अगर नफ़ा क़रीब होता और सफ़र हल्का होता तो वे ज़रूर आपके पीछे हो लेते मगर यह मंज़िल उन पर कठिन हो गई, अब वे अल्लाह की क़समें खाएंगे कि अगर हमसे हो सकता तो हम ज़रूर तुम्हारे साथ चलते, वे अपने आपको हलाकत में डाल रहे हैं, और अल्लाह जानता है कि ये लोग यक़ीनन झूठे हैं।
اگرجلدی ملنے والامال اوردرمیانہ سفرہوتاتووہ ضرورآپ کے پیچھے جاتے لیکن مسافت انہیں دورمعلوم ہوئی اورعنقریب وہ اﷲ تعالیٰ کی قسمیں کھائیں گے کہ اگر ہم استطاعت رکھتے توہم ضرورتمہارے ساتھ نکلتے۔وہ اپنی جانوں کو ہلاک کررہے ہیں اوراﷲ تعالیٰ جانتا ہے کہ وہ لوگ بلاشبہ ضرورجھوٹے ہیں۔
اگر لقمہ تر ہوتا اور سفر آسان ، تو یہ تمہارے پیچھے ضرور لگ جاتے ۔ لیکن ان پر یہ منزل کٹھن ہوگئی اور اب یہ اللہ کی قسمیں کھائیں گے کہ اگر ہم نکل سکتے تو تمہارے ساتھ ضرور نکلتے ۔ یہ خود اپنے آپ کو ہلاکت میں ڈال رہے ہیں اور اللہ جانتا ہے کہ یہ بالکل جھوٹے ہیں ۔
۔ ( اے رسول ( ص ) ) اگر فائدہ قریب اور سفر آسان ہوتا تو یہ ( منافق ) ضرور تمہارے پیچھے چلتے لیکن انہیں راہ دور کی دکھائی دی ( اس لئے قطعِ مسافت دشوار ہوگئی ) وہ عنقریب اللہ کے نام کی قَسمیں کھا کھا کر کہیں گے کہ اگر ہم مقدور رکھتے تو ضرور آپ کے ساتھ نکلتے ۔ یہ لوگ ( جھوٹی قَسمیں کھا کر ) اپنے کو ہلاکت میں ڈال رہے ہیں اور اللہ جانتا ہے کہ وہ قطعاً جھوٹے ہیں ۔
اے نبی اگر فائدہ سہل الحصول ہوتا اور سفر ہلکا ہوتا تو وہ ضرور تمہارے پیچھے چلنے پر آمادہ ہو جاتے ، مگر ان پر تو یہ راستہ بہت کٹھن ہو گیا ۔ 44 اب وہ خدا کی قسم کھا کھا کر کہیں گے کہ اگر ہم چل سکتے تو یقیناً تمہارے ساتھ چلتے! وہ اپنے آپ کو ہلاکت میں ڈال رہے ہیں ۔ اللہ خوب جانتا ہے کہ وہ جھوٹے ہیں ۔ ؏ ٦
اگر ( ملنے والا ) مال نزدیک ہوتا اور سفر بھی آسان ہوتا تو ضرور وہ آپ کے ساتھ ہو لیتے لیکن انہیں سفر بہت دور کا نظر آیا ۔ اور عنقریب وہ اﷲ ( تعالیٰ ) کی قسمیں کھائیں گے کہ اگر ہم میں طاقت ہوتی تو ہم ضرور آپ کے ساتھ نکلتے ۔ وہ اپنی جانوں کو ہلاک کر رہے ہیں اور اﷲ ( تعالیٰ ) جانتے ہیں کہ بلاشبہ وہ قطعاً جھوٹے ہیں ۔
اگر دنیا کا سامان کہیں قریب ملنے والا ہوتا ، اور سفر درمیانہ قسم کا ہوتا ، تو یہ ( منافق لوگ ) ضرور تمہارے پیچھے ہو لیتے ، لیکن یہ کٹھن فاصلہ ان کے لیے بہت دور پڑگیا ۔ اور اب یہ اللہ کی قسمیں کھائیں گے کہ اگر ہم میں استطاعت ہوتی تو ہم ضرور آپ کے ساتھ نکل جاتے ۔ یہ لوگ اپنی جانوں کو ہلاک کر رہے ہیں اور اللہ خوب جانتا ہے کہ یہ جھوٹے ہیں ۔
اگر جلدوصول ہونے والامال واسباب نظر آتا اور سفربھی مختصرساہوتاتویہ ( منافق ) آپ کے ساتھ ہولیتے مگریہ مسافت انہیں کٹھن معلوم ہوئی تو اللہ کی قسمیں کھائیں گے کہ :اگرہم میں قوت وطاقت ہوتی تو ہم یقیناآپ کے ساتھ نکلتے یہ لوگ اپنے آپ کو ہی ہلاک کررہے ہیں اور اللہ خوب جانتا ہے کہ یہ یقینا جھوٹے ہیں
اگر کوئی قریب مال یا متوسط سفر ہوتا ( ف۱۰۰ ) تو ضرور تمہارے ساتھ جاتے ( ف۱۰۱ ) مگر ان پر تو مشقت کا راستہ دور پڑ گیا ، اور اب اللہ کی قسم کھائیں گے ( ف۱۰۲ ) کہ ہم سے بن پڑتا تو ضرور تمہارے ساتھ چلتے ( ف۱۰۳ ) اپنی جانو کو ہلاک کرتے ہیں ( ف۱۰٤ ) اور اللہ جانتا ہے کہ وہ بیشک ضرور جھوٹے ہیں ،
اگر مالِ ( غنیمت ) قریب الحصول ہوتا اور ( جہاد کا ) سفر متوسط و آسان تو وہ ( منافقین ) یقیناً آپ کے پیچھے چل پڑتے لیکن ( وہ ) پُرمشقّت مسافت انہیں بہت دور دکھائی دی ، اور ( اب ) وہ عنقریب اللہ کی قَسمیں کھائیں گے کہ اگر ہم میں استطاعت ہوتی تو ضرور تمہارے ساتھ نکل کھڑے ہوتے ، وہ ( ان جھوٹی باتوں سے ) اپنے آپ کو ( مزید ) ہلاکت میں ڈال رہے ہیں ، اور اللہ جانتا ہے کہ وہ واقعی جھوٹے ہیں