گا تو اس کی اس قسم کو ان قسموں پر محمول کیا جائے گا جو شرط اور جواب شرط پر مشتمل ہوتی ہیں ۔ اس کی مثال قائل کا یہ قول ہے خدا کی قسم اگر میں یہ کھانا کھائوں گا تو میرا غلام آزاد ہے ۔ اس لیے اس متعین طعام کا ایک جز کھا لینے پر حانث نہیں ہوگا ۔ جب تک کہ سارا طعام نہ کھالے۔ اگر کوئی شخص یہ کہے کہ ارشاد باری ہے کل الطعام کان حلا لبنی اسرائیل الا ما حرام اسرائیل علی نفسہ کھانے کی یہ ساری چیزیں جو شریعت محمدی میں حلال ہیں بنی اسرائیل کے لیے بھی حلال تھیں البتہ بعض چیزیں ایسی تھیں جنہیں اسرائیل نے خود اپنے اوپر حرام کرلیا تھا۔- یہ روایت ہے کہ اسرائیل یعنی حضرت یعقوب (علیہ السلام) کو عر ق النساء کی بیماری لاحق ہوگئی تھی آپ نے نذر مانی تھی کہ اگر اللہ اس سے شفا دے تو اپنی پسندیدہ غذا یعنی اونٹ کا گوشت اپنے اوپر حرام کرلوں گا ، یہ تحریم درست تھی اور اس کی وجہ سے اپنے اوپر حرام کی ہوئی چیز کی آپس کے لیے ممانعت ہوگئی۔ اس کے جواب میں کہا جائے گا کہ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی شریعت کے ذریعے یہ صورت منسوخ ہوچکی ہے۔ اس آیت میں ان لوگوں کے قول کے بطلان پر دلالت ہو رہی ہے جو زہد و تقشف کی بنا پر گوشت خوری اور لذیز کھانوں سے احتراز کرتے ہیں ۔ اس لیے کہ اللہ تعالیٰ نے ان کی تحریم سے نہی کردی ہے اور اپنے قول وکلوا مما زرقکم اللہ حلالا ً طیبا ً اللہ نے تمہیں جو پاکیزہ اور حلال چیزیں بطور رزق عطا کی ہیں ان میں سے کھائو سے ان کی اباحت کردی ہیں ۔ حضرت ابو موسیٰ اشعری (رض) نے روایت کی ہے کہ انہوں نے حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو مرغ کا گوشت کھاتے ہوئے دیکھا تھا۔ یہ بھی روایت ہے کہ آپ کھجور اوخربوزہ کھایا کرتے تھے۔ غالب بن عبد اللہ نے نافع سے اور انہوں نے حضرت ابن عمر (رض) سے روایت کی ہے کہ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) جب مرغی کا گوشت کھانے کا ارادہ کرتے تو اس مرغی کو تین دنوں تک بند رکھتے اور دانہ وغیرہ کھلاتے رہتے پھر اسے ذبح کرلیتے۔- اسراف اور تکبر سے بچ کر سب حلال چیزیں کھائی اور پہنی جاسکتی ہیں - ابراہیم بن میسرہ نے طائوس سے روایت کی ہے وہ کہتے ہیں کہ میں نے حضرت ابن عباس (رض) کو یہ فرماتے ہوئے سنا ہے کہ جو چاہو کھائو اور جو چاہو پہنو جب تک دو چیزوں سے پرہیز کرتے رہو ایک اسراف سے اور دوسری تکبر سے۔ ایک روایت ہے کہ حضرت عثمان ، حضرت عبد الرحمن بن عو ف، حضرت حسن ، حضرت عبد اللہ بن ابی اوفی (رض) ، حضرت عمران بن حصین (رض) ، حضرت انس بن مالک (رض) ، حضرت ابوہریرہ (رض) اور قاضی شریح ریشم پہنتے تھے ۔ اکل طیبات کی اباحت پر مذکورہ بالا آیت کی دلالت کی طرح یہ قول باری بھی دلالت کرتا ہے ۔ قل من حرم زینۃ اللہ التی اخرج لعبادہ والطبات منت الرزق اے محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) ان سے کہہ کس نے اللہ کی اس زینت کو حرام کردیا جسے اللہ نے اپنے بندوں کے لیے نکالا تھا اور کس نے خدا کی بخشی ہوئی پاک چیزیں ممنوع کردیں۔ نیز پھلوں کی تخلیق کے ذکر کے بعد فرمایا متاعاً لکم تمہارے فائدے کی خاطر بیوی کو تین طلاق دینے کی تحریم پر آت لا تحرما طیبات ما احل اللہ لکم سے استدلال کیا جاتا ہے اس لیے کہ تین طلاق کے ذریعے بیوی کی اباحت کی تحریم لازم آتی ہے۔- قسموں کا بیان - اللہ تعالیٰ کی حلال کردہ چیزوں کی تحریم کی نہی کے بعد ارشاد ہوا لا یواخذ کم اللہ باللغوفی ایمانکم تم لوگ جو مہمل قسمیں کھالیتے ہو ان پر اللہ گرفت نہیں کرتا ۔ حضرت ابن عباس (رض) کا قول ہے کہ جب لوگوں نے پاکیزہ کھانوں ، حلال نکاح اور لباس کی تحریم کی تو انہوں نے اس کی قسمیں بھی کھائیں اس پر اللہ تعالیٰ نے یہ آیت نازل کی ، لغو کے متعلق ایک قول ہے کہ اس سے مراد وہ بےکار بات ہے جس کی کوئی اہمیت نہیں ہوتی ان ہی معنوں میں شاعر کا یہ شعر ہے۔ - ؎ او ما ئۃ تجعل اولاد ھا لغوا و عرض المائۃ الجلمد - یا سو اونٹنیاں جن کے بچوں کو بےکار سمجھاجاتا ہے یعنی یہ بچے کسی شمار و قطار میں نہیں آتے ، حالانکہ سو اونٹنیوں کے یہ بچے اونٹوں کا ایک پورا گلہ ہوتے ہیں ۔ شاعر کی مراد ایسی اونٹنیاں ہیں جن کے بچوں کو کسی شمار میں نہیں لایا جاتا ۔ اس بنا پر یمین لغو وہ قسم ہے جو مہمل ہوتی ہے اور اس کا کوئی حکم نہیں ہوتا۔ ابراہیم الصائغ نے عطاء سے اور انہوں نے حضرت عائشہ (رض) سے اور انہوں نے حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے روایت کی ہے جس کا تعلق باری لا یواخذ کم اللہ با للغوفی ایمانکم سے ہے ۔ یہ روایت ہمیں عبد الباقی بن قانع نے بیان کی ہے ، انہیں محمد بن احمد بن سفیان ترمذی اور ابن عبدوس نے ، ان دونوں کو محمد بن بکار نے ، انہیں حسان بن ابراہیم نے ابراہیم الصائغ سے ، انہوں نے عطاء سے جب عطاء سے یمین لغو کے متعلق دریافت کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ حضرت عائشہ (رض) نے فرمایا کہ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کا اس کے متعلق ارشاد ہے۔ (ھو کلام الرجل فی بیتہ لا واللہ ، و بلی واللہ یہ وہ کلام ہے جو ایک شخص اپنے گھر میں بیٹھ کرتا ہے وہ کہتا ہے نہیں بخدا نہیں ، بخدا کیوں نہیں۔ ابراہیم نخعی نے اسود سے اور ہشام بن عروہ نے اپنے والد سے اور ان دونوں نے حضرت عائشہ (رض) سے روایت کی ہے کہ یمین لغویہ ہے کہ کوئی شخص یہ کہے لا واللہ، وبلی واللہ یہ روایت حضرت عائشہ (رض) پر جا کر موقوف ہوگئی ہے۔ عکرمہ نے حضرت ابن عباس (رض) سے یمین لغو کے بارے میں روایت کی ہے کہ ایک شخص کسی بات پر قسم کھالے اس کا خیال یہ ہو کہ وہ بات اسی طرح ہے جبکہ حقیقت میں وہ اس طرح نہ ہو ۔ حضرت ابن عباس (رض) سے یہ روایت بھی ہے کہ یمین لغویہ ہے کہ تم غصے کی حالت میں کوئی قسم کھا بیٹھو ۔- حسن ، سدی اور ابراہیم نخعی سے حضر ت عائشہ (رض) کے قول جیسا قول مروی ہے ۔ بعض اہل علم کا قول ہے کہ یمین لغو کی صورت یہ ہے کہ بلا ارادہ سبقت لسانی کے طورپر کوئی غلط بات منہ سے نکل جائے۔ بعض کا قول ہے کہ یمین لغو یہ ہے کہ تم کسی معصیت کو بروئے کار لانے کی قسم کھالو ، پھر مناسب بات یہی ہوگی کہ تم اسے بروئے کار نہ لائو اس میں کوئی کفارہ نہیں ہوتا ۔ یمین لغو کے بارے میں عمرو بن شعیب کی روایت ہے جو انہوں نے اپنے والد سے اور انہوں نے عمرو کے داد ا سے نقل کی ہے کہ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے فرمایا من حلف علی یمین فرای غیر ھا خیرا ً منھا فلیتر کھا فان ترکھاکفار تھا جو شخص کسی بات کی قسم کھالے پھر وہ دوسری بات کو اس سے بہتر پائے تو وہ اس قسم کو ترک کر دے ، اس قسم کو ترک کردینا اس قسم کا کفارہ ہے۔ یمین لغو کے متعلق فقہائے امصا ر کا اختلاف ہے ۔ ہمارے اصحاب کا قول ہے کہ گزرے ہوئے زمانے کی کسی بات پر اس گمان کے ساتھ قسم کھائے کہ وہ ٹھیک کہہ رہا ہے۔ امام مالک اور لیث بن سعد کا بھی تقریباً یہی قول ہے ، اوزاعی نے بھی کہا ہے ، امام شافعی کا قول ہے کہ یمین لغو وہ بات ہے جس کی جان بوجھ کر قسم کھائی گئی ہو ، الربیع نے امام شافعی سے نقل کیا ہے کہ جس شخص نے کسی چیز کے متعلق قسم کھالی ہو اس کا خیال ہو کہ وہ چیزیں اس کی قسم کے مطابق ہے پھر وہ اسے اس سے مختلف پائے تو اس پر کفارہ لازم آئے۔ ابوبکر جصاص کہتے ہیں کہ جب اللہ تعالیٰ نے یہ فرمادیا لا یواخذ کم اللہ با للغو فی ایمانکم ولکن یواخذ کم بما عقد تم الایمان ، تم لوگ جو مہمل قسمیں کھالیتے ہو ان پر اللہ گرفت نہیں کرتا مگر جو قسمیں تم جان بوجھ کر کھاتے ہو ان پر وہ ضرور تم سے مواخذہ کرے گا ۔ تو اس کے ذریعے یہ واضح کردیا کہ یمین لغو جان بوجھ کر کھائی گئی قسم سے مختلف ہوتی ہے اس لیے کہ اگر معقود یعنی جان بوجھ کر کھائی گئی قسم یمین بغو ہوتی تو پھر اسے یمین لغو پر عطف نہ کیا جاتا ، نیز دونوں کے حکموں میں فرق کو اس طرح بیان نہ کیا جاتا کہ یمین لغو میں مواخذہ اور گرفت کی نفی ہوتی اور یمین معقودہ میں کفارے کا اثبات ہوتا ۔ اس پر یہ بات بھی دلالت کرتی ہے کہ یمین لغو کا جب کوئی حکم نہیں ہوتا تو اب اس کا یمین معقودہ بن جانا جائز نہیں ہوسکتا اس لیے کہ اگر گرفت اور مواخذہ کی بات تو یمین معقودہ میں قائم ہوتی ہے اور اس کا حکم ثابت ہوتا ہے اس سے ان حضرات کے قول کا بطلان ہوجاتا ہے جو کہتے ہیں کہ یمین لغو یمین معقودہ ہی ہے اور اس میں کفارہ واجب ہے۔ اس سے یہ بات ثابت ہوئی کہ حضرت ابن عباس (رض) اور حضرت عائشہ (رض) نے یمین لغو کا جو مفہوم بیان کیا ہے وہی درست ہے نیز یہ کہ اس میں گزرے ہوئے زمانے کی کسی بات پر قسم کھائی جاتی ہے ۔ قسم کھانے والے کا خیال یہ ہوتا ہے کہ وہ بات اسی طرح ہوگی۔- قسم کی دو اقسام - قسموں کی دو قسمیں ہیں ۔ ماضی اور مستقبل یعنی گزرے ہوئے زمانے سے تعلق رکھنے والی قسم اور آنے والے زمانے سے تعلق رکھنے والی قسم ، پہلی قسم کی پھر دو قسمیں ہیں ۔ یمین لغو اور غموس ا ن دونوں قسموں کا کوئی کفارہ نہیں ہوتا ۔ دوسری قسم کی صرف ایک صورت ہے۔ یہ یمین معقودہ ہے یعنی ایسی قسم جو جان بوجھ کر کھا گئی ہو ۔ حانث ہونے کی صورت میں اس میں کفارہ لازم ہوتا ہے ۔ امام مالک اور لیث بن سعد یمین غموس کے بارے میں ہمارے ہم مسلک ہیں کہ اس میں کفارہ نہیں ہوتا ۔ حسن بن صالح ، اوزاعی اور امام شافعی کا قول ہے کہ یمین غموس میں کفارہ ہے۔ اللہ تعالیٰ نے ان تینوں قسموں کا ذکر اپنی کتاب میں کیا ہے۔ آیت زیر بحث میں یمین لغو اور یمین معقودہ دونوں کا ذکر فرمایا ہے۔ سورة بقرہ میں ارشاد ہے لا یواخذکم اللہ یا لغوفی ایمانکم ولکن یواخذ کم بما کسبت قلوبکم ، تمہاری مہمل قسموں پر اللہ گرفت نہیں کرتا لیکن جو قسمیں تم سچے دل سے کھاتے ہو ان کی باز پرس وہ ضرور کرے گا ۔ اس سے مراد ۔۔۔۔ واللہ اعلم ۔۔۔۔ یمین غموس ہے اس لیے کہ اس قسم کے سلسلے میں مواخذہ کا تعلق کسب قلب کے ساتھ ہے جو گناہ اور آخرت کی سزا کی صورت میں ہوگا ۔ کفارے کی صورت میں نہیں ہوگا ۔ اس لیے کہ کفارے کا تعقل کسب قلب کے ساتھ نہیں ہوتا ۔ - آپ نہیں دیکھتے کہ جو شخص کسی معصیت کے ارتکاب کی قسم کھا لیتا ہے تو اس پر اس قسم کا توڑ دینا لازم ہوتا ہے اور اس کے ساتھ اسے کفارہ بھی ادا کرنا پڑتا ہے ۔ یہ امر اس پر دلالت کرتا ہے کہ قول باری ولکن یواخذ کم بما کسبت قلوبکم سے مراد یمین غموس ہے جس میں کذب بیانی کا ارادہ کیا جاتا ہے اور اس پر مواخذہ آخرت کی سزا کی صورت میں ہوگا ۔ اس آیت میں اللہ تعالیٰ نے کسب قلب پر مواخذہ کا ذکر کیا اور اس سے پہلے یمین لغو کا ذکرہوا ، یہ امر اس پر دلالت کرتا ہے کہ یمین لغو قسم کی وہ صورت ہے جس میں کذب بیانی کا ارادہ نہیں ہوتا اور یہ ان معنوں میں یمین غموس سے مختلف ہوتی ہے۔ یمین غموس میں کفارہ نہیں ہوتا اس پر قول باری ان الذین یشترون بعھدھم وایمانہم ثمنا قلیلا ً اولیک لا خلاق لھم فی الاخرۃ جو لوگ اپنے عہد اور اپنی قسموں کے بدلے تھوڑی سی قیمت حاصل کرتے ہیں ان کے لیے آخرت میں کوئی حصہ نہیں دلات کرتا ہے ۔ اللہ تعالیٰ نے اس میں وعید کا ذکر کیا لیکن کفارے کا ذکر نہیں کیا، اگر ہم اس میں کفارہ واجب کردیں تو یہ نص میں اضافہ ہوگا اور یہ بات جائز نہیں ہوتی الایہ کہ اس جیسی کوئی نص ہو ۔ حضرت عبد اللہ بن مسعود (رض) نے حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے روایت کی ہے کہ آپ نے فرمایا من حلف علی یمین وھو فیھا اثم فاجر لیقطع بھا مالا ً لقی اللہ تعالیٰ وھو علیہ غضبان جس شخص نے کسی بات کی قسم کھائی ہو جبکہ وہ اس قسم میں گناہ گار اور فاجر ہوتا کہ اس کے ذریعے وہ کوئی مال ہتھیا لے تو جب وہ اللہ کے سامنے جائے گا تو اللہ اس سے ناراض ہوگا ۔- منبر رسول (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) پر غلط قسم کھانے والا جہنمی ہے۔- حضرت جابر (رض) نے حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے روایت کی ہے کہ آپ نے فرمایا من حلف علی منبری ھذا بیمین اثمۃ تیوا مقعدہ من النار جو شخص میرے منبر پر گناہ میں مبتلا کرنے والی قسم کھائے گا وہ اپنا ٹھکانہ جہنم میں بنا لے گا ۔ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے گناہ کا ذکر کیا لیکن کفارے کا ذکر نہیں کیا ۔ یہ بات دو وجوہ سے کفارے کے عدم وجوب پر دلالت کرتی ہے۔ اول یہ کہ نص میں اس جیسی نص کے بغیر اضافہ جائز نہیں ہوتا ۔ دوم یہ کہ اگر کفارہ واجب ہوتا تو آپ ضرور اس کا ذکر کرتے جس طرح یمین معقودہ میں اس کا ذکر کیا ہے۔ آپ کا ارشاد ہے من حلف علی یمین فرای غیر ھا خیرا ً منھا فلیات الذی ھو غیر منھا ولیکفر عن یمینہ جس شخص نے کوئی قسم کھائی اور پھر دوسری بات اسے بہتر نظر آئی تو اسے چاہیے کہ دوسری بات اختیار کرلے اور اپنی قسم توڑ کر اس کا کفارہ ادا کرے اس حدیث کو حضرت عبد الرحمن بن سمرہ (رض) اور حضرت ابوہریرہ (رض) اور دوسرے حضرات نے روات کی ہے۔ گزرے ہوئے زمانے سے تعلق رکھنے والی قسم پر کفارہ نہیں آتا اس پر یہ قول باری دلالت کرتا ہے واحفظوا یمانکم اپنی قسموں کی نگہداشت کرو قسموں کی نگہداشت اور حفاظت کا مفہوم یہ ہے کہ قسم ٹوٹ جانے پر اس کے کفارے کی ادائیگی کا پورا خیال رکھا جائے ۔ اب یہ بات تو واضح ہے کہ گزشتہ زمانے سے تعلق رکھنے والی کسی قسم کی حفاظت ممتنع ہے اس لیے کہ جس چیز کے متعلق قسم کھائی گئی ہے اس کے وقوع پذیر ی میں صرف ایک ہی پہلو ہوتا ہے اس لیے اس میں حفظ اور نگہداشت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔ اگر یہ کہا جائے کہ قول باری ذلک کفارۃ ایمانکم اذا خلفتم یہ تمہاری قسموں کا کفارہ ہے جبکہ تم قسم کھا کر توڑ دو کا عموم قسم کی تمام صورتوں میں ایجاب کفارہ کا مقتضی ہے الایہ کہ دلیل کی بنا پر کسی صورت کی تخصیص ہوگئی ہو۔ اس کے جواب میں کہا جائے کہ بات اس طرح نہیں ہے۔ اس لیے کہ یہ تو واضح ہے کہ اس سے وہ قسم مراد ہے جو جان بوجھ کر آئندہ زمانے سے تعلق رکھنے والی بات پر اٹھائی جائے اس لیے اس فقرے میں لا محالہ ایک پوشیدہ لفظ موجود ہے جس کے ساتھ کفارہ کے وجوب کا تعلق ہے وہ لفظ حنث یعنی قسم کا توڑنا ہے۔ جب یہ بات ثابت ہوگئی کہ آیت میں ایک پوشیدہ لفظ بھی ہے تو اب ظاہر آیت سے استدلال ساقط ہوگیا اس لیے کہ یمین معقودہ میں حنث سے پہلے کفارہ واجب نہیں ہوتا اس پر سب کا اتفاق ہے اس سے یہ بات ثابت ہوئی کہ آیت میں ایک پوشیدہ لفظ بھی موجود ہے اس لیے آیت کے عموم کا اعتبار جائز نہیں رہا اس لیے کہ آیت کے حکم کا تعلق اب اس پوشیدہ لفظ کے ساتھ ہوگیا جو آیت میں مذکور نہیں ہے۔ نیز قول باری واحفظوا ایمانکم اس بات کا مقتضی ہے کہ جن قسموں میں کفارے کا وجوب ہوتا ہے یہ وہ قسمیں ہیں جن کی حفاظت اور نگہداشت ہم پر لازم کردی گئی ہے یہ بات صرف یمین معقودہ میں پائی جاتی ہے اس قسم میں ہم حنث کی صورت میں کفارے کی ادائیگی کے لیے اس کی حفاظت کرسکتے اور اس کا خیال رکھ سکتے ہیں ۔ جبکہ گزشتہ بات پر قسم کے اندر حنت واقع نہیں ہوتا ۔ اس لیے اس قسم کی قسم کو آیت شامل ہی نہیں ہے ۔ آپ نہیں دیکھتے کہ ماضی سے تعلق رکھنے والی بات پر استثناء کا دخول درست نہیں ہوتا ۔ آپ کا یہ فقرہ درست نہیں ہے کان امس الجمعۃ ان شاء اللہ یا واللہ لقد کان امس الجمعۃ انشاء اللہ کل جمعہ کا دن تھا یا بخدا کل جمعہ کا دن تھا اس لیے کہ حنث کا مفہوم یہ ہے کہ قسم اٹھانے کے بعد اس کے خلاف کوئی بات وجود میں آ جائے۔ کفارے کا تعلق قسم اٹھانے کے بعد قسم توڑنے کے ساتھ ہوتا ہے اس پر یہ بات دلالت کرتی ہے کہ اگر کوئی شخص صرف واللہ خدا کی قسم کا لفظ کہے تو یہ قسم ہوگی لیکن صرف اس قول کے وجود کے ساتھ اس پر کفارہ لازم نہیں آئے گا ۔ اس لیے کہ اس کے ساتھ حنث یعنی قسم کا توڑنا نہیں پایا گیا ۔ قول باری بما عقد ثم الایمان کی تین طرح قرأت کی گئی ہے تشدید کے ساتھ یعنی بما عقدتم یہ قرأت ایک گروہ نے کی ہے تشدید کے بغیر یعنی بماعقدتم نیز بما عا قدتم تشدید کے ساتھ والی قرأت کے متعلق ابو الحسن کرخی فرماتے تھے کہ اس میں عقد قولی کے سوا اور کسی بات کا احتمال نہیں ہے۔ تشدید کے بعد قرأت کی صورت میں عقد قلب کا احتمال ہے جس کے معنی عزیمت اور عقد قولی کے ارادے کے ہیں ۔ اس میں قولا ً عقدیمین کا بھی احتمال ہے۔ جب ایک قرأت میں قول اور اعتقاد قلب کا احتمال ہے اور دوسرے میں صر ف قولا ً عقدیمین کا احتمال ہے تو اس صورت میں اس قرأت کو جس میں دو معنوں کا احتمال ہے اس قرأت پر محمول کرنا واجب ہے جس میں صرف ایک معنی کا احتمال ہے۔ اس طرح دونوں قرأتوں سے جو مفہوم اخذ ہو وہ قولا ً عقد یمین کا مفہوم ہے۔ اس لیے ایجاب کفارہ کا حکم صرف قسم کی اسی صورت تک محدود رہے گا یعنی جب قسم یمین معقودہ کی شکل میں ہو۔ - گزشتہ زمانے کی بات پر کھائی ہوئی قسم میں کفارہ واجب نہیں ہوگا اس لیے کہ وہ یمین معقودہ کی صورت میں نہیں ہوتی ۔ اس میں تو صرف گزرے ہوئے زمانے میں کسی وقوع پذیر معاملے کی خبر دی جاتی ہے اور ماضی کے متعلق خبر میں عقد یعنی ارادہ اور قصد نہیں ہوتاخواہ وہ جھوٹ ہو یا سچ ۔ اگر یہ کہا جائے کہ تشدید کے بغیر قرأت کی صورت میں لفظ دونوں معنوں یعنی عقد قلب اور عقد یمین کا احتمال رکھتا ہے تو آپ نے اس لفظ کو دونوں معنوں پر کیوں نہیں محمول کیا جبکہ ان دونوں معنوں میں کوئی منافات نہیں ہے۔ اسی طرح تشدید والی قرأت بھی عقد یمین پر محمول ہوگی یہ چیز لفظ کو قسم کے ارادے کے معنوں میں استعمال کرنے کی نفی نہیں کرتی اس طرح یہ لفظ قسم کی تمام صورتوں کے لیے عموم ہوجائے گا ۔ اس کے جواب میں کہا جائے گا کہ اگر معترض کی بات تسلیم بھی کرلی جائے تو بھی لفظ کو معترض کی ذکر کردہ صورتوں میں استعمال کرنا درست نہیں ہوگا ۔ نیز اجماع کی دلالت بھی اس استعمال کے لیے مانع ہے۔ وہ اس لیے کہ اس مسئلے میں کوئی اختلاف نہیں ہے کہ قسم کے ارادے کے ساتھ کفارے کے وجوب کا تعلق نہیں ہوتا اس لیے اس شخص کی تاویل باطل ہوگئی جس نے کفارہ کے حکم کے سلسلے میں لفظ کو دل کے ارادے کے معنوں پر محمول کیا تھا اور اس سے یہ بات ثابت ہوگئی کہ ایجاب کفارہ کے سلسلے میں دونوں قرأتوں کی صورت وہ قسم مراد ہے جو مستقبل کے کسی کام کے متعلق جان بوجھ کر کھائی جائے یعنی یمین معقودہ کی صورت ہو۔ اگر کوئی شخص یہ کہے کہ قول باری عقد تم تشدید کی صورت میں تکرارکا مقتضی ہے جبکہ گرفت اور مواخذہ تکرار کے بغیر ہی لازم ہوجاتا ہے تو اب آپ اس لفظ کی کیا توجیہ کریں گے جو تکرار کا مقتضی ہے جبکہ تکرار کے بغیر کفارے کا وجوب لازم ہوجاتا ہے۔ - اس کے جواب میں کہا جائے گا کہ قسم کی تعقید یعنی گرہ بندی کبھی اس طرح ہوتی ہے کہ قسم اٹھانے والا اپنا دل میں بھی اس کی گرہ بندی یعنی ارادہ کرتا ہے اور اپنے الفاظ میں بھی اگر وہ قسم کی گرہ بندی صرف ایک صورت کے ذریعے کرے اور دوسری صورت کو چھوڑ دے یعنی دل میں اس کی گرہ بندی کرلی اور الفاظ میں نہ کرے یا اس کے برعکس کرے تو یہ تعقید نہیں کہلائے گی اس لیے کہ یہ لفظ تعظیم کے لفظ کے طرح ہے جو کبھی تو فعل کی تکرار اور اس کے بار بار عمل میں لانے کے ذریعے ہوتی ہے اور کبھی درجے اور مرتبے کو بلند کردینے کے ذریعے ہوتی ہے۔- ایک اور جہت سے دیکھئے ۔ تشدید کی قرأت کی صورت میں جس حکم کا افادہ ہوسکتا ہے وہ تخفیف کی قرأت کی صورت میں نہیں ہوسکتا وہ حکم یہ ہے کہ اگر قسم اٹھانے والا اپنی قسم کا تکرار کے طور پر اعادہ کرے گا تو اس تکرار کی بنا پر اس پر کفارہ لازم نہیں آئے گا ۔ اس پر صرف پہلی دفعہ قسم کھانے کی بنا پر ایک ہی کفارہ لازم آئے گا ہمارے اصحاب (رض) کا بھی یہی قول ہے کہ اگر کوئی شخص کسی بات کی قسم کھالے پھر اسی مجلس میں اس قسم کا اعادہ کرلے یا کہیں اور جا کر اس کا اعادہ کرلے اور اسکا ارادہ صرف تکرار کا ہی ہو تو اس صورت میں اس پر صرف ایک کفارہ لازم آئے گا ۔ اگر یہ کہا جائے کہ تخفیف کی قرأت کے ساتھ قول باری بما عقدتم بھی ایک قسم پر کفارہ کے ایجاب کا مقتضی ہے تو اس کے جواب میں کہا جائے گا کہ دونوں قرأتوں نیز تکرار کو ان ہی معنوں پر محمول کیا جاتا ہے جن کا ہم نے ذکر کیا ہے اور اس طرح ہر قرأت اپنے پر ایک نئے فائدے کی موجب ہے اس لیے معترض کے اس اعتراض کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔- فصل - جو لوگ قسم توڑنے سے پہلے کفارہ کے ایجاب کے قائل ہیں وہ دو وجوہ سے آیت زیر بحث سے استدلال کرتے ہیں ایک وجہ تو ہے کہ قول باری ہے ولکن یواخذ کم بما عقد ثم الایمان فکف تہ اللہ تعالیٰ نے عقد یمین کے بعد حنث یعنی قسم توڑنے کے ذکرکے بغیر کفارہ کا ذکر کردیا اور حرف فاء تعقیب کے لیے آتا ہے اس سے یہ لازم آیا کہ قسم کھاتے ہی کفارہ واجب ہوجائے گا ۔ دوسری وجہ یہ قول باری ہے ذلک کفارۃ ایمانکم اذا خلقتم الایمان فکف رتہ کے متعلق اس میں کوئی اختلاف نہیں ہے کہ اس میں ایک لفظ پوشیدہ ہے اس لیے جب کبھی کفارہ کے ایجاب کا ارادہ کیا جائے گا اس لفظ کے اعتبار ضروری ہوگا ۔ ہمیں یہ بات معلوم ہے کہ آیت قسم توڑنے پر کفارہ کے ایجاب کو متضمن ہے نیز یہ کہ حنث سے پہلے کفارہ واجب نہیں ہوتا ۔ تو اس سے یہ بات ثابت ہوگئی کہ یہاں یہ مراد ہے کہ جو قسم تم نے جان بوجھ کر کھائی ہو اور پھر تم نے اسے توڑ دیا ہو اس صورت میں اس کا کفارہ یہ ہے۔۔۔۔ اس کی مثال یہ قول باری ہے ومن کان مریضا ً او علی سفر فعدۃ من ایام اخر یہاں یہ مفہوم ہے کہ جو شخص بیمارہو یا سفر پر ہو اور وہ روزہ نہ رکھتے تو دوسرے دنوں کی گنتی پوری کرلے ۔ اس طرح یہ قول باری ہے فمن کان منکم مریضا ً او بہ اذی م راسہ ففدیۃ من صیام او صدقۃ۔- یہاں یہ معنی ہیں کہ تم میں سے جو شخص بیمار ہوجائے یا اس کے سر میں کوئی تکلیف ہوجائے اور پھر وہ حالت احرام میں سر مونڈلے تو اس پر فدیہ واجب ہوگا ، روزے یا صدقہ یا قربانی کی صورت میں اسی طرح آیت زیر بحث کا مفہوم ہے کہ جو قسم تم نے جان بوجھ کر کھائی ہو اور پھر حانث ہوگئے ہو تو اس کا کفارہ یہ چیزیں ہیں ۔ اس لیے کہ سب کا ا س پر اتفاق ہے کہ حنث سے پہلے کفارہ واجب نہیں ہوتاجب کہ دوسری طرف آیت لا محالہ کفارے کے ایجاب کی مقتضی ہے اور یہ ایجاب حنث کے بعد ہی ہوسکتا ہے۔ اس سے ہمیں یہ بات معلوم ہوگئی کہ آیت میں لفظ حنث پوشیدہ ہے اور ایجاب کفارہ میں یہی مراد ہے نیز جب اللہ تعالیٰ نے اس کا نام کفارہ رکھا تو ہمیں اس سے معلوم ہوگیا کہ اس کی مراد یہ ہے کہ کفارہ واجب ہونے کی حالت میں اس چیز کے ذریعے کفارہ ادا کیا جائے جو آیت میں اس نام سے موسوم کیا گیا ہے یعنی دس مسکینوں کو کھانا کھلانا یا انہیں کپڑے پہنانا یا ایک غلام آزاد کردینا ۔ اس لیے کہ جو چیز واجب نہیں ہوگی وہ حقیقت میں کفارہ نہیں کہلا سکتی اور نہ ہی اس نام سے موسوم کی جاسکتی ہے ۔ اس سے ہمیں یہ بات معلوم ہوگئی کہ آیت میں مراد یہ ہے کہ جب تم اپنی قسم توڑ دو تو پھر اس کا کفارہ دس مسکینوں کو کھانا کھلانا ہے۔ تلاوت کے تسلسل میں قول باری ذلک کفارۃ ایمانکم ذا خلفتم یہ تمہاری قسموں کا کفارہ ہے جب تم کھائو اس کا مفہوم یہ ہے کہ جب تم قسم کھائو اور اپنی قسم توڑ دو ۔ اگر یہ کہا جائے کہ جس طرح سبب یعنی نصاب زکوٰۃ کے وجوب کے ساتھ سال گزرنے سے پہلے زکوٰۃ کی ادائیگی کو زکوٰۃ کا نام دینا جائز ہے یا جس طرح قتل کے وجود سے قبل لگنے والے زخم کے ساتھ دیئے جانے والے کفارہ کو کفارہ قتل کا نام دینا جائز ہے اگرچہ زخمی ہونے کی حالت میں کفارہ واجب نہ ہو ۔ اسی طرح یہ بھی جائز ہے کہ قسم کھانے والا قسم توڑ دینے سے قبل کفارہ کے طور پر جو ادا کرے اسے کفارہ کا نام دیا جائے اور اس کے جواز کے لیے حنث کے لفظ کو آیت میں پوشیدہ ثابت کرنے کی کوئی ضرورت نہ پیش آئے۔ اس کے جواب میں کہاجائے گا کہ ہم نے پہلے بیان کردیا ہے کہ آیت میں وہ کفارہ مراد ہے جو حنث کے بعد واجب ہوتا ہے لیکن اگر اس سے صرف واجب کفارہ مراد لیا جائے تو اس صورت میں یہ بات ممتنع ہوجائے گی کہ اس میں وہ کفارہ بھی شامل ہوجائے جو واجب نہ ہوا ہو ۔ اس لیے کہ یہ بات محال ہے کہ ایک ہی لفظ ایجاب کا بھی مقتضی ہو اور اس کا بھی جو واجب نہ ہو۔- اس لیے جب اس سے واجب کفارہ مراد لیا جائے گا تو وہ کفارہ منتفی ہوجائے گا جو واجب نہ ہوا ہو ۔ نیزی ہ بات ثابت ہے کہ جو شخص تبرع اور نیکی کے طور پر کھانا وغیرہ کھلاتا ہے وہ اس کے ذریعے کفارہ ادا کرنے۔ والا شمار نہیں ہوتا اگر اس نے قسم نہ کھائی ہو ، جب حنث سے پہلے کفارہ ادا کرنے والاتبرع کرنے والا شمار ہوتا ہے تو اس سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ اس نے جو کچھ دیا ہے وہ کفار ہ نہیں ہے ۔ اگر اس نے ایسا کرلیا تو وہ اس کام کا سر انجام دینے والا شمار نہیں ہوگا جس کا اسے حکم دیا گیا تھا۔ معترض نے اپنے اعتراض میں جن دو صورتوں کی مثال دی ہے اس کا جواب یہ ہے کہ زخم لگنے کے بعد زخمی کی موت سے قبل کفارہ قتل کی ادائیگی نیز سال گزرنے سے پہلے زکوٰۃ کی ادائیگی در حقیقت تطوع کی صورت ہے ، یہ نہ کفارہ ہے اور نہ زکوٰۃہم نے اسے اس وقت جائز قرار دیا جب یہ دلالت قائم ہوگئی کہ تطوع کے طور پر دیا جانے والا یہ کفارہ یا یہ زکوٰۃ موت واقع ہوجانے کی صورت میں نیز سال گزر جانے کے بعد فرضیت کے لزوم کو مانع ہے۔- فصل - جو شخص اپنی نذر کو کسی شرط کے ساتھ مشروط کر دے مثلا ً یہ کہے اگر میں گھر میں داخل ہوا ۔ تو اللہ کے لیے مجھ پر حج کرنا یا غلام آزاد کرنا لازم ہوگا ۔ یا اس قسم کی کوئی اور شرط لگائے اور پھر حانث ہوجائے تو اس پر قسم کا کفارہ واجب ہوگا نذر کے طور پر مانی ہوئی چیز واجب نہیں ہوگی ۔ اس مسلک کے قائلین نے ظاہر قول باری ولکن یواخذکم بما عقد تم الایمان نیز قول باری ذلک کفارۃ ایمانکم اذا خلفتم سے استدلال کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جب نذر ماننے والا یہ شخص حالف یعنی قسم کھانے والا بن گیا تو پھر حنث کی صورت میں اس پر قسم کا کفارہ واجب ہوگیا ۔ نذر کے طور پر مانی ہوئی چیز یعنی منذورواجب نہیں ہوئی ۔ ابوبکر جصاص کہتے ہیں کہ یہ بات اس طرح نہیں ہے جس طرح ان لوگوں سے خیال کیا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ نذر کی بنا پر نذر کے طور پر مانی ہوئی چیز کو بعینہٖ پورا کرنا واجب ہوجاتا ہے۔ نذر کی اصل یمین کی اصل سے مختلف ہے۔ اس لیے کہ قوم بارل ہے واو فوا بعھد اللہ اذ ا خلفتم جب تم عہد کرو تو اللہ سے کیے ہوئے عہد کو پورا کرو۔ نیز ارشاد ہوا یوفون بالنذر وہ نذر کو پورا کرتے ہیں نیز فرمایا اوفوا بالعقود عقود کو پورا کرو۔ نیز ارشاد ہوا ومنھم من عاھد اللہ لئن تانا من فضلہ لنصدون و لنکونن من الصالحین فلما اتھم من فصلہ بخلوا بہ وتولوا و ھم معرضون ان میں کچھ ایسے بھی ہیں جنہوں نے اللہ سے یہ عہد کیا تھا کہ اگر ہمیں اللہ اپنے فضل سے مال دے گا تو ہم ضرور صدقہ کریں گے اور نیک بن جائیں گے لیکن جب اللہ نے انہیں اپنے فضل سے مال دیا تو وہ اس میں بخل کرنے لگے اور منہ موڑ گئے اور وہ تو منہ موڑنے والے ہی تھے۔ اللہ تعالیٰ نے ان لوگوں کی اس بنا پر مذمت کی کہ انہوں نے اپنی نذر بعینہٖ پوری نہیں کی ۔ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کا بھی ارشاد ہے من نذر نذرا ً لم یسمہ فعلیہ کفارۃ یمین ومن نذر نذرا ً سماہ فعلیہ اوفاء بہ جس شخص نے کوئی نذر مانی ہو لیکن اس کی تعیین نہ کی ہو تو اس پر قسم کا کفارہ لازم ہوگا اور جس نے نذر مانی ہو اور اس کی تعیین بھی کی ہو تو اس اسے پورا کرنا لازم ہوگا ۔- قول باری ذلک کفارۃ ایمانکم کا تعلق اس قسم کے ساتھ ہے جو اللہ کے نام پر جان بوجھ کر کسی امر مستقبل کے بارے میں کھائی گئی ہو جسے یمین منعقدہ کہا جاتا ہے جبکہ نذر کی صورتوں کی بنیاد وہ آیات ہیں جن کا ہم نے ابھی نذر پوری کرنے کے لزوم کے سلسلے میں ذکر کیا ہے۔ قول باری ہے واحفظو ایمانکم تم اپنی قسموں کی حفاظت کرو کچھ لوگوں کا قول ہے کہ قسم قسم توڑنے سے اپنے آپ کو بچائو اور قسم کھا کر قسم توڑ دینے سے پرہیز کرو اور ڈرتے رہو، اگرچہ قسم توڑنا کوئی گناہ کی بات نہیں ہے۔ دوسرے حضرات کا قول ہے ۔ قسمیں کم کھایا کرو جس طرح یہ قول باری ہے ولا تجعلوا اللہ عرضۃ لایامانکم اور اللہ تعالیٰ کی ذات کو اپنی قسموں کا نشانہ نہ بنا لو ا ن حضرات نے شاعر کے اس قول سے استشہاد کی ہے۔- ؎ قلیل الالایا حافظ لیمینہ اذا بدرت منہ الالیۃ برت - اس کی قسمیں بہت قلیل ہیں اور وہ اپنی قسم کی حفاظت کرتا ہے جب کہ اس کے منہ سے کوئی قسم نکل جاتی ہے تو وہ پوری بھی ہوجاتی ہے۔ - کچھ دوسرے حضرات کا قول ہے کہ قسموں کو اس طرح نگہداشت کرو کہ قسم توڑنے پر کفارہ ادا کر دو ۔ اس لیے کہ کسی چیز کی حفاظت اس چیز کی نگہداشت کا نام ہے۔ یہی بات درست ہے۔ آیت کی پہلی تاویل بےمعنی ہے۔ اس لیے کہ قسم اگر کسی معصیت کے ارتکاب کے لیے نہ کھائی گئی ہو تو اسے توڑ دینے سے روکا نہیں گیا ہے۔ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کا ارشاد ہے من حلف علی یمین فرای غیر ھا خیراً منھا فلیات بالذیھو خیرو لیکفرعن یمینہ آپ نے قسم کھانے والے کو قسم توڑنے کا حکم دیا ۔ ارشاد باری بھی ہے ولا یاتل اولوا الفضل منکم والسعۃ ان یوتوا اولی القربی والمساکین والمھاجرین فی سبیل اللہ ولیحفوا ولیصفوا جول گو تم میں بزرگی اور بیعت والے ہیں وہ قرابت والوں کو اور مسکینوں کو اور ہجرت فی سبیل اللہ کرنے والوں کو دینے سے قسم نہ کھا بیٹھیں ۔ چاہیے کہ معاف کرتے رہیں اور در گزر کرتے رہیں تا آخر آیت ۔ روایت میں ہے کہ یہ آیت مسطح بن اثاثہ کے بارے میں نازل ہوئی جب حضرت ابوبکر (رض) نے ان پر کچھ خرچ نہ کرنے کی قسم کھالی تھی ، اس کی وجہ یہ تھی کہ مسطح نے افک کے واقعہ کے سلسلے میں بڑی سرگرمی دکھائی تھی ۔ حضرت ابو یکر (رض) اس شخص کی مدد کرتے رہتے تھے یہ ان کا رشتہ دار بھی تھا۔ اللہ تعالیٰ نے حضرت ابوبکر (رض) کو اپنی قسم توڑ دینے کا حکم دے دیا اور اس شخص کی دوبارہ کفالت کا امر فرمایا چناچہ حضرت ابوبکر (رض) نے اللہ کے اس حکم کے مطابق اپنی قسم توڑ دی اور پھر سے اس کی مدد شروع کردی ۔ اللہ تعالیٰ نے حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو بھی اپنی قسم توڑ دینے کا حکم دیا تھا۔ چناچہ ارشاد ہے یایھا النبی لم تحرم ما احل الہ لک اے نبی آپ کیوں اپنے اوپر وہ چیز حرام کرتے ہیں جو اللہ نے آپ کے لیے حلال کردی ہے تا قول باری اقد فرض اللہ لکم تحلۃ ایمانکم اللہ تعالیٰ نے تم لوگوں پر اپنی قسمیں کھول دینا فرض کردیا ہے یعنی کفار ہ دے کر اور دوبارہ اس چیز کی طرف رجوع کر کے جو اپنے اوپر حرام کرلی ہو۔- اس سے یہ بات ثابت ہوگئی کہ جب کسی معصیت کے ارتکاب کی قسم نہ کھائی گئی ہو تو اس صورت میں قسم توڑ دینے سے روکا نہیں گیا ہ۔ اس لیے قول باری واحفظو ایمانکم سے قسم توڑنے کی نہی مراد لینا درست نہیں ہوگا ۔ جن لوگوں کا یہ قول ہے کہ آیت میں قسم کھانے کی نہی ہے اور اس سلسلے میں انہوں نے شاعر کے شعر سے استشہاد کیا ہے ان کا قول بھی انتہائی کمزور اور ساقط ہے۔ اس لیے کہ قسم کی حفاظت کے حکم کو نہی پر محمول کرنا کسی طرح درست نہیں ہے ۔ جس طرح یہ کہنا درست نہیں ہے اپنے مال کی حفاظت کر یعنی مال نہ حاصل کر شاعر کے شعر کا مفہم ہمارے قول کے مطابق ہے یعنی کفارہ ادا کرنے کے لیے قسم توڑنے کی رعات کی جائے۔ اس لیے کہ شاعر نے پہلے مصرعہ میں یہ بتایا ہے کہ مذکورہ شخص کی قسمیں بہت کم ہیں ۔ پھر کہا کہ وہ اپنی قسم کی حفاظت کرتا ہے یعنی وہ اس کی نگہداشت کرتا ہے تا کہ قسم توڑنے کی صورت میں اس کا کفارہ ادا کر دے۔ اگر شعر کا وہ مفہوم ہوتا جو استشہاد کرنے والے نے بیان کیا ہے تو اس میں اسی بات کی تکرار لازم آ جاتی جو اس نے پہلے بیان کردی تھی اس لیے یہ بات درست ہے کہ آیت میں قسم کی نگہداشت کا حکم ہے تا کہ حنث کی صورت میں اس کا کفارہ اد ا کرے۔
(٨٧۔ ٨٨) یہ آیت کریمہ اصحاب رسول اکرم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) میں سے دس حضرات یعنی حضرت ابوبکر صدیق (رض) ، حضرت عمرفاروق (رض) ، حضرت (علیہ السلام) عثمان بن مظعون، (رض) حضرت علی، حضرت عبداللہ بن مسعود (رض) ، حضرت مقدادرضی اللہ تعالیٰ عنہ، حضرت سالم مولی ابی حذیفہ (رض) حضرت سلمان فارسی (رض) ، حضرت ابوذر (رض) ، حضرت عمار بن یاسر (رض) کے بارے میں نازل ہوئی ہے کہ ان سب حضرات نے حضرت عثمان (رض) بن مظعون کے گھر میں اس بات پر اتفاق کیا بقدر ضرور کھائیں گے اور پیں گے اور نہ بیبیوں کے پاس جائیں گے اور نہ گوشت کا کھائیں گے اور نہ چربی کھائیں گے اللہ کی رضا کے لیے صرف راہبانہ زندگی بسر کریں گے، اللہ تعالیٰ نے ان حضرات کو اس چیز سے منع فرمایا کہ کھانے پینے اور صحبت وغیرہ کو حرام مت کرو اور حدود شرعیہ میں حلال و حرام کی جو حدیں مقرر ہیں ان سے تجاوز مت کرو، اور حلال چیزیں کھاؤ اور پیو اور ان حلال چیزوں کو اپنے اوپر حرام مت کرو۔- شان نزول : (آیت) ” یایھا الذین امنوا ”(الخ)- امام ترمذی (رح) وغیرہ نے ابن عباس (رض) سے روایت کیا ہے کہ ایک شخص رسول اکرم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی خدمت میں حاضر ہوا اور عرض کیا یا رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) میں جس وقت گوشت کھاتا ہوں تو عورتوں کے لیے ہیجان ہوجاتا ہے اور شہوت کا غلبہ ہوجاتا ہے، اس لیے میں نے اپنے اوپر گوشت کو حرام کرلیا ہے، اس پر اللہ تعالیٰ نے یہ آیت نازل فرمائی کہ جو شخص اس نے تمہارے لیے حلال کی ہیں ان میں سے لذیذ چیزیں اپنے اوپر حرام مت کرو۔- اور ابن جریر (رح) نے عوفی کے واسطہ سے ابن عباس (رض) سے روایت کیا ہے کہ صحابہ کرام (رض) میں سے کچھ حضرات نے جن میں عثمان بن مظعون بھی تھے، گوشت اور عورتوں کے اپنے حرام کرلیا تھا اور اپنے عضو تنا سل کے کاٹے کا ارادہ کرلیا تھا تاکہ شہوت بالکل ختم ہوجائے اور عبادت خداوندی کے لیے کامل طور پر فارغ ہوجائیں، تب یہ آیت نازل ہوئی ،- نیز اسی طرح عکرمہ (رض) ، ابوقلابہ، مجاہد، ابومالک نخعی اور سدی وغیرہ کی مرسل روایتیں نقل کی ہیں جن میں سدی کی روایت میں ہے کہ وہ دس حضرات تھے جن میں ابن مظعون (رض) اور علی ابن ابی طالب (رض) بھی تھے۔- اور عکرمہ کی روایت میں ابن مضعون، حضرت علی، ابن مسعود، مقداد بن اسود اور سالم مولی ابوحذیفہ (رض) کا ذکر ہے اور مجاہد کی روایت میں ابن مظعون (رض) اور عبداللہ بن عمر (رض) کا ذکر ہے۔- اور ابن عساکر (رح) نے اپنی تاریخ میں بواسطہ سدی صغیر، کلبی، ابوصالح، ابن عباس (رض) سے روایت کیا ہے کہ یہ آیت صحابہ کرام کی ایک جماعت کے بارے میں نازل ہوئی ہے۔- جن میں حضرت ابوبکر صدیق (رض) ، حضرت عمر (رض) ، حضرت علی (رض) ، حضرت ابن مسعود (رض) ، حضرت عثمان بن مظعون (رض) ، مقداد بن اسود (رض) اور سالم مولی ابی حذیفہ (رض) تھے یہ سب اس پر متفق ہوئے کہ اللہ کی طرف کامل توجہ اور محض اس کی عبادت کے لیے سب اپنے عضوتناسل کاٹ ڈالیں اور عورتوں سے علیحدہ رہیں اور گوشت وچربی نہ کھائیں، اور ٹاٹ پہنیں اور بقدر ضرورت کھائیں، اور زمین میں راہبوں کی طرح پھریں ان کے بارے میں یہ آیت نازل ہوئی۔- اور ابن ابی حاتم (رح) نے زید بن سلم سے روایت کیا ہے کہ عبداللہ بن رواحہ (رض) کے رشتہ داروں میں سے ایک مہمان آیا اور عبداللہ بن رواحہ (رض) رسول اکرم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے پاس تھے جب اپنے گھر آئے تو دیکھا کہ مہمان نے ان کے انتظار میں ابھی تک کھانا نہیں کھایا، تو اپنی بیوی سے کہا کہ میری وجہ سے ابھی تک میرے مہمان کو بٹھائے رکھا یہ کھانا مجھ پر حرام ہے ان کی بیوی بولیں کہ میرے اوپر بھی حرام ہے، مہمان نے کہا تو پھر مجھ پر بھی حرام ہے۔ حضرت عبداللہ بن رواحہ (رض) نے جب یہ دیکھا تو کھانے پر ہاتھ رکھا اور فرمایا چلو بسم اللہ پڑھ کر کھالو ،۔- اس کے بعد رسول اکرم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی خدمت میں تشریف لے گئے اور آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے سارا واقعہ بیان کیا تب اللہ تعالیٰ نے یہ آیت نازل فرمائی۔
کھانے پینے کی چیزوں میں حلتّ و حرمت اور تحلیل و تحریم الہامی شریعتوں کا ایک اہم موضوع رہا ہے۔ قرآن حکیم میں بھی بار بار ان مسائل پر بحث کی گئی ہے اور یہ موضوع سورة البقرۃ سے مسلسل چل رہا ہے۔ عربوں کے ہاں نسل در نسل رائج مشرکانہ اوہام کی وجہ سے بہت سی چیزوں کے بارے میں حلّت و حرمت کے غلط تصورات ذہنوں میں پختہ ہوچکے تھے۔ اس قسم کے خیالات ذہنوں ‘ دلوں اور مزاجوں سے نکلنے میں وقت لگتا ہے۔ اس لیے بار بار ان مسائل کی طرف توجہ دلائی جار ہی ہے ۔- آیت ٨٧ (یٰٓاَیُّہَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا لاَ تُحَرِّمُوْا طَیِّبٰتِ مَآ اَحَلَّ اللّٰہُ لَکُمْ ) (وَلاَ تَعْتَدُوْا ط) - بعض اوقات ایسا بھی ہوتا ہے کہ کچھ لوگ تقویٰ کے جوش میں اور بہت زیادہ نیکی کمانے کے جذبے میں بھی کئی حلال چیزوں کو اپنے اوپر حرام کر بیٹھتے ہیں ‘ اس لیے فرمایا گیا کہ حد سے تجاوز نہ کرو۔
سورة الْمَآىِٕدَة حاشیہ نمبر :104 اس آیت میں دو باتیں ارشاد ہوئی ہیں ۔ ایک یہ کہ خود حلال و حرام کے مختار نہ بن جاؤ ۔ حلال وہی ہے جو اللہ نے حلال کیا اور حرام وہی ہے جو اللہ نے حرام کیا ۔ اپنے اختیار سے کسی حلال کو حرام کرو گے تو قانون الہٰی کے بجائے قانون نفس کے پیرو قرار پاؤ گے ۔ دوسری بات یہ کہ عیسائی راہبوں ، ہندو جوگیوں ، بودھ مذہب کے بھکشووں اور اشراقی متصوفین کی طرح رہبانیت اور قطع لذات کا طریقہ اختیار نہ کرو ۔ مذہبی ذہنیت کے نیک مزاج لوگوں میں ہمیشہ سے یہ میلان پایا جاتا رہا ہے کہ نفس و جسم کے حقوق ادا کرنے کو وہ روحانی ترقی میں مانع سمجھتے ہیں اور یہ گمان کرتے ہیں کہ اپنے آپ کو تکلیف میں ڈالنا ، اپنے نفس کو دنیوی لذتوں سے محروم کرنا ، اور دنیا کے سامان زیست سے تعلق توڑنا ، بجائے خود ایک نیکی ہے اور خدا کا تقرب اس کے بغیر حاصل نہیں ہو سکتا ۔ صحابہ کرام میں بھی بعض لوگ ایسے تھے جن کے اندر یہ ذہنیت پائی جاتی تھی ۔ چنانچہ ایک مرتبہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو معلوم ہوا کہ بعض صحابیوں نے عہد کیا ہے کہ ہمیشہ دن کو روزہ رکھیں گے ، راتوں کو بستر پر نہ سوئیں گے بلکہ جاگ جاگ کر عبادت کرتے رہیں گے ، گوشت اور چکنائی استعمال نہ کریں گے ، عورتوں سے واسطہ نہ رکھیں گے ۔ اس پر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک خطبہ دیا اور اس میں فرمایا کہ” مجھے ایسی باتوں کا حکم نہیں دیا گیا ہے ۔ تمہارے نفس کے بھی تم پر حقوق ہیں ۔ روزہ بھی رکھو اور کھاؤ پیو بھی ۔ راتوں کو قیام بھی کرو اور سوؤ بھی ۔ مجھے دیکھو ، میں سوتا بھی ہوں اور قیام بھی کرتا ہوں ۔ روزے رکھتا بھی ہوں اور نہیں بھی رکھتا ۔ گوشت بھی کھاتا ہوں اور گھی بھی ۔ پس جو میرے طریقے کو پسند نہیں کرتا وہ مجھ سے نہیں ہے“ ۔ پھر فرمایا” یہ لوگوں کو کیا ہو گیا ہے کہ انہوں نے عورتوں کو اور اچھے کھانے کو اور خوشبو اور نیند اور دنیا کی لذتوں کو اپنے اوپر حرام کر لیا ہے؟ میں نے تو تمہیں یہ تعلیم نہیں دی ہے کہ تم راہب اور پادری بن جاؤ ۔ میرے دین میں نہ عورتوں اور گوشت سے اجتناب ہے اور نہ گوشہ گیری و عزلت نشینی ہے ۔ ضبط نفس کے لیے میرے ہاں روزہ ہے ، رہبانیت کے سارے فائدے یہاں جہاد سے حاصل ہوتے ہیں ۔ اللہ کی بندگی کرو ، اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ کرو ، حج و عمرہ کرو ، نماز قائم کرو اور زکوٰۃ دو اور رمضان کے روزے رکھو ۔ تم سے پہلے جو لوگ ہلاک ہوئے وہ اس لیے ہلاک ہوئے کہ انہوں نے اپنے اوپر سختی کی ، اور جب انہوں نے خود اپنے اوپر سختی کی تو اللہ نے بھی ان پر سختی کی ۔ یہ انہی کے بقایا ہیں جو تم کو صومعوں اور خانقاہوں میں نظر آتے ہیں“ ۔ اسی سلسلہ میں بعض روایات سے یہاں تک معلوم ہوتا ہے کہ ایک صحابی کے متعلق نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے سنا کہ وہ ایک مدت سے اپنی بیوی کے پاس نہیں گئے ہیں اور شب و روز عبادت میں مشغول رہتے ہیں تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے بلا کر ان کو حکم دیا کہ ابھی اپنی بیوی کے پاس جاؤ ۔ انہوں نے کہا کہ میں روزے سے ہوں ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا روزہ توڑ دو اور جاؤ ۔ حضرت عمر رضی اللہ عنہ کے زمانہ میں ایک خاتون نے شکایت پیش کی کہ میرے شوہر دن بھر روزہ رکھتے ہیں اور رات بھر عبادت کرتے ہیں اور مجھ سے کوئی تعلق نہیں رکھتے ۔ حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے مشہور تابعی بزرگ ، کعب رضی اللہ عنہ بن سَور الاَزْدِی کو ان کے مقدمہ کی سماعت کے لیے مقرر کیا ، اور انہوں نے فیصلہ دیا کہ اس خاتون کے شوہر کو تین راتوں کے لیے اختیار ہے کہ جتنی چاہیں عبادت کریں مگر چوتھی رات لازماً ان کی بیوی کا حق ہے ۔ سورة الْمَآىِٕدَة حاشیہ نمبر :105 ” حد سے تجاوز کرنا“ وسیع مفہوم کا حامل ہے ۔ حلال کو حرام کرنا اور خدا کی ٹھیرائی ہوئی پاک چیزوں سے اس طرح پرہیز کرنا کہ گویا کہ وہ ناپاک ہیں ، یہ بجائے خود ایک زیادتی ہے ۔ پھر پاک چیزوں کے استعمال میں اسراف اور افراط بھی زیادتی ہے ۔ پھر حلال کی سرحد سے باہر قدم نکال کر حرام کے حدود میں داخل ہونا بھی زیادتی ہے ۔ اللہ کو یہ تینوں باتیں ناپسند ہیں ۔
58: جس طرح حرام چیزوں کو حلال سمجھنا گناہ ہے، اسی طرح جو چیزیں اللہ نے حلال کی ہیں ان کو حرام سمجھنا بھی بڑا گناہ ہے، مشرکین مکہ اور یہودیوں نے ایسی بہت سی چیزوں کو اپنے اوپر حرام کر رکھا تھا جس کی تفصیل ان شاء اللہ سورۂ انعام میں آئے گی۔